افریقی نژاد امریکیوں کی دیواروں پر بنی تصویروں کو مستقبل کی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا

دیوار پر بنائی گئی اس تصویر میں افریقی نژاد امریکیوں کی تاریخی شخصیات کو دکھایا گیا ہے۔ (Courtesy of Collection of the Hampton University Museum)
چارلس وائٹ کی 1943 میں "دی کنٹری بیوشن آف دا نیگرو ٹو ڈیموکریسی اِن امیریکہ" کے نام سے دیوار پر بنائی جانے والی یہ تصویر افریقی نژاد امریکیوں کے اُن مشہور فن پاروں میں سے ایک فن پارہ ہے جسے ثقافتی ورثے کی ایک گرانٹ کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔ (Courtesy of Collection of the Hampton University Museum)

امریکی آرٹسٹ چارلس وائٹ نے 1943 میں دیوار پر اپنی وہ مشہور تصویر بنائی جس کا نام “دی کنٹری بیوشن آف دا نیگرو  ٹو ڈیموکریسی اِن امریکہ” [سیاہ فاموں کا امریکہ میں جمہوریت میں حصہ] ہے۔ دیوار پر بنائی جانے والی اس تصویر میں برابری کے لیے جدوجہد کرنے والے نامور افریقی نژاد امریکیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

ہیریئٹ ٹب مین، سوجورنر ٹروتھ، نیٹ ٹرنر، ڈنمارک ویسی، بُکر ٹی واشنگٹن، جارج واشنگٹن کارور اور کرسپس اِٹکس کو اس فن پارے میں دکھایا گیا ہے۔ یہ تصویر ریاست ورجینیا میں واقع ہیمپٹن یونیورسٹی کی ایک دیوار پر بنائی گئی ہے۔  تاریخی لحاظ سے یہ سیاہ فاموں کی ایک یونیورسٹی ہے۔

وائٹ نے دیوار پر بنائی گئی یہ تصویر تین ماہ میں مکمل کی۔

اس تاریخی فن پارے کا شمار افریقی نژاد امریکیوں کے اُن 40 فن پاروں اور مقامات میں ہوتا ہے جنہیں حال ہی میں تاریخی محفوظگی کے قومی ٹرسٹ کی طرف سے فنڈنگ ملی ہے۔

ٹرسٹ کے “افریقی امریکی ثقافتی ورثے کے ایکشن فنڈ” نے دیواروں پر بنی تصویروں کو محفوظ رکھنے کے لیے 75،000 ڈالر کی امداد دی ہے۔ دیواروں والی تصویروں کے اُن مقامات پر مناسب موسمی حالات پیدا کرنے کے لیے حرارت، تازہ ہوا اور ائر کنڈیشنگ کے آلات نصب کیے جائیں گے جہاں تصویروں والی دیواریں موجود ہیں۔

وائٹ بہت سے افریقی نژاد امریکیوں کے استاد تھے۔ یونیورسٹی کے تین طالبعلموں نے ماڈلوں کے طور پر کام کر کے اور رنگوں کو ملا کر یہ فن پارہ مکمل کرنے میں وائٹ کی مدد کی۔ وائٹ کا 1979 میں انتقال ہوا۔