دنیا بھر میں ایسی بہت سی دور افتادہ اور الگ تھلگ بستیاں ہیں جہاں بنیادی قسم کے سادہ سے موبائل فون طبی کارکنوں کے متبادل اور سمارٹ فون تشخیص کرنے والے کلینک کے طور پرکام کر رہے ہیں۔

دستی آلات خاص، بالخصوص سادہ اور کم قیمت موبائل فونوں نے علاج کی سہولتوں تک لوگوں کی رسائی میں اضافہ کر دیا ہے اور انہیں زیادہ موثر بنا دیا ہے۔ اس لیے کہ اب طبی کارکن ٹیکسٹ کے ذریعے صحت سے متعلق ہدایات بھیج سکتے ہیں، مریضوں کا ریکارڈ ، وباؤں کے خطرات پر نظر اور طبی سازو سامان کی فراہمی اور ذخیرے کا حساب کتاب رکھ سکتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں والدین حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے بچوں کو پیشگی رجسٹر کروا سکتے ہیں ۔ ما ما ساؤ تھ افریقہ (mHealth) جیسے گشتی شفاخانوں کے پروگرام، زچگی کے دوران سینکڑوں ہزاروں عورتوں اور بچوں کی صحت کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔
بعض صورتوں میں وہ مریض جن کے قریب کوئی شفاخانہ نہیں ہوتا، اپنے قریب ترین شفا خانے تک پہنچنے کے لیے گھنٹوں یا کئی دنوں تک سفر کرنے کی بجائے ایک ایسے سمارٹ فون پر انحصار کرسکتے ہیں جس میں تشخیص کرنے والے ایپس نصب ہوتے ہیں۔
کمیونٹی کی مرکزی حیثیت
ہیلتھ مارکیٹ کی جدت طرازیوں کے سینٹر کی کرسٹینا سائینو وِچ کے کہنے کے مطابق، گشتی شفا خانے چلانے کے لیے وہ لوگ زیادہ بہتر پوزیشن میں ہوتے ہیں جنہوں نے یہ کام نیا نیا شروع کیا ہو۔ اس لیے کہ ایسے لوگ عام طور پر سرکاری اداروں یا بڑی کمپنیوں کے مقابلے میں اپنے حالات سے زیادہ آسانی سے مطابقت پیدا کر لیتے ہیں اور مریضوں پر بہت بہتر طریقے سے توجہ دیتے ہیں۔

میڈک موبائل کے نام سے شروع کیے جانے والے اسی قسم کے ایک نئے پروگرام میں ماؤں اور بچوں کی صحت اور امراض کی نگرانی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یہ پروگرام 2009ء میں سٹینفورڈ یونیورسٹی کے طالب علم جاش نیسبٹ نے شروع کیا تھا۔ اس پروگرام کے تحت افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ میں کمیونٹی کی سطح پر کام کرنے والے طبی کارکنوں کو گشتی اور ویب کی بنیاد پر سافٹ ویئر کے پیکیج فراہم کیے جاتے ہیں۔
نیسبٹ کے خیال میں علاج معالجے کے مرکزی نظاموں کو کمیونٹی کی سطح پر ایسے نظاموں میں تبدیل کرنے کے لیے، جنہیں کہیں دور سے ہسپتال کے عملے کی مدد حاصل ہو، ٹیکنا لوجی “آسانیاں فراہم کرنے والا ایک بہت ہی اہم وسیلہ ہے۔”

میڈک موبائل نے اپنےنظام کو استعمال کرنے والے موجودہ 13,000 طبی کارکنوں کی تعداد کو 2020ء تک 2,00,000 تک بڑھانے کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے 50 سے زیادہ حکومتی اور غیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔ گروپ کے کہنے کے مطابق اُس وقت تک یہ گروپ 10 کروڑ مریضوں کی دیکھ بھال کرسکے گا۔
نیسبٹ کے تصّور میں یہ بات ہے کہ انجام کار میڈک موبائل کے بہترین ڈیجیٹل آلات، علاج معالجے کے قومی نظاموں کا حصہ بن جائیں گے۔ انہیں یقین ہے کہ ان کے گروپ اور mHealth یا گشتی شفاخانوں کی صورت میں دوسری کوششیں، علاج معالجے کے نظام میں انقلاب برپا کر دیں گی۔