ساوًتھ کیرولائنا کی سابقہ گورنر، نکی ہیلی اقوام متحدہ میں امریکہ کی نئی سفیر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیں گی۔
نائب صدر پینس نے 25 جنوری کو ہیلی سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔ گزشتہ رات سینیٹ نے اُن کی نامزدگی کے حق میں 96 اور مخالفت میں 4 ووٹ ڈالے۔
ہیلی، بھارت سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی بیٹی ہیں۔ وہ ساوًتھ کیرولائنا کی پہلی خاتون گورنر ہونے کے علاوہ ملک کی پہلی بھارتی نژاد خاتون گورنر بھی تھیں۔ انہوں نے 24 جنوری کو گورنر کے عہدے سے استعفٰی دیا۔ 1972ء میں پیدا ہونے والی ہیلی، ملک کی سب سے کم عمر ریاستی سربراہ تھیں۔
ٹرمپ نے جب ہیلی کو نامزد کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تو انہوں نے ایک بیان میں کہا، ” قطع نظر لوگوں کے شخصی پس منظر یا سیاسی وابستگیوں کے، گورنر ہیلی اپنی ریاست اور اپنے ملک کی فلاح سے متعلق اہم پالیسیوں کے فروغ کی خاطر لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کا ایک مسلمہ ریکارڈ رکھتی ہیں۔ وہ معاملات طے کرنے والی ایک مانی ہوئی شخصیت ہیں اور ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ہم کئی ایک معاملات طے کریں گے۔”
وزیرخارجہ کے بعد سفیر کے عہدے کو ملک کا اعلٰی ترین سفارتی عہدہ سمجھا جاتا ہے۔ ٹرمپ نے ایکسون موبائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ریکس ٹِلرسن کو امریکہ کا اگلا وزیرخارجہ نامزد کیا ہے
Congrats to my friend Governor Nikki Haley! pic.twitter.com/EvIGIlbHy1
— Scott Walker (@ScottWalker) November 23, 2016
نکی ہیلی کون ہیں؟
ہیلی اپنے آپ کو ایک ایسی سخت مالیاتی قدامت پرست کہتی ہیں جو ریاستی حکومت میں شفافیت اور احتساب کی زبردست حامی ہو۔ وہ گورنروں کی ایسوسی ایشن میں بھی متحرک رہیں۔ آج کل اس ایسوسی ایشن کے سربراہ وسکانسن کے گورنر، سکاٹ واکر ہیں۔
ہیلی نے اُن مشکل ترین وقتوں میں ساوًتھ کیرولائنا کی قیادت کی جب 17 جون 2015 کو ایک خود ساختہ سفید نسل پرست، چارلسٹن کے ایک گرجا گھر میں داخل ہوا، بائبل کی تعلیم میں شرکت کی اور اس کے بعد بظاہر نفرت پر مبنی ایک جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے چرچ کے نوافریقی نژاد امریکی ممبروں کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔
ہیلی نے بہت سے لوگوں کی طرف سے خانہ جنگی کے دور کی ایک نسل پرستانہ علامت سمجھے جانے والے وفاق پرستوں کے جھنڈے کو ریاستی مقننہ کی عمارتوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔ اس وقت انہوں نے کہا، “مجھے امید ہے کہ اس جھنڈے کو ہٹانے سے، ہم حالات کی بہتری اور ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کی جانب قدم بڑھا سکتے ہیں جو کہ اس بات کی علامت ہے کہ ساوًتھ کیرولائنا آگے بڑھ رہا ہے۔”
ان کا پہلا کام 13 سال کی عمر میں اپنے خاندان کے کپڑوں کے سٹور کا حساب کتاب رکھنے کا تھا۔ انہوں نے کلیمسن یونیورسٹی سے اکاوًنٹنگ میں ڈگری حاصل کی۔
ٹرمپ کی طرح ہیلی بھی سوشل میڈیا کی ماہرہیں۔ ساوًتھ کیرولائنا میں وہ اپنی مسلسل اور اکثر ذاتی فیس بک پوسٹوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ان کی 2013ء کی ایک پوسٹ بہت جلد قومی توجہ کا مرکز بن گئی۔
” کیا کروں …جب بچوں کو سکول بھیجنے کے لیے گورنر کی سرکاری رہائش گاہ سے ایک گاوًن پہنے ہوئے باہر نکلی تو دروازہ لاک ہوگیا۔ ٹھنڈی سانس#adayinthelife … ”
ان کے شوہر مائیکل فوج کے نیشنل گارڈ میں کیپٹن ہیں اور افغانستان کی جنگ میں حصہ لے چکے ہیں۔
اس مضمون کی تیاری میں ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