
ٹکنالوجی کی اختراعی کمپنی، کوڈیلسکی گروپ کے سوئٹزرلینڈ میں واقع ہیڈکوارٹر میں وہ اکیڈمی ایوارڈ رکھا ہوا ہے جو متحرک فلموں کی صدابندی کی ریکارڈنگ میں ایک پیشرفت پر، 1965ء میں کمپنی نے جیتا۔
جب کوڈیلسکی نے اس سوال پر غور کیا کہ ایک اور ہیڈکوارٹر کہاں کھولا جائے تو کمپنی کے حکام کے مطابق ایک انتخاب جو بڑے واضح طور پر سامنے آیا وہ، امریکہ تھا۔
اس کی وجہ صرف یہ ہی نہیں تھی کہ امریکہ اس کی ڈیجیٹل سکیورٹی کے نظاموں کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ اس کے وکیل، مارک بیریالٹ کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ امریکہ دنیا کے سرکردہ لیڈروں کا مسکن ہے۔
فینکس میں نیا ہیڈکوارٹر کھولنے سے کمپنی امریکہ کے محمکہ تجارت کے سلیکٹ یو ایس اے پروگرام سے بھی مستفید ہو رہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت کمپنیوں کو امریکہ میں کاروبار کرنے میں سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ بیریالٹ کہتے ہیں، “آپ کو اس طرح کی مدد دنیا میں ہر جگہ نہیں ملتی۔”
وزیر تجارت، وِلبر راس 18 تا 20 جون کو ہونے والی سالانہ سیلیکٹ یو ایس اے سرمایہ کاری کی کانفرنس میں عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔ اس کانفرنس میں حکومت اور تجارتی لیڈر اپنی مہارتوں کے بارے میں بتائیں گے اور سرمایہ کاروں کو امریکہ بھر کی سینکڑوں اقتصادی و ترقیاتی تنظیموں سے ملائیں گے۔
2013ء میں اپنے آغاز کے بعد سلیکٹ یو ایس اے نے 23 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کی سرمایہ کاریوں میں مدد کی ہے جس سے امریکہ میں ہزاروں ملازمتوں کو برقرار رکھنے یا نئی ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔
کوڈیلسکی کا ہیڈ کوارٹر سوئٹزرلینڈ کے مقام چیزو سُر لوزین میں واقع ہے اور اس کے دنیا بھر میں کئی ایک دفاتر ہیں۔ حال ہی میں کمپنی نے اپنے 40 ملازمین کو فینکس بھجوایا ہے اور اگلے تین سالوں میں 300 لوگوں کو ملازم رکھنے کا وعدہ کیا ہے۔

وڈیوز سمیت کوڈیلسکی اپنے گاہکوں کی ڈیجیٹل مصنوعات کو محفوظ رکھنے میں مدد کرتی ہے۔ کمپنی نے 1950 اور 1960 کی دہائیوں میں فلم اور ٹیلی ویژن کی صنعتوں میں اعلٰی معیار کی آڈیو ریکارڈنگ میں پہل کاری کی جس کی بناء پر اسے ایمی ایوارڈوں کے ساتھ ساتھ آسکر کا ٹیکنیکل ایوارڈ بھی دیا گیا۔
ایک فیصلہ اور سب کی جیت
بیریالٹ نے کہا، “ہماری کمپنی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہے۔ ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم نے امریکہ میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ … میڈیا کی ترسیل سے متعلق بہت سارا صوتی نظام اور اس کا استعمال یہاں پر موجود ہے۔”
“یہ ہماری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ … آپ اپنے گاہکوں اور اپنے گاہکوں کے گاہکوں کو اُس وقت تک نہیں سمجھ سکتے جب تک آپ اُن کمیونٹیوں میں موجود نہ ہوں جن کی ضروریات وہ پوری کرتے ہیں۔”
وہ کہتے ہیں کہ ایک اور کشش یہ ہے کہ امریکہ کا قانونی نظام “املاکِ دانش کی کڑی حفاظت کرتا ہے۔ اس نظام کے تحت یہ تسلیم کیا جاتا ہے کہ یہ کمپنی کی بنیادی اثاثے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ امریکہ کی افرادی قوت دنیا میں سب سے زیادہ اعلٰی تربیت یافتہ ہے … [جو] اعلٰی تعلیم کے بہترین اداروں سے فارغ التحصیل ہے۔”
اپنی سابقہ پیشہ وارانہ زندگی میں ضوابطی اور تعمیلاتی رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے سان فرانسسکو اور سلیکون ویلی میں نئی قائم کی جانے والی کمپنیوں کی مدد کرنے والے، بیریالٹ کہتے ہیں کہ سلیکٹ یو ایس اے کے ساتھ کام کرنا “ایک قسم کی چشم کشائی تھی … کہ کمپنیاں اور سرکاری شعبہ جس طرح آپس میں مل کر کام کر سکتے ہیں اُس کے بارے میں یہ ایک خوشگوار تجربہ تھا۔”
بیریالٹ کا امریکہ میں سرمایہ کاری کرنے والی غیرملکی کمپنیوں کو مشورہ ہے کہ وہ سلیکٹ یو ایس اے کو “اپنی پہلی منزل بنائیں۔ وہ آپ کو ڈھیروں معلومات فراہم کریں گے اور آپ کو [علاقائی] اور مقامی اداروں سے ملوائیں گے۔ اس طرح فوری طور پر آپ کا ایک نیٹ ورک بن جائے گا۔”
وہ کہتے ہیں، “ایک عالمی معیشت کے طورپر ہمیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ امریکہ کاروبار کے لیے کھلا ہے۔”
2017ء کی سلیکٹ یو ایس اے کانفرنس 18 تا 20 جون، واشنگٹن کے دریائے پوٹامِک کے اُس پار میری لینڈ کے ایک کنونشن سنٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ یہ کانفرنس سرمایہ کاروں سے میل جول اور کاروباروں کے مالکان کو امریکہ بھر میں اپنے کاروباروں کو پھیلانے کے مواقع تلاش کرنے میں مدد کرے گی۔