افریقہ میں بہتر مستقبل کی تعمیر اور دیگر تعمیری کام

امریکہ اور افریقی شراکت دار کووڈ-19 کی وبا کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن  نے 15 سے لے کر 20 نومبر تک کینیا، نائجیریا اور سینی گال کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے اکیسویں صدی کے  چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے شراکت داری کو فروغ دینے کی خاطر افریقی رہنماؤں سے ملاقاتیں  کیں۔

بلنکن نے کینیا کے صدر اوہورو کنیاٹا، نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری اور سینی گال کے صدر میکی سال کے ساتھ ملاقاتوں میں ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر میں افریقہ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

بلنکن نے 19 نومبر کو ابوجا، نائیجیریا میں مغربی افریقی ممالک کی اقتصادی برادری کے ایک اجلاس کو بتایا، “ہمیں جن فوری چیلنجوں کا سامنا  اور جو مواقع میسر ہیں، افریقہ ان میں اہم کردار ادا کرے گا۔ مجھے یقین ہے کہ افریقہ نہ صرف افریقی لوگوں کی بلکہ دنیا کے مستقبل کی صورت گری کرے  گا۔”

کووڈ-19 وبا کا خاتمہ

اپنے دورے کے دوران بلنکن نے سینی گال میں واقع “انسٹی ٹیوٹ پاسچر ڈی ڈاکار” کا دورہ بھی کیا جہاں امریکہ کے تعاون سے کووڈ-19 کی ویکسین تیار کی جا رہی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امادو سال نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے امریکہ اور سینی گال کے محققین مل کر کام کرتے چلے آ رہے ہیں، اور یہ کہ “آج یہ تعاون اور بھی زیادہ متحرک اور فعال ہے۔”

امریکہ سینی گال کو کووڈ-19 ویکسین کی 903,990 خوراکوں کا عطیہ دے چکا ہے۔ یہ عطیہ افریقہ کو عطیہ کی جانے والی ویکسین کی 80 ملیں خوراکوں اور پوری دنیا میں عطیہ کی جانے والی 250 ملین خوراکوں کی ایک کڑی ہے۔ کووڈ-19 ویکسین کے یہ عطیات کسی شرط کے بغیر دیئے گئے ہیں۔

2020 کے بعد سے امریکہ نے سینی گال کو کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے 10.7 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔ یہ رقم سینی گال میں صحت کی دیکھ بھال کے لیے 880 ملین ڈالر سے زائد کی مجموعی امریکی امداد کا  حصہ ہے ۔

بلنکن نے یہ اعلان بھی کیا کہ کینیا “گلوبل کووڈ کور” [کووڈ کی عالمی سپاہ] میں شامل ہونے والا پہلا ملک ہوگا۔ یہ نجی شعبے کی ایک نئی شراکت داری ہوگی جس کے تحت شراکت دار ممالک کے انتظامی مشکلات پر قابو پانے اور تیزی سے ویکسینیں لگانے میں اُنہیں امریکی کاروباروں کی مہارت دستیاب ہوگی۔

موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ

بلنکن نے کہا کہ دنیا میں قابل تجدید توانائی کی ترقی میں افریقہ میں سب سے زیادہ گنجائش موجود ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے امریکہ کی افریقہ کی ماحول دوست معیشت میں سرمایہ داری کا ذکر بھی کیا۔ صرف کینیا میں چھ سو ملین ڈاللر کی سرمایہ کاری نے قابل تجدید توانائی کے پراجیکٹوں میں چالیس ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا کیں ہیں۔

امریکہ افریقہ میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں مندرجہ ذیل طریقوں سے بھی مدد کر رہا ہے:-

  • بوٹسوانہ، نمیبیا اور نائجیریا میں شمسی توانائی کے پراجیکٹ۔
  • سینی گال اور کینیا میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے فارم۔
  • امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کے افریقہ میں بجلی کے پروگرام کے تحت لاکھوں گھروں اور کاروباروں کو قابل تجدید طریقوں سے حاصل کی جانے والی توانائی سے منسلک کرنا۔
 بچوں کے ایک گروپ نے ایک نشان اٹھایا ہوا ہے اور اینٹونی بلنکن اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ ایک عورت انہیں دیکھ رہی ہے۔ (© Andrew Harnik/AP Images)
“نیشنل جیوگرافک کڈز افریقہ” کی جانب سے 17 نومبر کو نیروبی میں کارورا جنگل میں اپنے نئے شناختی نشان کی نقاب کشائی کے موقع پر وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اور والٹ ڈِزنی افریقہ کی کنٹری مینیجر، کرسٹین سروس اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ (© Andrew Harnik/AP Images)

17 نومبر کو کینیا کے کارورا جنگل میں تقریر کرتے ہوئے بلنکن نے “نیشنل جیوگرافک کڈز افریقہ” کے نام سے ایک نئی امریکی  شراکت کاری کا اعلان کیا جس میں امریکی حکومت، والٹ ڈِزنی اور ماحولیات کی محفوظگی کا وائلڈ لائف ڈائریکٹ نامی گروپ شامل ہوں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے افریقہ کے نوجوانوں کی ٹی وی سیریز اور عوامی رابطوں کی دیگر کوششوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کا سامنا کرنے میں حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

 نیچے کو جھکے ہوئے تین افراد چھوٹا سا پودا لگا رہے ہیں۔ (© Andrew Harnik/AP Images)
وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن اور کینیا کی کابینہ کے وزیر برائے ماحولیات و جنگلات، کیریاکو ٹوبیکو 17 نومبر کو کینیا کے شہر نیروبی میں کارورا جنگل میں پودا لگا رہے ہیں۔ (© Andrew Harnik/AP Images)

اقتصادی ترقی کو مضبوط بنانا

 بلنکن ایک بڑے سائن کے نیچے کھڑے ہیں۔ (© Andrew Harnik/AP Images)
وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن 19 نومبر کو ابوجا، نائجیریا میں مغربی افریقہ کے ممالک کی اقتصادی برادری سے خطاب کرنے کے لیے تیار کھڑے ہیں۔ (© Andrew Harnik/AP Images)

اپنے دورے کے دوران بلنکن نے افریقہ میں جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے امریکی مدد کو مندرجہ ذیل اقدامات کے ذریعے بھی آگے بڑہایا:-

  • صحت، تعلیم، زراعت اور اچھی حکمرانی کے پراجیکٹوں میں مدد کرنے کے لیے 2.1 ارب ڈار کی اقتصادی ترقی کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔
  • امریکہ کی چار کمپنیوں کے ساتھ مل کر سینی گال میں بنیادی ڈہانچے کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

بلنکن نے نائجیریا میں ڈیجیٹل کاروباری منتظمین اور اختراع کاروں اور سینی گال میں کاروبار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی خواتین لیڈروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

بلنکن نے کہا، “ہم ایسے مواقع پیدا کرنے میں مدد کرنا چاہتے ہیں جس سے نہ صرف معاشی طور پر خوشحال لوگوں کو فائدہ پہنچے بلکہ ہر سطح کی آمدنی والے لوگوں کے لیے اچھی ملازمتیں بھی پیدا ہوں۔” اس قسم کی ترقی سے  “آنے والے برسوں میں  زیادہ جامع اور ماحولیاتی لحاظ سے پائیدار ترقی کی بنیاد پڑتی ہے۔”