
واشنگٹن میں اس روز سردی تھی اور غیر معمولی بارش ہو رہی تھی۔ کھلے آسمان تلے پروگرام کے لیے یہ دن اچھا نہیں تھا۔ مگر یہ موسم بھی احمدیہ مسلم یوتھ ایسوسی ایشن کے ایک درجن سے زائد ارکان کو ایک مقامی فوڈ بنک اور ایک بین الاقوامی فلاحی تنظیم کے لیے رقم جمع کرنے کی غرض سے 5 میل کے فاصلے کی دوڑ/پیدل چلنے کا بندوبست کرنے سے روک نہ سکا۔
اس دوڑ میں شامل ہونے والوں نے جو رقم اکٹھی کی، اس کا ایک حصہ “کیپیٹل ایریا فوڈ بنک” کو جائے گا جو واشنگٹن، ورجینیا اور میری لینڈ کی نواحی بستیوں میں غرباء کو کھانے پینے کا سامان مہیا کرنے پر خرچ کی جائے گی۔ یہ رقم صرف مسلمان کمیونٹیوں کے لیے ہی نہیں ہوگی بلکہ کسی بھی ضرورتمند شخص پر خرچ کی جاسکتی ہے۔
اس پروگرام کا نام “واک فار ہیومینٹی یو ایس اے” ہے اور حارث راجہ اس کے نیشنل ڈائریکٹر ہیں۔ وہ کہتے ہیں، “سب سے پہلے ہم اپنے ہمسایوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سب سے پہلے اپنی کمیونٹیوں کی خدمت کریں اور امریکہ میں ایک مثبتت تاثر پیدا ہو۔”
واشنگٹن کے مضافات میں واقع یونیورسٹی آف میری لینڈ سے تعلیم حاصل کرنے والے، حارث راجہ پیشے کے لحاظ سے سسٹمز انجینیئر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے گروپ کے فلاحی کام کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ مسلمان نوجوانوں میں کمیونٹی کے مفید رکن بننے کی صلاحیت اور جذبہ موجود ہے ۔
وہ کہتے ہیں، “ہم امریکہ میں یہ کام اس لیے کر رہے ہیں تا کہ اپنے امریکی ساتھیوں کو یہ بتا سکیں کہ ہمارے مذہب کا مقصد انسانیت کی مدد کرنا ہے اور یہ کہ ہمارا مذہب ہمیں لوگوں کی خدمت کرنا سکھاتا ہے۔ جو لوگ ہمیں جانتے ہیں، اور جو لوگ اچھے مسلمانوں کوجانتے ہیں، وہ آپ کو یہی بتائیں گے کہ محض یہ کہہ دینا کہ اسلام برا مذہب ہے یا تمام مسلمان برے ہوتے ہیں، صحیح نہیں ہے۔”
اس پروگرام سے حاصل ہونے والی آمدنی سے، فوڈ بنک کے علاوہ “ہیومینٹی فرسٹ یوایس اے” کے نام سے قائم ایک فلاحی تنظیم کی بھی مدد کی جاتی ہے۔ یہ تنظیم قدرتی آفات میں امداد اور فلاحی ترقی کے منصوبوں پر کام کرتی ہے۔
نوجوان مسلمانوں کے اس گروپ کا شمار ان بہت سے ایسے گروپوں میں ہوتا ہے جو سال بھر امریکہ میں عوامی خدمت اور فلاح کے کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ ہیوسٹن میں نوجوان مسلمانوں نے حال ہی میں ضرورت مندوں کی مدد کے لیے اپنے کام میں تیزی پیدا کی ہے۔ وہ حالیہ سیلابوں سے متاثر ہونے والے لوگوں کی مدد پر خاص طور سے توجہ دے رہے ہیں۔
امریکہ میں کام کرنے والے نوجوان مسلمانوں کے گروپوں میں سے چند ایک یہ ہیں۔ مثلاً:
- ڈیلس میں خدمت کے ماہانہ منصوبوں کو منظم کرنے والا گروپ
- نیو یارک میں کم آمدنی والی کمیونٹیوں میں گھر بنانے میں مدد دینے والا گروپ
- مشی گن میں بے گھر لوگوں کی مدد کرنے والے ایک مقامی کمیونٹی سنٹر میں رضاکارانہ کام کرنے والا گروپ
امریکہ بھر میں احمدیہ مسلم یوتھ ایسوسی ایشن کی 70 شاخیں اور 4,000 سے زیادہ ارکان ہیں۔ یہ تنظیم فلاڈیلفیا، نیویارک، ہیوسٹن اور لاس انجلیس سمیت امریکہ کے بہت سے شہروں میں “واک فار ہیومینٹی یوایس اے” کے نام سے پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔ 2012ء میں اپنی ابتدا سے لے کر اب تک، اس تنظیم نے $250,000 سے زیادہ رقم جمع کی ہے۔