افریقہ میں کووڈ-19 سے بحالی میں امریکہ کی عوام اور معیشتوں کی مدد

افریقہ کے نقشے پر امداد گراتے ہوئے ہیلی کاپٹر کا تصویری خاکہ (State Dept./D. Thompson)
(State Dept./D. Thompson)

امریکہ، افریقی ممالک کی کووڈ-19 سے نمٹنے میں مدد کرنے کے ساتھ ساتھ اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والی اُن کی معیشتوں کی بحالی میں بھی مدد کر رہا ہے۔

امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (یو ایس ایڈ) نے اکتوبر میں مقامی منصوبوں کے ایک پروگرام کا آغاز کیا۔ اس پروگرام کے تحت کینیا کی سیاحت کی صنعت کو اس عالمی وبا سے نکلنے میں مدد کرنے کے لیے سات ملین ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام میں سرمایہ کاری لانے اور معاشی با اختیاری، بالخصوص عورتوں اور نوجوانوں کی مدد کرنے کے لیے کینیا کے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

یو ایس ایڈ کے قائم مقام نائب منتظم، جان بارسا نے 6 اکتوبر کے ٹویٹ میں کہا، “جس چیز کی ہم سب سے زیادہ قدر کرتے ہیں اس پروگرام میں اسے اجاگر کیا جا رہا ہے: یعنی ایسی شراکت کاریاں جن کے مالک کینیا کے لوگ بذات خود ہوں، جن کی قیادت کینیا کے لوگ کریں اور جن کا انتظام کینیا کے لوگوں کے ہاتھوں میں ہو۔”

امریکہ نے گزشتہ 20 برس میں زیریں صحارا کے ممالک میں 60 ارب ڈالر سے زائد کی رقم صحت کے شعبے میں خرچ کی ہے۔ افریقی ممالک کی کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے میں مدد کرنے کے لیے امریکہ ابھی تک الات، تربیت و تعلیم کے لیے 488 ملین ڈالر بطور عطیہ دے چکا ہے۔

کووڈ-19 کی وجہ سے آنے والی معاشی مندی کے ردعمل میں امریکہ اقتصادی امداد فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بنک کی کاروائیوں میں مدد کر رہا ہے۔  اِن میں قرضوں کی معطلی کا پروگرام بھی شامل ہے جس سے افریقی ممالک کو 2020ء میں اس عالمی وبا سے لڑنے کے لیے چھ ارب ڈالر تک کے وسائل زیادہ بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی صلاحیت حاصل ہو چکی ہے۔

امریکہ اکتوبر 2019 سے لے کر آج تک سوڈان کو انسانی بنیادوں پر 436 ملین ڈالر سے زائد کی امداد فراہم کر چکا ہے۔ اس میں 39 ملین ڈالر کی کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے دی جانے والی امداد بھی شامل ہے۔ یہ امداد 81 ملین ڈالر کے اُس امدادی پیکیج کا حصہ ہے جو سوڈان کو اس وبا کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی تاریخ کے بدترین سیلاب سے نمٹنے کے لیے دی جا چکی ہے۔

جولائی کے وسط میں ملک میں وسیع پیمانے پر آنے والے سیلاب سے 120 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 166,000 سے زائد عمارتیں یا تو تباہ ہو چکی ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے۔ اس تازہ امداد سے سوڈان کے طول و عرض میں سوڈانی عوام کو ہنگامی پناہ گاہیں، صحت، پانی، پانی کی نکاسی، اور حفظان صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گیں۔

اکتوبر میں امریکہ نے جنوبی افریقہ کے شمال مغربی صوبے میں مقامی حکام کو خطے میں کووڈ-19 کے مریضوں کی تعداد میں حالیہ اضافے سے نمٹنے کے لیے 14 لاکھ ڈالر کی لاگت سے 40 بستروں کا ایک فیلڈ ہسپتال تیار کرکے دیا۔

محکمہ خارجہ کی ‘ڈیفنس افریقہ کمانڈ’ کے مطابق امریکہ نے اپنے افریقی شراکت کاروں کے لیے سات 40 بستروں کے اور سات 30 بستروں کے ‘آئسولیشن’ ہسپتال خریدے ہیں۔