گھانا کی کوکو کی سب سے بڑی کمپنی امریکی ریاست وسکونسن میں ایک نئی فیکٹری لگانے جا رہی ہے۔ کمپنی کا یہ فیصلہ مغربی افریقہ کے ممالک اور امریکہ کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کا ثبوت ہے۔

“نیش کوکو” نامی کمپنی کے بانی اور سی ای او اییڈمنڈ پوکو نے 4 اکتوبر کو ایک افتتاحی تقریب میں بتایا کہ کمپنی نے امریکی منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے وسکونسن کے شہر فرینکلن کو اپنی نئی فیکٹری کے لیے منتخب کیا ہے۔ اس انتخاب کی وجہ ملواکی کے اِس مضافاتی علاقے کے ڈیری فارموں کے قریب ہونا ہے۔

ملواکی بزنس جرنل کے مطابق پوکو نے یہ فیکٹری لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “مارکیٹ کے حجم اور گنجائش کے پیش نظر کاروبار کو پھیلانے کے لیے امریکہ فطری انتخاب بنا تاکہ نیم تیار شدہ مصنوعات بنانے اور رسدی سلسلے میں خام شکل کی بجائے چاکلیٹ جیسی زیادہ چیزیں تیار کرکے بیچی جا سکیں۔”

30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری اور چار ہزار مربع میٹر پر پھیلی اِس فیکٹری کا شمار اشیائے خوردونوش کی کسی بھی افریقی کمپنی کی طرف سے امریکہ میں کی جانے والی سب سے زیادہ سرمایہ کاریوں میں ہوتا ہے۔ اس فیکٹری میں گھانا کے کوکو کیک کو کوکو پاؤڈر میں تبدیل کیا جائے گا جسے وسکونسن کی ڈیری کی مصنوعات  کے ساتھ ملا کر چاکلیٹ کے مشروبات تیار کیے جائیں گے۔  پوکو نے کہا کہ “ہم بہت سے لوگوں کی بالخصوص سکول کے بچوں کی خدمت کر سکیں گے۔ جب آپ پاؤڈر تیار کر لیتے ہیں تو اس علاقے میں دودھ کے پلانٹوں کی بہتات” کی وجہ سے چاکلیٹ کے مشروبات آسانی سے تیار کیے جا سکتے ہیں۔

امریکی محکمہ تجارت کی انڈر سیکرٹری برائے تجارت، ماریسا لاگو نے ‘نیش’ کمپنی کی سرمایہ کاری کو “تاریخی” اور امریکہ اور گھانا کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک “سنگ میل” قرار دیا۔

انہوں نے 4 اکتوبر کی تقریب میں کہا کہ “ہم یہاں ‘نیش کوکو’ کو ترقی کرتا اور پھلتا پھولتا ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ [کمپنی] گھانا کی ذائقہ دار نعمت میں امریکیوں اور دنیا کو شریک کر رہی ہے۔”

نئی فیکٹری کے مکمل ہونے سے ‘نیش’ کی امریکی منڈیوں تک رسائی اور مقامی کاروباروں کے ساتھ شراکت داری کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ دو درجن سے زیادہ افراد کو روزگار ملے گا اور چاکلیٹ کی تیاری سے متعلق امریکیوں کی جانکاری میں بھی اضافہ ہوگا۔

گھانا اپنے پڑوسی ملک آئیوری کوسٹ کے بعد کوکو پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر (یو ایس ٹی آر) کے مطابق گھانا نے امریکہ کو 2021 میں مجموعی طور پر 1.7 ارب ڈالر کی برآمدات کیں جن میں کوکو، تیل اور سونا شامل تھا۔

یو ایس ٹی آر کے مطابق امریکہ نے گھانا میں 2019 میں 1.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ اُس  برس گھانا کو امریکی برآمدات کی مالیت 840 ملین ڈالر رہی۔

امریکہ گھانا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تعاون بڑہانے کا کام کر رہا ہے۔ اپریل میں عکرہ میں امریکی سفارت خانے اور امریکی چیمبر آف کامرس نے امریکہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والی گھانا کی کمپنیوں کو ترغیب دلانے کے لیے “2022 سلیکٹ یو ایس اے سمٹ” سربراہی اجلاس کا اہتمام کیا۔

13 تا 15 دسمبر کو صدر بائیڈن واشنگٹن میں امریکہ اور افریقہ کے لیڈروں کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کریں گے تاکہ مشترکہ اقتصادی، موسمیاتی اور سکیورٹی کی ترجیحات کو فروغ دیا جا سکے۔

بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ “یہ سربراہی اجلاس افریقہ کے ساتھ امریکہ کے پائیدار عزم کا اظہار ہوگا اور اس سے امریکہ اور افریقی ممالک کے تعلقات اور بڑھتے ہوئے تعاون کی اہمیت اجاگر ہوگی۔”