وائٹ ہاؤس کی طرف سے 14 جولائی 2016 کو جاری کیا جانے والا صدر اوباما کا بیان
امریکی عوام کی طرف سے، میں فرانس کے شہر نیس میں بظاہردہشت گرد دکھائی دینے والےاُس ہولناک حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں جس میں درجنوں بے گناہ شہری مارے گئے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور اُن سے پیار کرنے والوں کے ساتھ ہیں اور ہم زخمیوں کی مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ میں نے اپنی ٹیم کو فرانسیسی عہدیداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ہم نے انہیں اس حملے کی تحقیقات کے لیے ہر قسم کی مدد کی پیشکش کی ہے تا کہ اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔ ہم اپنے سب سے پرانے اتحادی فرانس کے ساتھ، ایسے میں جب وہ اس حملے سے نمٹنے اور سنبھلنے کی کاروائیاں کر رہا ہے، اظہار یکجہتی کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یہ یومِ بیسٹیل ہمیں فرانس کی اُس غیر معمولی استقامت اور اُن جمہوری اقدار کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے فرانس کو پوری دنیا کے لیے ایک مثال بنا دیا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ جمہوریہ فرانس کا کردار زندگیوں کے اس تباہ کن اور المناک نقصان کے بعد بھی ایک طویل عرصے تک برقرار رہے گا۔