یہ تحریر امریکہ میں وفاقیت کے طریق کار کے بارے میں مضامین کے تین حصوں پر مشتمل سلسلے کا حصہ ہے۔ دیگر حصوں میں ریاستی حکومتوں اور وفاقی حکومت کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
سینڈی ایونز قریباً چھ برس تک ورجینیا میں فیئرفیکس کاؤنٹی کے سکول بورڈ پر زور دیتی رہیں کہ ثانوی سکولوں میں جنہیں ہائی سکول بھی کہا جاتا ہے، کلاسیں تاخیر سے شروع ہونا چاہییں۔ ایونز نے 12 ارکان پر مشتمل سکول بورڈ کی ایک خالی نشست پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا اور وہ یہ انتخاب جیت گئیں۔ انہوں نے ہائی سکولوں میں 7 بج کر 20 منٹ کے بعد کلاسیں شروع کرنے پر زور دینا جاری رکھا۔
2014 میں ایونز اور سکول بورڈ میں شامل نئے ارکان نے، نئے سپرنٹنڈنٹ اور دیگر لوگوں کی حمایت سے فیئرفیکس کاؤنٹی کے سکول ڈسٹرکٹ میں تدریسی عمل 8 بجے کے بعد شروع کرنے کی منظوری دی۔ فیئرفیکس کاؤنٹی سکول ڈسٹرکٹ امریکہ کا 10واں سب سے بڑا سکول ڈسٹرکٹ ہے۔ ایونز کہتی ہیں، “[میرے نزدیک]یہ کسی لحاظ سے واحد مسئلہ نہیں تھا مگر یقینا یہ کام بورڈ میں میری اولین ترجیح تھا۔”
امریکہ میں مقامی حکومت میں خوش آمدید۔
مقامی حکومتیں کیا کرتی ہیں؟
“امریکہ ایک ایسے نظام پر انحصار کرتا ہے جسے ” وفاقیت” کہا جاتا ہے:جو اختیارت وفاقی حکومت کو نہیں دیئے گئے وہ ریاستی حکومت اور عوام کے لیے مختص ہیں۔” اس تصور کو سمجھنا اہم ہے کیونکہ شہریوں کو روزانہ مختلف انداز میں مختلف سطح کی حکومتوں سے واسطہ پڑتا ہے۔
واشنگٹن میں واقع ادارے ‘امیریکن لیجسلیٹو ایکسچینج کونسل’ میں عالمی تعلقات اور وفاقیت کے شعبے کی ڈائریکٹر، کارلا جونز کا کہنا ہے کہ مقامی حکومت امریکی زندگی کا ایک اہم جزو ہے کیونکہ شہریوں کو اسی ادارے سے سب سے زیادہ واسطہ پڑتا ہے۔ بنیادی شہری خدمات کی ایک بہت بڑی تعداد مقامی حکومتیں ہی مہیا کرتی ہیں۔ ان میں پانی اور نکاسی آب کی خدمات، کوڑا کرکٹ کی صفائی، برف ہٹانا، رہائش اور ٹرانسپورٹ سے متعلق خدمات سکولوں کے نصاب سے متعلق قانون سازی اور عوام کی حفاظت شامل ہیں۔
مثال کے طور پر جب امریکی شہری گھر میں بحرانی کیفیت کے دوران ہنگامی بنیادوں پر مدد کے لیے ٹیلی فون کرتے ہیں تو مقامی پولیس افسر، آگ بجھانے والے محکمے کا اہلکار یا طبی عملے کا رکن مدد کے لیے گھر آتے ہیں۔ سب سے پہلے جائے وقوعہ پرپہنچنے والے ان لوگوں کو عموماً مقامی حکومت تنخواہ دیتی ہے اور وہ اسی کو جوابدہ ہوتے ہیں۔ مقامی حکومت اپنے وسائل مقامی سطح پر عائد ہونے والے محصولات سے جمع کرتی ہے۔
جونز واضح کرتی ہیں، “یہ حکمرانی کی بنیاد ہے اور اس کی وجہ کسی حد تک ہماری وفاقیت ہے۔ اس نظام میں جو اختیارات وفاقی حکومت کو نہیں دیئے جاتے وہ اختیارات ریاستی اور مقامی حکومتوں کو منتقل کر دیئے جاتے ہیں۔”
ذیل کے گراف میں ہر حکومتی شعبے میں اداروں کی اقسام کا خلاصہ دیا گیا ہے:

مقامی حکومتوں کی تعداد کتنی ہے؟
2017 میں لیے گئے جائزے کے مطابق امریکہ میں کم و بیش 90 ہزار مقامی حکومتیں موجود ہیں۔ یہ جائزہ ہر پانچ برس بعد لیا جاتا ہے۔
ریاست ایلا نوائے میں مقامی حکومتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو قریباً 7 ہزار تک ہے۔ ہوائی میں مقامی حکومتیں سب سے کم ہیں جن کی تعداد 21 ہے۔
عمومی طور پر مقامی حکومت کے دو درجے ہوتے ہیں۔ ان میں بڑے حصوں کو کاؤنٹی (لوزیانا میں انہیں پیریش اور الاسکا میں بورو) میونسپلٹی یا شہر/ قصبہ جات کہا جاتا ہے۔ بعض اوقات کاؤنٹیاں ٹاؤن شپس میں منقسم ہوتی ہیں۔
میونسپلٹی کا ڈھانچہ مختلف ہوتا ہے کیونکہ اس کا دارومدار ریاستی آئین پر ہوتا ہے۔ انہیں دیہات، بورو، ٹاؤن، ٹاؤن شپ یا شہر بھی کہا جا سکتا ہے۔
مقامی حکومت ‘کچھ لو اور کچھ دو’ کے نظام پر چلتی ہے۔ مثال کے طور پر فیئرفیکس کاؤنٹی سکول کی بورڈ ممبر ایونز ابتداً ہائی سکولوں میں تدریسی عمل کے آغاز کا وقت صبح 8 بج کر 30 منٹ مقرر کرانا چاہتی تھیں۔ ایونز کہتی ہیں، “اس کام کے لیے سبھی کو کوئی نہ کوئی بات ماننا تھی۔ آپ کو دوسروں کی بات سننے اور سمجھوتہ کرنے کی بابت سیکھنا ہوتا ہے۔”
یہ مضمون اس سے قبل 20 دسمبر 2017 کو بھی شائع ہو چکا ہے۔