سنگاپور کے املاکِ دانش کے دفتر کے موجودہ سربراہ ڈیرن ٹینگ کو اقوام متحدہ کی املاکِ دانش کی تنظیم کی سربراہی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ تنظیم دنیا بھر میں املاکِ دانش کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔
املاکِ دانش کی عالمی تنظیم (ڈبلیو آئی پی او یا وائپو) کی رابطہ کمیٹی نے 4 مارچ کو چین کے امیدوار وانگ بنیانگ کے مقابلے میں ٹینگ کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا۔ بنیانگ نے 28 جبکہ ٹینگ نے 55 ووٹوں حاصل کیے۔
مئی میں وائپو کی جنرل اسمبلی کی توثیق اور 30 ستمبر کو وائپو کے موجودہ سربراہ، فرانسس گری کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد، ٹینگ ڈائریکٹرجنرل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
193 رکن ممالک پر مشتمل وائپو، جدید کاروبار کی بنیاد یعنی املاکِ دانش کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے۔ املاکِ دانش کے حقوق کے تحت موجدوں، خالقوں اور کاروباری نظامت کاروں کو اپنے نظریات کی ملکیت اور بلا شرکت غیرے اپنی محنت سے پیسہ کمانے کے لیے انہیں استعمال کرنے کا حق ملتا ہے۔
WIPO Director General Francis Gurry congratulates Singapore‘s Daren Tang on nomination for post of Director General: https://t.co/F67AfhorWx pic.twitter.com/OyeGFI0Nb9
— World Intellectual Property Organization (WIPO) (@WIPO) March 5, 2020
ٹوئٹر کی عبارت کا خلاصہ:
املاکِ دانش کی بین الاقوامی تنظیم، وائپو کے ڈائریکٹر جنرل، فرانسس گری، سنگاپور کے ڈیرن ٹینگ کو ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر نامزد کیے جانے پر مبارک باد دے رہے ہیں۔
5 مارچ کو ایک پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے کہا، “مسٹر ٹینگ املاکِ دانش کے مسائل کے فکری رہنما ہیں اور شفافیت اور اداراتی ایمانداری کے پرجوش حامی ہیں۔”
وزیر خارجہ نے کہا، “املاک کے محفوظ حقوق، اختراع، سرمایہ کاری اور اقتصادی مواقعوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔”
ٹینگ نے سنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی سے قانون میں بیچلر ڈگری اور واشنگٹن کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے قانون کی ماسٹر ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ انہوں نے میساچوسٹس کی ہارورڈ یونیورسٹی سے “جدید انتظامی پروگرام” کے نام سے بھی ایک ڈگری لے رکھی ہے۔
پومپیو نے کہا، “امریکہ وائپو کے املاکِ دانش کے تحفظ کے بنیادی مشن کے فروغ کے لیے اُن کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔”