اعزازی برطانوی خطابات پانے والے امریکی خواتین و حضرات

انگلینڈ کے بادشاہِ وقت یا ملکہِ وقت سے ‘نائٹ’ کا خطاب پانے کے لیے برطانوی شہری ہونا یا اشرافیہ سے تعلق رکھنا ضروری نہیں ہوتا۔

برطانوی حکومت اور شاہی سفارشات کی بنا پر کئی درجن امریکی شہری بھی برطانیہ اور دنیا کے لیے قابل قدر خدمات کے اعتراف میں (مرد) اعزازی نائٹ اور (خواتین) ڈیمز [dames] کا اعزاز پا چکی ہیں۔

اگرچہ برطانوی حکومت اور تاج برطانیہ اس اعزاز کے لیے عموماً امریکہ کے اعلیٰ سطح  کے سول اور فوجی افسروں کا انتخاب کرتے ہیں تاہم آرٹس، سائنسی علوم، فلاحِ عامہ کے کاموں اور انسانی خدمات کے شعبے میں اپنی اپنی خدمات کے باعث دیگر لوگ بھی اعزازی طور پر “نائٹ ہُڈ” کا خطاب حاصل کر چکے ہیں۔

یہ اعزاز پانے والے برطانویوں کے برعکس غیربرطانویوں کو اپنے نام کے ساتھ ‘سر’ یا ‘لیڈی’ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ تاہم انہیں اپنے نام کے ساتھ  وہ حروف لکھنے کا حق حاصل ہوتا ہے جن سے انہیں عطا کیے جانے والے خصوصی درجے کی نشاندہی ہوتی ہے۔

Queen Elizabeth, Billy Graham, Ruth Graham, Prince Philip, the Queen Mother and Gerry Murphy (© Ron Bell/Press Association/AP Images)
بلی گراہم (بائیں سے دوسرے) اپنی اہلیہ رُوتھ اور ملکہ الزبتھ دوئم، شہزادہ فلپ اور ملکہِ مادر سمیت برطانیہ کے شاہی گھرانے کے ہمراہ۔ یہ تصویر 1984 ء میں گراہم کے سینڈرِنگ ہیم پیرش گرجا گھر میں تبلیغ کے فوراً بعد بنائی گئی تھی۔ گرجا گھر کے سربراہ، تقدس مآب گیری مرفی انتہائی بائیں جانب کھڑے ہیں۔ (© Ron Bell/Press Association/AP Images)

مثال کے طور پر 2001 میں ملکہ الزبتھ  دوئم نے امریکی ایونجلسٹ مبلغ  بلی گراہم کو مذہبی زندگی کے حوالے سے دنیا بھر میں ان کی خدمات پر ‘آنریری نائٹ کمانڈر آف دی آرڈر آف دی برٹش ایمپائر’کا خطاب دیا جس کے بعد وہ اپنے نام کے ساتھ ‘کے بی ای’ لکھنے کے مستحق ٹھہرے۔

1943 میں جب امریکی فوجی جنرل، ڈوائٹ ڈی آئزن ہاور جرمن فوجوں کے خلاف اتحادی جنگ میں برسرپیکار تھے تو انہیں ‘موسٹ آنریبل آرڈر آف دی باتھ، نائٹ گرینڈ کراس’ کا اعزاز ملا۔ یہ اعزاز 1725ء میں شاہ جارج اول نے فوجی خدمات یا مثالی سویلین کارناموں کے اعتراف میں جاری کیا تھا۔ چند سال بعد آئزن ہاور نے ایک اضافی ‘برٹش آرڈر آف میرٹ’ بھی حاصل کیا۔ وہ 1953 میں امریکہ کے صدر بنے۔

Ronald Reagan and Queen Elizabeth (© Martin Cleaver/AP Images)
برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم اور اعزازی نائٹ ہُڈ کا نشان لیے سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن، 1986 میں بکنگہیم محل میں۔ (© Martin Cleaver/AP Images)

صدر رونلڈ ریگن اور جارج ایچ ڈبلیو بش دونوں نے اپنی صدارتی مدتیں ختم ہونے کے فوری بعد برطانوی امور خارجہ کی معاونت کے صلے میں  ‘موسٹ آنریبل آرڈر آف دی باتھ، نائٹ گرینڈ کراس’ کے اعزازات حاصل کیے۔

Queen Elizabeth II and Angelina Jolie (© Anthony Devlin/AP Images)
2014ء میں ملکہ الزبتھ بکنگہیم محل میں انجلینا جولی کو ڈیم ہُڈ کا نشان پیش کر رہی ہیں۔ (© Anthony Devlin/AP Images)

ملکہ الزبتھ  دوئم نے امریکی اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی انجلینا جولی کو جنگ زدہ علاقوں میں جنسی زیادتیوں کے خلاف مہم چلانے کے اعتراف میں 2014 میں اعزازی ڈیم [dame] کا خطاب عطا کیا تھا۔ ایک نجی تقریب میں ملکہ نے جولی کو ممتاز ترین ‘آرڈر آف سینٹ مائیکل اینڈ سینٹ جارج’ کے’ اعزازی ڈیم گرینڈ کراس’ کا نشان پیش کیا۔ یہ اعزاز ان لوگوں کے لیے مخصوص ہے جو بیرون ملک اہم نوعیت کی غیر فوجی یا خارجہ امور کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام سر انجام دیتے ہیں۔