دیوالی، بھارت کا روشنیوں کا تہوار ہے اور اسے ہندو دنیا بھر میں مناتے ہیں۔ سکھ ، جین اور بودھ لوگ بھی اسے اکثر مناتے ہیں۔ امریکہ میں اس تہوار کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ روایتی دیا یعنی مٹی کا چراغ، بدی پر نیکی کی فتح کی علامت ہے۔ یہ روایتی دیے اب امریکہ کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک دکھائی دینے لگے ہیں۔
کیلی فورنیا کی سجل پٹیل دیسوانی نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ ان کے بچے ہر سال دیوالی بالکل ااسی طرح ہی مناتے ہیں جیسے وہ خود اپنے بچپنے میں منایا کرتی تھیں۔
پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ہندووًں کی تعداد اس وقت 22 لاکھ 30 ہزار ہے۔ ہندو اور بودھ مت کے ماننے والوں کا شمار (عیسائیت، یہودیت اور اسلام کے بعد) امریکہ میں مذہبی گروپوں کے چوتھے بڑے گروپ میں ہوتا ہے۔ لہذا اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں کہ امریکہ میں اب پہلے سے زیادہ لوگ دیوالی منا رہے ہیں۔ اس تہوارکے موقع پر ہندوؤں کے مندر اور ثقافتی مراکز پارٹیوں کا اہتمام کرتے ہیں۔
اس پانچ روزہ تہوار سے ہندوؤں کے نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ تہوار کے دن کا انحصار چاند کی پوزیشن پر ہوتا ہے۔ بھارت میں 2016 کی دیوالی 30 اکتوبر کو شروع ہوگی جبکہ شمالی امریکہ میں یہ تہوار ایک دن پہلے شروع ہو رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس 2003ء سے دیوالی کی تقریب کی میزبانی کرتا چلا آ رہا ہے۔ اس کے علاوہ کئی ایک امریکی عجائب گھر اس موقع پر خصوصی پروگرام پیش کرتے ہیں۔ سی ایٹل کا آرٹ میو زیم ہر سال دیوالی کے موقع پر رقص کی محفل کا اہتمام کرتا ہے جس میں مدہوش لوگ بالی وُڈ کی موسیقی کی دھنوں پر رقص کرتے ہیں، مہندی لگاتے ہیں اور قسمت کا حال بتانے والوں سے ملتے ہیں۔ (اس آخری سرگرمی کا تعلق دیوالی کے موقع پر دولت اور خوشی کی دیوی، لکشمی کی پوجا سے ہے۔)
نیو یارک کے ٹائم سکوائر میں دیوالی پر آتش بازی کے مظاہرے ہوتے ہیں اور نیو یارک / نیرجرسی کے علاقے میں واقع شہروں میں پریڈوں اور دیوالی سے مطابقت رکھنے والے کارنیوالوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ریاست نارتھ کیرولائنا کے شہر، کیری میں بھارتی پارچہ بافی کی نمائش معنقد کی جاتی ہے اور کیلی فورنیا کے شہر آرٹیزیا میں لٹل انڈیا کے علاقے میں ایک فیشن شو کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
امریکہ کے محکمہ ڈاک نے حال ہی میں دیوالی کا ایک ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔ کسی ہندو تہوار کے احترام میں جاری کیا جانے والے امریکی ڈاک کا یہ پہلا ٹکٹ ہے۔ بھارتی نژاد امریکیوں کی جانب سے اس ڈاک ٹکٹ کے حق میں چلائی جانے والی مہم کی حمایت میں، محکمہ ڈاک کو آن لائن لگ بھگ 4,00,000 دستخطوں کے ساتھ ایک درخواست بھیجی گئی تھی۔
دیوالی کے تہوار کے دوران، کیا آپ امریکہ آنے کا پروگرام بنا رہے ہیں؟ ملک کے طول وعرض میں دیوالی کی تقریبات کا پتہ چلانا آسان ہے اور بہت سی تقریبات میں شرکت مفت ہے۔