الاسکا کا ویرانہ: دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے پُر کشش

دنیا بھر سے سیاحوں کی ایک بڑی روزافزوں تعداد الاسکا آ رہی ہے اور اس کی وجہ سمجھنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔  لوگ فطرت کے قدرتی جاہ و جلال سے لطف اٹھانے یہاں آتے ہیں۔

الاسکا کی سیاحتی صنعت کی ایسوسی ایشن کے مطابق جون اور ستمبر 2016 کے درمیانی عرصے میں کینیڈین باشندوں کو نکال کر، دنیا بھر سے الاسکا آنے والے سیاحوں کی تعداد167,000  سے زیادہ تھی جبکہ 2011 میں یہ تعداد 154,000 تھی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد سال کے اِن ایام میں یہاں سیر کے لیے آنے کو ترجیح دیتی ہے جس کی جزوی وجہ دن کی روشنی کی طوالت ہے۔ 21 جون کو ‘اینکریج’ میں سورج 19 گھنٹے اور ‘فیئربینکس’ میں 22 گھنٹے چمکتا ہے۔

قومی سیاحتی ایسوسی ایشن کے مطابق دنیا بھر سے الاسکا آنے والوں میں یورپی سیاحوں کی تعداد تسلسل سے سب سے زیادہ (38 فیصد) چلی آ رہی ہے۔ تاہم چین، بھارت، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

الاسکا میں سیاحوں کے لیے کشش کی وجوہات درج ذیل ہیں:

مہم جوئی

برف سے ڈھکے درختوں کے قریب ایک آدمی کراس کنٹری سکی اِنگ کر رہا ہے جبکہ پس منظر میں برفانی پہاڑ دکھائی دے رہے ہیں۔ (© Bill Roth/Anchorage Daily News/MCT via Getty Images)
اینکریج الاسکا کے کِنکیڈ پارک میں ایک سکی باز برف سے اٹے سٹیڈیم میں سکی اِںگ کر رہا ہے۔ (© Bill Roth/Anchorage Daily News/MCT via Getty Images)

الاسکا میں واقع آٹھ میں سے کسی ایک نیشنل پارک میں جا کر سیاح کراس کنٹری سکی اِنگ کے ذریعے پہاڑوں اور گلیشیئر کے نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ریاست میں دیگر مقبول سیاحتی سرگرمیوں میں کایاک قسم کی کشتی رانی، گھومنا پھرنا، گلیشیئر اور پہاڑوں پر چڑھائی اور دریا کے تند و تیز پانیوں میں کشتی چلانا شامل ہیں۔ سیاح سمندر میں ہیلی بٹ اور کنگ سالمن قسم کی مچھلیوں کے شکار، الاسکا کے بہت سے دریاؤں، ندیوں اور جھیلوں میں ٹراؤٹ مچھلی پکڑنے کے لیے بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

جنگلی حیات

بھورا ریچھ  دریا میں دانتوں سے مچھلی پکڑ رہا ہے۔ (Shutterstock)
(Shutterstock)

الاسکا جنگلی حیات کے نظارے کے لیے دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔ مثال کے طور پر آرکٹک ساحل کے قریب کونگاکٹ دریا میں اترائی کے رخ کشتی چلانے سے بھورے ریچھوں، کیریبو  کہلانے والے برفانی ہرنوں کے ریوڑ اور سنہری عقابوں کو دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔ الاسکا کے بیابان علاقوں میں واقع لکڑی کے بنے کسی گھروندے میں ٹھہرنے سے آپ مکمل تنہائی میں جنگلی حیات کا نظارہ کر سکتے ہیں۔

مناظر

الاسکا کے پہاڑوں کے درمیان ٹرین کا سفر، پس منظر میں برف سے ڈھکے پہاڑ دکھائی دے رہے ہیں۔ (Shutterstock)
وائٹ پاس اور یوکون کے راستے پر ریل کی پٹڑی ‘سکیگوے’ کی جانب جاتی پہاڑی چوٹیوں کے ساتھ ساتغ چلتی ہے۔ (Shutterstock)

