ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور عوامی جمہوریہ کوریا کے چیئرمین کِم جونگ ان کی سنگاپور میں ہونے والی  سربراہی ملاقات کے بعد جاری ہونے والا مشترکہ اعلامیہ

ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور عوامی جمہوریا کوریا (ڈی پی آر کے) کے مملکتی امور کے کمیشن کے چیئرمین کِم جونگ ان نے 12 جون 2018 کو سنگاپور میں پہلی بار ایک تاریخی سربراہی ملاقات کی۔

صدر ٹرمپ اور چیئرمین کِم جونگ ان نے امریکہ اور ڈی پی آر کے کے نئے تعلقات کی تشکیل اور جزیرہ نما کوریا پر امن کے ایک پائیدار اور ٹھوس نظام کی تعمیر کے مسائل سے متعلق جامع، مفصل اور مخلص نقطہائے نظر کا تبادلہ کیا۔ صدر ٹرمپ نے ڈی پی آر کے کو سلامتی کی ضمانت دینے کا عزم کیا اور چیئرمین کِم جونگ ان نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے اپنے مضبوط اور غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

اس بات پر یقین کرتے ہوئے کہ امریکہ اور ڈی پی آر کے کے نئے تعلقات جزیرہ نما کوریا کے اور دنیا کے امن اور خوشحالی کو آگے بڑہائیں گے اور یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ باہمی اعتماد کی تعمیر جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کو فروغ دے سکتی ہے، صدر ٹرمپ اور چیئرمین کِم جونگ ان مندرجہ ذیل نکات بیان کیے:

  1. امریکہ اور ڈی پی آر کے امن اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے عوام کی خواہشات کے مطابق، امریکہ اور ڈی پی آر کے کے درمیان نئے تعلقات قائم کرنے کا عزم کرتے ہیں۔
  2. امریکہ اور ڈی پی آر کے جزیرہ نما کوریا پر امن کے ایک پائیدا اور مستحکم نظام کی تشکیل کی خاطر ایک دوسرے کی کوششوں میں تعاون کریں گے۔
  3. 27 اپریل 2018 کے پنمنجوم اعلامیے کا اعادہ کرتے ہوئے، ڈی پی آر کے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کی خاطر کام کرنے کا عزم کرتا ہے۔
  4. امریکہ اور ڈی پی آر کے جنگی قیدیوں/جنگ کے دوران لاپتہ ہونے والے افراد کی باقیات کو اور اُن افراد سمیت جن کی شناخت ہو چکی ہے، وطن واپس بھجوانے کا عزم کرتے ہیں۔
  5. اس بات کو تسلیم کرنے بعد کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر پھیلی کشیدگی اور مخاصمتوں پر قابو پانے میں اور امن کے لیے ایک نئے مستقبل کے آغاز میں، امریکہ اور ڈی پی آر کے کی تاریخ میں ہونے والی عظیم اہمیت کی حامل یہ اولین ملاقات تھی، صدر ٹرمپ اور چیئرمین کِم جونگ ان اس مشترکہ اعلامیے کے اہم نکات کو مکمل اور تیزی سے نافذ العمل کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ امریکہ اور ڈی پی آر کے کی سربراہی ملاقات کے نکات کو عملی جامہ پہننانے کی خاطر ممکنہ ترین اولین تاریخ پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور ڈی پی آر کے کے اعلٰی متعلقہ اہلکار کی سربراہی میں، امریکہ اور ڈی پی آر کے مزید پیش رفت کے لیے مذاکرات منعقد کرنے کا عزم کرتے ہیں۔

ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور عوامی جمہوریہ کوریا کے مملکتی امور کے کمیشن کے چیئرمین کِم جونگ ان نے امریکہ اور ڈی پی آر کے کے درمیان نئے تعلقات استوار کرنے اور جزیرہ نما کوریا کے اور دنیا کے امن، خوشحالی، اور سلامتی کے فروغ کی خاطر تعاون کرنے کا عزم کیا ہے۔