امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ماحولیاتی سائنس میں ڈگریاں حاصل کرنے والے انڈر گریجوایٹ طالبعلموں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ وہ ماحول کو بہتر بنانے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور امریکہ کا سبز ٹکنالوجی کا مضبوط شعبہ ملازمتوں کی وجہ سے اُن کے لیے کشش کا باعث بن رہا ہے۔
امریکہ کے محکمہ تعلیم کے اعدادوشمار گزشتہ پانچ برس سے مسلسل یہ اضافہ دکھا رہے ہیں۔ 2017 – 2018 کے تعلیمی سال میں، جو کہ حالیہ ترین سال ہے اور جس کے لیے بحیثیت مجموعی اعدادوشمار دستیاب ہیں، 6,697 طالبعلموں نے ماحولیاتی سائنس کی ڈگریاں حاصل کیں۔ جس کا یہ مطلب ہے کہ پانچ سال قبل اس طرح کی ڈگریاں حاصل کرنے والے طالبعلموں کی تعداد کے مقابلے میں 1,155 زیادہ طالبعلموں نے یہ ڈگریاں حاصل کیں۔
اس رجحان کا اظہار انڈیانا یونیورسٹی، بلومنگٹن کے عوامی اور ماحولیاتی امور کے پال ایچ او نیل سکول سے ہوتا ہے جہاں 1972ء میں سکول کے قیام کے بعد سے ماحول کا تحفظ ایک ترجیح چلا آ رہا ہے۔ یہ سکول چیزوں کے بار بار استعمال کو فروغ دیتا ہے، سینسر سے چلنے والے پینے کے پانی کے نلکوں کا استعمال کرتا ہے، اور یہاں دیرپا اور محفوظ ترقی کے بارے میں مضامین پڑھائے جاتے ہیں۔ یہ سکول اپنا گریجوایٹ سنٹر ایک ایسی عمارت میں چلاتا ہے جسے دیرپائیت اور مستعدی کے لیے تشکیل دیئے گئے درجہ بندی کے ایل ای ای ڈی نظام کے تحت مصدقہ “گولڈ” عمارت قرار دیا گیا ہے۔
آر جے وڈرنگ سکول کے تعلیمی پروگراموں کے معاون سربراہ ہیں۔ وہ سکول کے تینوں بڑے شعبوں یعنی ماحولیاتی سائنس، ماحولیاتی اور دیرپائیت کے علوم، اور ماحولیاتی نظامت کاری کی ڈگریوں میں اضافہ ہوتا ہوا ہے دیکھ رہے ہیں۔ وڈ رنگ بتاتے ہیں کہ موسم بہار 2020 کے سیمسٹر میں اِن تینوں شعبوں میں 341 طالبعلموں نے ڈگریاں حاصل کیں۔ چار سال قبل یہ تعداد 200 تھی۔
ووڈ رنگ کہتے ہیں، “انہیں (یعنی طابعلموں کو) اُن کے اردگرد جو کچھ ہو رہا ہے اُس کا بخوبی احساس ہے اور اس میں یقیناً ماحول بھی شامل ہے۔ وہ یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ انہیں اپنے لیے اور اپنے بچوں کے لیے تازہ ہوا، صاف پانی، عمدہ پارک اور قدرتی وسائل میسر ہوں۔”
ماحولیاتی سائنس ایک مشقت طلب مضمون ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ طالبعلم کیلکیولس، شماریات، کیمسٹری، نامیاتی کیمسٹری، بیالوجی اور فزکس کی بنیادی تعلیم بھی حاصل کریں۔ وڈ رنگ بتاتے ہیں کہ موسم خزاں 2020 کے سیمسٹر میں 58 طالبعلم ماحولیاتی سائنس میں ڈگری حاصل کریں گے۔ گزشتہ سال کے موسم خزاں کے سیمسٹر میں 49 اور 2018 کے موسم خزاں کے سیمسٹر میں 40 طلبا نے ماحولیاتی سائنس میں ڈگریاں لیں۔
پوسٹ گریجوایٹ پروگراموں میں گریجوایٹوں کے لیے ریاست انڈیانا کے وسائل کے محکمے میں کام کرنا یا اسی شعبے سے متعلق تجربہ گاہوں میں یا عملی میدان میں کام کرنا شامل ہے۔
وڈرنگ کہتے ہیں، “جب وہ گریجوایشن کر لیں گے تو اُن کے لیے ملازمت کے روشن امکانات موجود ہوں گے۔”