امریکی ماہرِ تعمیرات فرینک لائیڈ رائٹ نے اپنی زندگی میں 1,000 سے زائد عمارتوں کے نقشے [ڈیزائن] تیار کیے۔ جنوب مغربی پینسلوینیا کے دیہی علاقے میں ڈیزائن کیے گئے ‘فالنگ واٹر’ یعنی آبشار نامی گھر کا شمار اِن کی ڈیزائن کی گئی مشہورترین عمارتوں میں ہوتا ہے۔
یہ گھر فالنگ واٹر کہلاتا ہے اور اس کی ایک وجہ ہے: اور وہ یہ ہے کہ یہ ‘بیئر رن’ نامی پہاڑی دریا کی وجہ سے بننے والی ایک آبشار کے اوپر واقع ہے۔ آبشار اس گھر کا ایک حصہ ہے۔ پانی گرنے کی آواز آپ کو گھر کے ایک بیڈ روم میں سنائی دیتی ہے۔ ڈرائنگ روم میں آپ پانی کو اپنے پاؤں تلے بہتا ہوا دیکھتے ہیں۔
یہ گھر اب ایک میوزیم ہے جس میں انسان کی ڈیزائن کی گئی چیزوں کو قدرتی ماحول میں موجود پتھروں، پھولوں اور پانی کو شامل کر کے، فطرت کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ اس گھر میں بہت سی کھلی جگہیں ہیں۔ دیواروں پر آرٹ یا تصویروں کی بجائے بڑی بڑی کھڑکیاں ہیں۔
رائٹ نے 1935ء میں یہ گھر پِٹس برگ میں ایک ڈیپارٹمنٹ سٹور کے مالکان، ایڈگر اور للین کافمین کے لیے ڈیزائن کیا تھا۔ یہ گھر اتنا دلکش تھا کہ رائٹ اور اس گھر کی تصاویر 1938 ء میں رسالے ٹائمز کے سرورق پر چھاپی گئیں۔
سمتھسونین میگزین نے فالنگ واٹر کے بارے میں لکھا کہ یہ امریکہ کے اُن معدودے چند ایک مقامات میں سے ایک ہے جسے ہر امریکی کو لازماً دیکھنا چاہیے۔
گزشتہ 50 سالوں میں 40 لاکھ سے زیادہ امریکی یہ گھر دیکھ چکے ہیں۔ سائنسدان البرٹ آئین سٹائن، اس وقت کے صدر فرینکلن ڈیلانو روزویلٹ اور اداکارہ انگرِد برگمین سمیت بہت سے نامور لوگ فالنگ واٹر دیکھنے جا چکے ہیں۔
22 اپریل یومِ ارض ہے آپ بھی اس گھر کی سیر کر کے یہ دن منائیے۔ اس کے لیے آپ ذیل میں دی گئی وڈیو پر صرف کلک کریں۔