امریکہ میں عورتوں کے لیے چھوٹا کاروبار شروع کرنا آسان ہے

عالمی بنک کی 2020ء کی کاروبار کھولنے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں نیا کاروبار کھولنے اور اسے رجسٹر کروانے میں اوسطاً چار دن لگتے ہیں۔

امریکہ کے چھوٹے کاروباروں کے ادارے کے عوامی رابطے کے دفتر کے مطابق امریکہ میں 30.7 ملین کاروبار ہیں اور اِن میں سے 99 فیصد چھوٹے کاروبار ہیں۔ (امریکہ کے چھوٹے کاروباروں کا ادارہ، (ایس بی اے) کسی بھی ایسے کاروبار کو چھوٹا کاروبار قرار دیتا ہے جس میں 500 سے کم افراد ملازم  ہوں۔)

امریکی معیشت میں کاروباری نظامت کاری کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہونے کی ایک وجہ، کاروبار شروع کرنے میں آسانی بھی ہے۔ ایس بی اے کے 2019ء کے اعداد و شمار میں لگائے گئے تخمینے کے مطابق چھوٹے کاروباروں میں 59 ملین افراد ملازمتیں کرتے ہیں۔ یہ تعداد مجموعی افرادی قوت کا 48 فیصد ہے۔

کاروبار کو رجسٹر کروانا

کاروباری ڈھانچوں کا تعین ٹیکس کے امریکی قوانین سے ہوتا ہے۔ اِن کا سلسلہ کارپوریشنوں سے لے کر فردِ واحد کی مالکیتوں تک پھیلا ہوا ہے۔ (موخرالذکر، کم خطرات والے والے وہ کاروبار ہوتے ہیں جن میں کاروبار کے مالکان کو قرضوں اور ذمہ داریوں کے لیے شخصی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا ہے۔) پیچیدگیوں کے حوالے سے شراکت داریاں انہی دو زمروں میں آتی ہیں۔

بنیادی طور پر شراکت داریوں کی دو اقسام ہوتی ہیں۔ محدود شراکت داریاں (ایل پی) چھوٹی کمپنیاں ہوتی ہیں جن میں ایک عمومی شراکت دار کی لامحدود ذمہ داریاں ہوتی ہیں جبکہ باقی سب شراکت داروں کی ذمہ داریاں محدود ہوتی ہیں۔ محدود ذمہ داریوں والی شراکت داریاں (ایل ایل پی) تمام شراکت داروں پر محدود ذمہ داریاں ڈالتی ہے۔ ذمہ داریوں کے خلاف تحفظ سے، دیوالیہ یا قانونی مقدمات کی صورت میں شراکت داروں کے ذاتی اثاثوں — یعنی گاڑیوں، گھروں یا بچت کے کھاتوں —  کو محفوظ بنایا جاتا ہے۔

ماسوائے وفاقی ٹیکس کے لیے ایک شناختی نمبر حاصل کرنے کے، کاروباروں کو عام طور پر وفاقی حکومت کے پاس رجسٹر کروانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نئے کاروباروں کو ریاستی اور مقامی حکومتیں رجسٹر کرتی ہیں۔ ہر ریاست کی رجسٹریشن کی اپنی اپنی شرائط ہوتی ہیں۔ بلکہ بعض حالات میں تو چھوٹے کاروباروں کو رجسٹریشن کروانے کی بالکل ضرورت ہی نہیں ہوتی۔

نئی کمپنیوں کی مدد کرنا

تندور میں مچھلی کی شکل میں پکی ہوئی پیسٹریاں (© Piroshky Piroshky Bakery, LLC)
ریاست واشنگٹن کے شہر سی ایٹل کی "پیروشکی پیروشکی بیکری” کی مچھلی کی شکل کی گاہکوں کی پسندیدہ اِن پیسٹریوں میں سیمن مچھلی، پنیر، سویا اور پیاز بھرا ہوتا ہے۔ (© Piroshky Piroshky Bakery, LLC)

نئی کاروباری کمپنیاں چلانا نقصانات کے خطروں سے خالی نہیں ہوتا۔ لیکن چھوٹے کاروباروں کا ادارہ اِن نقصانات سے نمٹنے میں نئی کمپنیوں کی مدد کرتا ہے۔ ایس بی اے قرضوں، قرض حاصل کرنے کے لیے ضمانتوں، معاہدوں، مشاورتی اجلاسوں اور دیگر اشکال میں مدد کے ذریعے کم و بیش 20 ملین چھوٹَے کاروباروں کی مدد کر چکا ہے۔

اس سال 22 ستمبر کو شروع ہونے والے چھوٹے کاروباروں کے ہفتے کے دوران، ایس بی اے "سال کی چھوٹے کاروبار کی شخصیت” کو ایوارڈ دے گا۔ یہ ایوارڈ امریکہ کی 50 میں سے ہر ایک ریاست، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا اور امریکہ کے علاقہ جات میں دیا جاتا ہے۔ اِن تمام علاقوں سے جیتنے والوں میں سے قومی سطح پر ایوارڈ جیتنے والے  ایک فرد کو منتخب کیا جاتا ہے۔ اِن ایوارڈوں سے ملنے والی شہرت کاروباری حوالے سے مددگار ثابت ہوتی ہے۔

اس سال کے ایوارڈ کے فائنل مقابلے میں پہنچنے والوں میں اولگا ساگان بھی شامل ہیں۔ وہ روس میں پیدا ہونے والی ایک تارک وطن ہیں اور سی ایٹل میں پیروشکی پیروشکی نامی بیکری کی مالکہ ہیں۔ ("پیروشکی” روسی زبان میں "چھوٹی پیسٹری” کو کہتے ہیں۔) حالیہ برسوں میں ساگان نے اپنی بیکریوں کی تعداد کو ایک سے بڑھا کر چار کیا، ایک فوڈ ٹرک  خریدا اور اپنی سیل میں 53 فیصد کا اضافہ کیا۔

ساگان کا خواہش مند کاروباری نظامت کاروں کو مشورہ ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ اُن کا کاروباری تصور اصلی ہو، مستقبل کے اپنے ملازمیں کے ساتھ اچھا سلوک کریں، اور منافع کمانے کی توقع کرنے سے قبل تین سال کی سخت محنت کے لیے تیار رہیں۔

وہ کہتی ہیں، "اپنے ساتھیوں کے ساتھ میل جول رکھیں اور دلیر بنیں۔”