Woman in spacecraft simulator (© Amir Cohen/Reuters)
ایک مصنوعی خلائی جہاز میں ایک عورت نے اُس جیکٹ کا نمونہ پہنا ہوا ہے جو خاص اقسام کی خلائی تابکاریوں کو اہم جسمانی اعضا تک پہنچنے سے روکتی ہے۔ (© Amir Cohen/Reuters)

خلا کی گہرائیوں میں خطرناک تابکاری سے بچاؤ کے لیے خلابازوں کو سن سکرین سے بڑھ کر کسی اور چیز کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کارپوریشن اور اسرائیلی کمپنی سٹیم ریڈ لمیٹڈ مل کر ایک ایسا لباس تیار کر رہی ہیں جس سے خلا بازوں پر خطرناک شعاعوں کے اثر ات کو کم کیا جا سکے گا۔

تیز رفتاری سے حرکت کرتے ہوئے ذرات، لہروں اور شعاعوں سے خارج ہونے والی توانائی تابکاری کہلاتی ہے۔ یہ خلیوں اور ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتی ہے یا تباہ کر سکتی ہے۔ زمین کے قریب، زمین کا مقناطیسی حصار اور اس کی فضا خطرناک ترین تابکاری کے خلاف ڈھال کا کام کرتے ہیں۔

Man gesturing in front of mannequin (© Amir Cohen/Reuters)
اورن ملسٹائین تابکاری کی جیکٹ کی نمائش کے دوران۔ (© Amir Cohen/Reuters)

امریکی خلائی ادارے ناسا کے ٹونی سلابا کہتے ہیں کہ خلا میں تابکاری کا سامنا، زمین پر اس کا سامنا کرنے سے قطعی مختلف ہے۔

مثال کے طور پر جب ہمارے مشن مریخ  پر جاتے ہیں تو خلابازوں کو سورج سے نکلنے والے تیز رفتار ذرات کے طوفانوں کے تھپیڑوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ طویل خلائی تحقیقاتی مشنوں کے دوران یہ طوفان انسانوں کو درپیش بڑی بڑی مشکلات میں سے ایک ہیں۔ (ناسا کا چاند پر واپس جانے اور مریخ پر جانے کا منصوبہ ہے)۔

یہیں سے تل ابیب میں قائم کمپنی سٹیم ریڈ کی جیکٹ، ایسٹرو ریڈ کا کام شروع ہوتا ہے۔ سٹیم ریڈ نے لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ کام کرتے ہوئے اس نوعیت کی خلائی تابکاری سے حفاظت کی خاطر کئی تہوں والی ایک جیکٹ تیار کی ہے۔

ہر جیکٹ خلا باز کے جسم کے ناپ کے حساب سے بنائی جاتی ہے اور نازک اور اہم اعضا کو اضافی تحفظ فراہم کرتی ہے۔

چاند کا سفر

Artist's conception of spacecraft flying over Earth (© NASA)
2019 یا 2020 میں اسٹرو ریڈ کی جیکٹیں استعمال کی جائیں گی۔ (© NASA)

اپریل میں تابکاری سے تحفظ کے لیے اسٹرو ریڈ کے استعمال کے لیے ناسا اور اسرائیل کی خلائی ایجنسی کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔

جب 2019 یا 2020  میں ناسا کا اورین نامی نیا خلائی جہاز آج تک انسان کے بنائے گئے ایک طاقتور ترین راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا جائے گا تو خلائی جہاز میں موجود دو میں سے ایک پتلے کا تحفظ اسٹرو ریڈ جیکٹ کرے گی۔ اس کے بعد سائنسدان جیکٹ والے اور بغیر جیکٹ کے پتلے سے حاصل کیے جانے والے اعداد و شمار کا موازنہ کریں گے۔

اس جیکٹ کی کارکردگی اس وقت مزید جانچی جائے گی جب یہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر بھیجے جانے والے آئندہ مشنوں کے دوران استعمال کی جائے گی۔

سٹیم ریڈ کے بانی اور سربراہ، اورن ملسٹائین کہتے ہیں کہ “ہمیں ناسا، لاک ہیڈ مارٹن اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایک انتہائی اہم حفاظتی چیز فراہم کرنے اور خلا کی گہرائیوں میں تحقیق کے ایک نئے دور کے آغاز میں مدد کرنے پر فخر ہے۔”