امریکی محکمہ تجارت کے ذیلی ادارے [سفر و سیاحت کے قومی دفتر] "نیشنل ٹریول اینڈ ٹورزم آفس" (این ٹی ٹی او) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر سے امریکہ آنے والوں کی تعاد میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ یہاں اپنے قیام کے دوران زیادہ پیسے خرچ کر رہے ہیں۔

حالیہ ترین سال یعنی 2017ء کے لیے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 7 کروڑ 69 لاکھ افراد امریکہ آئے۔ امریکہ آنے والے جن ممالک کی شہریوں کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اُن میں جنوبی کوریا، برازیل، ارجنٹینا اور آئس لینڈ شامل ہیں۔

Pie chart showing countries with most visitors to the U.S. (State Dept./L. Rawls)
(State Dept./L. Rawls)

2017ء میں امریکہ آنے والوں کی مجموعی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سیاحوں کی طرف سے خرچ کی جانے والی رقم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے 251.4 ارب ڈالر کی رقم خرچ کی جو کہ 2016ء کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ ہے۔

نیشنل ٹریول ٹورازم آفس میں عوامی امور کی سپیشلسٹ لوری کراؤلی نے بتایا کہ اس اضافے کی بنیادی وجہ کاروباری سلسلے میں خرچ کی جانے والی رقم ہے۔ وہ کہتی ہیں، "2017ء میں بیرونی ممالک سے آنے والوں نے اشیاء اور خدمات کی صورت میں کاروبار سے متعلقہ اخراجات کی مد میں 39.7 ارب ڈالر کی رقم خرچ کی جو بین الاقوامی سیاحوں کی جانب سے خرچ کی گئی مجموعی رقم کا 16 فیصد بنتی ہے۔"

سال 2018 پر نظر ڈالتے ہوئے توقع کی جاتی ہے کہ اِن رقومات میں ایک بار پھر اضافہ ہوگا اور اس اضافے کی وجہ کئی ایک ذرائع ہوں گے۔ نیشنل ٹریول ٹورازم آفس کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 2018 کی پہلی سہ مائی میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح یو ایس ٹریول ایسوسی ایشن کی پشین گوئی ہے کہ 2018ء میں5.7 فیصد اضافہ ہوگا اور 2019ء اور اس کے بعد آنے والے برسوں میں اضافے کا یہ رجحان جاری رہے گا۔

یہ مضمون فری لانس لکھاری لین میکولا نے تحریر کیا۔