الیکشن کی رات، ہارنے والےکی تقریر بھی اہم ہوتی ہے [وڈیو]

الیکشن کی رات جیتنے والے کے نام ہوتی ہے۔ نومنتخب صدرکے حامیوں کو صدر کی پہلی تقریر کا بے چینی سے انتظار ہوتا ہے۔ لیکن جو تقریر امریکی جمہوریت کے استحکام پر مہرِ تصدیق ثبت کرتی ہے  وہ ہارنے والے کی تقریر ہوتی ہے۔

ہارنے والا اپنی شکست کا اعتراف  کرتے ہوئے اپنی تقریر میں برسرِعام نئے صدر کی حمایت اور انتخابات کو جائز تسلیم کرنے کا اعلان کرتا ہے۔

ذیل میں دوسرے نمبر پر آنے والے ایسے چند صدارتی امیدواروں کی مثالیں دی جا رہی ہیں جنہوں نے اپنے ملک کی خاطرعین وقت پر مناسب طرزعمل اختیار کیا۔ ( ہر ویڈیو کا دورانیہ تقریباً 40 سیکنڈ کا ہے۔)

جان مکین، 2008


ایریزونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر نے اپنی تقریر میں بارک اوباما کی اس فتح کی اہمیت کو تسلیم کیا جس کے نتیجے میں پہلا افریقی نژاد امریکی وائٹ ہاؤس میں پہنچا تھا۔ مکین نے یہ بھی کہا، ’’یہ ہمارے ملک کے لیے مشکل وقت ہے اور میں آج رات وعدہ کرتا ہوں کہ اِن کی قیادت میں اُن بہت سی مشکلات سے نمٹنے میں، میں اُن کی مدد کے لیے جو کچھ مجھ سے بن پڑا وہ کروں گا۔‘‘

ایلگورجونیئر، 2000

فیصلہ کن ریاست فلوریڈا میں انتہائی کانٹے دارمقابلے کی وجہ سے، گور نے اعترافِ شکست کی تقریر دراصل الیکشن کے دن سے 36  دن بعد کی تھی۔ امریکہ کے سپریم کورٹ کو ٹیکسس کے گورنر جارج  ڈبلیو بش کی حتمی فتح کے فیصلے پر پہنچنے میں اتنا وقت لگا تھا۔ گور نے اپنی تقریر میں کہا، ’’یہ امریکہ ہے اور ہم ملک کو پارٹی سے مقدم گردانتے ہیں۔ ہم  سب مل کر اپنے نئے صدر کا ساتھ دیں گے۔‘‘

جارج ایچ ۔ ڈبلیو۔ بش، 1992

بش نے ارکنسا کے گورنر بل کلنٹن کے ہاتھوں اپنی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی تقریر میں مثبت لہجہ اختیار کیا۔ بش، امریکہ کے مٹھی بھر اُن چند صدور میں سے ایک ہیں جو اپنی صدارت کی دوسری میعاد کا الیکشن ہار گئے تھے۔ انہوں نے کہا، ہمیں ’’اہم کام کرنے ہیں، اور امریکہ کو لازمی طور پر ہمیشہ اولیت دی جانی چاہیے۔ لہذا ہم اس نئے صدر کے ساتھ ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔‘‘

عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے

جیسا کہ سینیٹر مکین نے حال ہی میں کہا، ’’مجھے 2008 کے الیکشن کا نتیجہ اچھا نہیں لگا تھا۔ لیکن شکست کو تسلیم کرنا، میرا فرض بنتا تھا۔ شکست تسلیم کرنا محض انکساری کا عمل نہیں ہے۔ یہ امریکہ کے عوام کی مرضی کا احترام کرنے کا عمل ہے۔ ایک ایسا عمل جو ہر امریکی لیڈر کی اولین ذمہ داری ہے۔‘‘

کیا آپ امریکہ کے انتخابات کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں؟ یہاں آپ ان کے بارے میں اول سے آخر تک سب کچھ جان سکتے ہیں جس میں اگلے صدر کو اختیارات کی منتقلی بھی شامل ہے۔

Elections_Banner_Urdu