
امریکہ میں تمام سرمایہ کار، اور یہاں تک کہ ممکنہ سرمایہ کار، ان کمپنیوں کی مالی تفصیلات جاننے کے حقدار ہیں جن میں وہ سرمایہ کاری کر رہے ہوتے ہیں۔
وہ عوامی کمپنیاں جو امریکی منڈیوں میں سرمایہ اکٹھا کرتی ہیں یا سرمائے کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہیں ان اُن کے لیے یہ لازم ہے کہ وہ وفاقی ضابطہ کاروں کے پاس دستاویزات جمع کروانیں۔ امریکی ضابطہ کار اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ فائلنگ [جمع کرائی گئیں دستاویزات] کو عوام کے لیے قابل اعتماد اور آسانی سے تلاش کیے جانے والے ڈیٹا بیس میں شفاف طریقے سے دستیاب بنایا جائے۔ اس طرح کی شفافیت سرمایہ کاروں کو مالی فراڈ سے بچاتی ہے۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن [ایس ای سی] ایک آزاد وفاقی ادارہ ہے۔ یہ ادارہ کارپوریٹ سالانہ گوشواروں، سہ ماہی گوشواروں، شیئر ہولڈرز کی میٹنگ کی رپورٹیں اور دیگر مالی معلومات کو ایڈگر نامی آسانی سے استعمال کیے جا سکنے والے ڈیٹا بیس میں جمع کرتا ہے۔ ایڈگر ” الیکٹرانک ڈیٹا اکٹھا کرنے، تجزیے، اور بازیافت کے نظام” کے انگریزی الفاظ کے پہلے حروف کا مخفف ہے۔
میزوری یونیورسٹی میں مالیاتی صحافت کی پروفیسر مارتھا سٹیفنز کہتی ہیں، “ایڈگر سرمایہ کاروں اور عوام کو عوامی کمپنیوں [سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ کمپنیوں] کے بارے میں بہت تفصیلی مالی معلومات فراہم کرتا ہے۔” سٹیفنز ‘ سوسائٹی فار ایڈوانسنگ بزنس ایڈیٹنگ اینڈ رائٹنگ’ کے ساتھ کام کرتی ہیں اور اب تک 40 سے زائد ممالک میں مالیاتی صحافیوں کو تربیت دے چکی ہیں۔
ایڈگر ڈیٹا بیس لاکھوں کمپنیوں کی فائلنگز کو سرمایہ کاروں، کارپوریشنوں اور صحافیوں کے لیے شفاف بناتا ہے۔ کمپنی کا نام تلاش کرکے، صارف ہر وہ تمام معلومات حاصل کر سکتا ہے جسے کمپنی نے ضابطہ کاروں کو بتایا ہوتا ہے۔
ایڈگر کسی بھی کمپنی کے مالی حالات کی تفصیلی تصویر پیش کرتا ہے۔ کوئی بھی فرد نفع اور نقصان کے ساتھ ساتھ کمپنی کے مالکان کے بارے میں بڑی تعداد میں معلومات تلاش کر سکتا ہے۔ ڈیٹا بیس میں مالی/حساب کتاب کے بڑے بڑے مسائل یا کمپنی کو درپیش قانونی مسائل کے بارے میں بھی اطلاعات درج ہوتی ہیں۔
کوارٹز کے اکنامکس رپورٹر، نیٹ ڈاکامیلو کہتے ہیں، “ایڈگر رپورٹرز کے لیے ایک انمول وسیلہ ہے۔ میں اسے کمپنیوں کے خلاف ایس ای سی کی نفاذِ قوانین کی کارروائیوں کے بارے میں فوری طور پر باخبر رہنے کے ساتھ ساتھ عوامی کمپنیوں کے مالی معاملات پر ایک سرسری نظر ڈالنے کے لیے استعمال کرتا ہوں۔”
ایس ای سی کے مطابق ایڈگر روزانہ تقریباً 3,000 فائلنگز پر کام کرتا ہے، سالانہ 3,000 ٹیرا بائٹس ڈیٹا عوام کو فراہم کرتا ہے اور ہر سال اوسطاً 40,000 نئے فائلرز کے لیے جگہ بناتا ہے۔

ایس ای سی میں جمع کروائی جانے والی رپورٹوں میں مندرجہ ذیل معلومات شامل ہوتی ہیں:-
- سالانہ اور سہ ماہی رپورٹیں۔
- • شیئر ہولڈروں کے اجلاس کے بارے میں پراکسی گوشوارے۔
- انتظامیہ کو کی جانے والی ادائیگیوں کی رپورٹیں۔
- افسروں، ڈائریکٹروں اور بڑے بڑے شیئر ہولڈروں جیسے کمپنی کے اندرونی حالات سے باخبر افراد کے مالی لین دین۔
- انضمام اور حصول کی تفصیلات۔
- ابتدائی پیشکشوں اور دیگر پیشکشوں کی رجسٹریشن اور اُن کی تعارفی تفصیلات۔
- • سیکیورٹیز پر مبنی کراؤڈ فنڈنگ کے بارے میں گوشوارے۔ چھوٹے انفرادی سرمایہ کاروں یا بڑی تعداد میں افراد سے پیسے اکٹھا کرنے کا طریقہ کراؤڈ فنڈنگ کہلاتا ہے۔
- • غیر ملکی پرائیویٹ جاری کنندگان (امریکہ سے باہر بنائی جانے والی کچھ عوامی کمپنیاں جن کے لیے ایس ای سی میں فارم جمع کرانے ضروری ہوتے ہیں)۔
- میوچل فنڈز اور بازار حصص میں خریدنے اور فروخت کیے جانے والے فنڈز کے باقاعدہ گوشوارے۔
ایڈگر کے عوامی ڈیٹا بیس تک رسائی مفت ہے۔ مارتھا سٹیفنز کہتی ہیں، “ایڈگر سیکیورٹیز کی ایک ایسی مارکیٹ بناتا ہے جو موثر، شفاف اور منصفانہ ہے۔ ایڈگر کے بغیر کمپنیوں کے اندر کے حالات جاننے والے عام لوگوں کی قیمت پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔”
یہ مضمون فری لانس مصنفہ، ہولی روزن کرانٹز نے تحریر کیا۔