ریل کا سفر الاسکا میں اہم ترین سیاحتی سرگرمیوں میں سے ایک ہے جہاں سیاح محفوظ اور آرام دہ طور سے ریل گاڑی میں کھڑکی کے قریب بیٹھ کر مختلف النوع نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ الاسکا میں ریل کی 756 کلومیٹر طویل پٹڑی جزیرہ نما کینائی میں سیوارڈ سے لے کر شمال کی جانب اینکریج، ٹلکیٹنا، ڈینالی نیشنل پارک اور فیئربینکس تک جاتی ہے۔

شمالی روشنیاں

رات کے وقت آسمان پر سبز پٹیوں کی صورت میں پھیلی ہوئی شمالی روشنیاں اور سرخ رنگ میں نہائی ہوئی ایک چھوٹی سی عمارت۔ (© Bob Hallinen/Anchorage Daily News/MCT via Getty Images)
الاسکا میں مغربی اینکریج کے علاقے پوائنٹ ورونزوف پر آسمان میں شمالی روشنیاں رقص کناں ہیں۔ (© Bob Hallinen/Anchorage Daily News/MCT via Getty Images)

ستمبر کے وسط سے اپریل کے اواخر تک سیاحوں کی بڑی تعداد شمالی روشنیاں دیکھنے الاسکا کا رخ کرتی ہے جو کہ آرکٹک خطوں میں فطری روشنیوں کا قابل دید نظارہ ہوتا ہے۔ صاف راتوں میں خیرہ کن سبز، نیلی، سرخ اور جامنی روشنیاں ستاروں بھرے آسمان پر رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ دراصل یہ قطبی روشنیاں سورج کی تمازت سے برقی طور پر چارج ذرات اور زمینی ماحول میں گیسوں کے ذرات کے مابین ٹکراؤ سے جنم لیتی ہیں۔

آڈیٹاراڈ: کتوں کی دوڑ

کتوں کا ایک غول برفانی گاڑی کھینچ رہا ہے جسے ایک شخص  وسیع برفانی میدان کی جانب ہانک رہا ہے۔ (© Bill Roth/Anchorage Daily News/MCT via Getty Images)
کتا گاڑی چلانے والا امریکی مُشر، میچ سیوے اپنی آڈیٹاراڈ ٹیم کو وائٹ ماؤنٹین سے نومے میں اختتامی مقام کی جانب لے جا رہا ہے۔ (© Bill Roth/Anchorage Daily News/MCT via Getty Images)

مارچ میں سیاح، کتا گاڑیوں کی دوڑ دیکھنے یہاں آتے ہیں جسے ‘آڈیٹاراڈ’ کہا جاتا ہے۔ طویل فاصلے کے اس مقابلے میں برفانی کتا گاڑیاں اینکریج سے نومے تک اندازاً 1,688 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہیں اور گاڑی کا مُشر کہلانے والا ڈرائیور اور 16 کتوں کی ٹیم کو اس مقابلے میں آٹھ سے پندرہ دن لگتے ہیں۔ بیشتر مُشر (ہر سال قریباً 50) الاسکا سے تعلق رکھتے ہیں مگر حالیہ برسوں میں 14 ممالک کے کھلاڑیوں نے بھی ان مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔

الاسکا ٹریول انڈسٹری ایسوسی ایشن کی عہدیدار تانیا کارلسن کہتی ہیں، “الاسکا دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے مثالی سیاحتی مقام ہے۔ سیاح یہاں اپنے ساتھیوں کے ساتھ تفریحی وقت گزارنے کے ساتھ ساتھ، جنگلی حیات یا فضا سے زمین کا نظارہ کرنے جیسے نئی قسم کے کام بھی کر سکتے ہیں۔”