امریکہ بحرہند و بحرالکاہل میں آزادیوں اور خود مختاری کو فروغ دیتا ہے

پانچ مرد اور ایک عورت ایک میز کے گرد کھڑے ہیں اور پس منظر میں جھنڈے نظر آ رہے ہیں (© Charly Triballeau/AP Images)
6 اکتوبر کو ٹوکیو میں ہونے والے ایک اجلاس میں، امریکی وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو، (دائیں سے دوسرے) اور بھارت، جاپان اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ نے بحر ہند-بحرالکاہل کے خطے میں قانونی بنیادوں پر قائم نظام کی حمایت کا وعدہ کیا۔ (© Charly Triballeau/AP Images)

امریکہ اور اس کے بین الاقوامی شراکت دار بحرہند و بحرالکاہل کے خطے میں آزاد اور قانون کی بنیادوں پر قائم نظام کی حمایت کرتے ہیں۔

6 اکتوبر کو ہونے والے “کواڈ” (چار ممالک) کے ایک وزارتی اجلاس کے دوران وزیر خارجہ مائیکل آر پومپیو نے تین کلیدی شراکت دار ممالک کے نمائندوں سے ملاقات کی اور بحرہند و بحرالکاہل کے خطے میں بنیادی آزادیوں اور قومی خود مختاری کی پرزور حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس سوچ کا اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے پڑوسی ممالک کو ڈرانے دھمکانے کی سوچ کا ایک تقابلی جائزہ پیش کیا۔

پومپیو نے ٹوکیو میں جاپان، بھارت اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا، “ہم سب آزاد اور کھلے بحرہند-بحرالکاہل کے لیے کوشاں ہیں اور ہماری بات چیتوں کا مقصد یہی اچھا نتیجہ حاصل کرنا ہے۔ کواڈ کے شراکت داروں کی حیثیت سے، ماضی کی نسبت یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم سی سی پی کے استحصال، بدعنوانی، اور زور زبردستی کے خلاف اپنے عوام اور شراکت کاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے تعاون کریں۔”

ٹویٹ:

وزیر خارجہ پومپیو:

کواڈ کے جاپان، آسٹریلیا، اور بھارت کے ہم منصبوں کے ساتھ کامیاب ملاقاتیں۔ ہماری نتیجہ خیز بات چیت میں آسانی پیدا کرنے کے لیے وزیر خارجہ موٹیجی کا شکریہ۔ کواڈ کا آزاد اور کھلے بحرہند-بحرالکاہل میں امن، سلامتی، اور خوشحالی کا تصور سانجھا ہے۔

چار جمہوریتوں کے اعلٰی راہنما دہشت گردی کے خاتمے، سمندری سلامتی اور سائبر سکیورٹی سے لے کر شفاف بنیادی ڈھانچے تک جن مختلف مسائل پر باقاعدگی سے صلاح مشورے کرتے رہتے ہیں اُن میں ففتھ جنریشن ( فائیو جی) مواصلاتی نیٹ ورک اور کووڈ-19 کی عالمی وبا سے نمٹنا بھی شامل ہیں۔

قانون کی بنیادوں پر قائم نظام کے ساتھ اُن کا عزم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقی اور جنوبی چینی سمندروں میں  عوامی جمہوریہ چین اشتعال انگیز رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ کئی ایک ممالک اقوام متحدہ میں بحیرہ جنوبی چین میں چین کے غیرقانونی سمندری دعووں کے  خلاف احتجاج کر چکے ہیں۔

اس وزارتی اجلاس میں کواڈ کے ارکان نے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے ممالک کی خود مختاری اور کووڈ-19 عالمی وبا کے بعد خطے کی اقتصادی بحالی کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

جاپانی وزیر خارجہ تاشی مٹسو موٹیجی نے وزارتی اجلاس کو بتایا، “ہماری اقوام جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آزاد معیشت جیسی مشترکہ کلیدی اقدار پر یقین رکھتی ہیں۔ ہم علاقائی ذمہ داری، قانون کی بنیادوں پر قائم ایک آزاد اور کھلے نظام کو مضبوط بنانے کے مشترکہ مقصد پر یقین رکھتے ہیں۔