“آف ایئر الیکشنز” کیا ہوتے ہیں اور اِن کی اہمیت کیوں ہوتی ہے؟

Row of various red, white and blue “Vote” pins (© Leigh Prather/Shutterstock)
(© Leigh Prather/Shutterstock)

ہو سکتا ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات دنیا بھر کی توجہ حاصل کرتے ہوں تاہم 2 نومبر جیسے “آف ایئر” انتخابات بھی اہم ہوتے ہیں۔

امریکی اس نومبر میں دو ریاستوں میں گورنروں اور قانون سازوں اور تقریباً 250 شہروں میں میئرں اورمیامی اور نیویارک سٹی سمیت متعدد مقامی عہدیداروں کا انتخاب کرنے کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔

کئی ریاستوں کے ووٹروں کو خود پالیسی بنانے کا موقع بھی ملے گا۔ انہیں بیلٹ پیپر پر پوچھے گئے سوالات کے جوابات دینا ہوں گے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا مخصوص ٹیکسوں کو بڑھانا ہے یا کم کرنا ہے، مخصوص اقسام کے جوئے کی اجازت دینا ہے یا نہیں، اور دیگر ریاستی اقدامات کے علاوہ ججوں کے چناؤ کے طریقے کو تبدیل کرنا ہے یا نہیں۔

آف ایئر الیکشنز امریکہ کے عام انتخابات ہوتے ہیں جو جفت نمبر کے برسوں میں ہونے والے وفاقی انتخابات کے برعکس  طاق نمبر والے برسوں کے دوران ہوتے ہیں۔ یہ تب ہوتے ہیں جب نہ تو صدارتی انتخابات ہو رہے ہوتے ہیں اور نہ ہی وسطی مدت کے انتخابات ہو رہے ہوتے ہیں۔ مؤخر الذکر کا تعلق امریکی کانگریس کے انتخابات سے ہے جو صدر کی چار سالہ مدت میں تقریباً دو سال بعد منعقد کیے جاتے ہیں۔

ایک افریقی نژاد امریکی پولنگ بوتھ میں اپنا ووٹ ڈال رہا ہے۔ (© LightField Studios/Shutterstock)
دو ریاستوں سمیت مختلف علاقوں میں ووٹر 2021 کے آف ایئر انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے۔ (© LightField Studios/Shutterstock)

50 ریاستوں میں سے صرف نیو جرسی اور ورجینیا میں اس نومبر میں گورنروں کے انتخابات ہو رہے ہیں۔ وہاں کے ووٹر اپنے گورنر اور ریاستی قانون سازوں کا انتخاب کریں گے۔ ریاستی انتخابات کے انعقاد کے لیے طاق سال کا انتخاب کرنے کی ایک وجہ صدارتی اور وفاقی مسائل کو مقامی مسائل سے الگ رکھنا ہے۔

شہروں کی سطح پر نیویارک اور میامی کے علاوہ، 2021 میں بوسٹن، سِن سنیٹی، ڈیٹرائٹ، پٹسبرگ، سی ایئٹل اور سینٹ لوئس ان شہروں میں شامل ہیں جن کے ووٹر اپنے شہروں کے میئروں کا انتخاب کریں گے۔

بہت سی سٹی کونسلوں اور مقامی سکول ڈسٹرکٹوں کی نشستوں کا فیصلہ بھی اس سال کیا جائے گا، جنہیں “آف سائیکل” انتخابات کہا جاتا ہے۔

مقامی سطح پر منتخب شدہ پالیسی سازوں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے ریاستی اور بلدیاتی انتخابات اہم ہوتے ہیں۔ ریاستی قانون سازوں کی نیشنل کانفرنس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ٹِم سٹوری نے نیو یارک ٹائمز کو ریاستی سطح کے اداروں کے بارے میں بتایا،  “جس جگہ میں کھڑا ہوں، وہاں سے کانگریس کے مقابلے [مقامی طور پر منتخب شدہ پالیسی ساز] عام شہریوں کی زندگی پر بہت زیادہ اثر ڈالتے ہیں۔”

اس سال نومبر میں ووٹروں کے سامنے بیلٹ پیپروں پر صرف امیدوار ہی نہیں ہیں۔ ووٹروں سے توقع ہے کہ وہ ٹیکس سے لے کر عدالتی تقاضوں تک کے مسائل پر آئندہ 2 نومبر کو ایک اندازے کے مطابق 24 ریاستوں میں بیلٹ پر پوچھے گئے سوالات کے بارے میں اپنی رائے دیں گے۔”

آف ایئر، وسط مدتی، صدارتی اور مقامی انتخابی مقابلوں کے نتائج سبھی اہم ہوتے ہیں۔ جیسا کہ امریکہ کے سولہویں صدر، ابراہم لنکن کے اس قول کا وسیع پیمانے پر حوالہ دیا جاتا ہے، “انتخابات عوام کے ہوتے ہیں۔ فیصلہ اُن کا ہوتا ہے۔”

امریکہ میں وفاقیت کے کام کرنے کے طریقوں کے بارے میں مزید جاننے کے لیے، وفاقی، ریاستی اور مقامی حکومت پر ہماری تین حصوں کی سیریز پڑھیں۔