
ہندوستانی ثقافت میں رقص کی بہت اہمیت ہے۔ امریکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پہلی بار ہولی کی تقریبات کے ذریعے ہندوستانی رقص کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔
رنگوں کا ہندو تہوار 18 مارچ کو آتا ہے۔ اور اس سال کووڈ-19 کے مریضوں کی گھٹتی ہوئی تعداد کی وجہ سے امریکہ میں ہونے والی ہولی کی زیادہ تر تقریبات انفرادی سطح پر منعقد کی جائیں گیں جو کہ 2021 کے مقابلے میں ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔
ہلہ گلہ کرنے والے ایک دوسرے پر رنگوں کا چمکدار پاؤڈر پھینک کر ایک بار پھر موسم بہار اور برائی پر اچھائی کی فتح کا خیرمقدم کریں گے۔
آکانشا مہیشوری ایک ہندوستانی نژاد رقاصہ اور کوریوگرافر ہیں اور وہ لاس اینجلیس میں رہتی ہیں۔ وہ 26-27 مارچ کو ریاست یوٹاہ کے شہر سپینش فورک میں ہونے والے ایک پروگرام میں اپنا فن کا مظاہرہ کریں گیں۔
ہندوستانی کلاسیکی اور لوک رقص کے علاوہ، ہولی کی مقبول ترین امریکی تقریبات میں موسیقی، یوگا، کھانے اور ہاتھ سے بنائی گئیں اشیاء پیش کی جائیں گیں۔
مہیشوری کہتی ہیں کہ وہ ہولی کی تقریبات میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے وقت مختلف انداز کے مرکب کو متعارف کرانا پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا، “میں دیکھنے والوں کے لیے ہندوستان کے کلاسیکی، لوک اور بالی ووڈ رقص لے کر آتی ہوں۔”
مہیشوری نے اپنے آبائی علاقے نئی دہلی میں 7 سال کی عمر میں رقص شروع کیا اور انہوں نے قدیم ہندوستانی کلاسیکل رقص، بھارت ناتیم کے فن کی بڑی محنت سے ریاضت کی۔ رقص کی یہ قسم باریک حرکات اور سُر تال کی حامل ہوتی ہے۔ انہوں نے کالبیلیا رقص کے انداز کا بھی مطالعہ کیا۔ اس لوک رقص کا تعلق بھارت کے راجستھان کے علاقے سے ہے اور اس میں عام طور پر ناگ کی طرح حرکت کی جاتی ہے۔
‘میں چاہتی ہوں کہ لوگ رقص دیکھیں’
2013 میں، مہیشوری لاس اینجلیس منتقل ہوگئیں جہاں انہوں نے بالی پاپ کے نام سے ایک رقص فٹنس پروگرام ترتیب دیا جس میں بالی ووڈ کی طرز کے رقص کی حرکیات شامل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی کلاسیں ہندوستانی رقص کو ہر عمر اور تجربے کی سطح کے لوگوں کے لیے قابل رسا بنانے میں مدد کرتی ہیں۔
یہ لائحہ عمل نوآموزوں کے لیے آسان ہوتا ہے، کیونکہ ہندوستانی کلاسیکی اور لوک رقص کی پیچیدگیاں نئے آنے والوں کے لیے مشکل ثابت ہو سکتی ہیں۔ مہیشوری نے ہندوستانی رقص کی علاقائی روایات کی چند ایسی مثالیں بھی پیش کیں جو عام طور پر ہولی کے میلوں میں دیکھنے میں آتی ہیں۔

مہیشوری نے بتایا کہ ہندوستان میں رقص کے مختلف انداز پائے جاتے ہیں۔ جنوبی ریاست کرناٹک میں ہولی کنیتھا نامی مردوں کا لوک رقص عقیدتی موسیقی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے جبکہ شمالی ریاست اتر پردیش میں، راس لیلا رقص (خوابدار، لہر جیسی حرکت کے ساتھ) لکڑی کی لاٹھیوں اور پھولوں کی پتیوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ ہولی کے موقع پر اِن کا پسندیدہ رقص ‘ گاربا ‘ ہے جس کا تعلق بھارتی ریاست گجرات سے ہے۔ انہوں نے کہا، “لوگ اس لوک رقص میں بڑے بڑے مشترکہ مرکز والے دائرے بناتے ہیں، [اور] تالیاں بجاتے ہیں اور ڈھول کی ایک سادہ سی تھاپ پر چلے جاتے ہیں۔”
امریکی تہواروں میں وہ بالی ووڈ کے اونچی سُروں والے گانوں میں آگے چلتے ہوئے ہمنواؤں کی آسان حرکات کی رہنمائی کرتی ہیں۔ جیسا کہ اِس ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے، ایسا وہ اکیلی پرفارمنسوں میں اور اپنی ساتھی رقاصہ، مالینی تنیجا کے ہمراہ عام پرفارمنسوں میں کرتی ہیں۔ اِس ویڈیو میں پنجاب کا روایتی لوک رقص بھنگڑا دکھایا گیا ہے۔
یوٹاہ فیسٹیول میں مہیشوری اپنی بالی پاپ ٹیم کے تین ارکان کے ہمراہ ہندی زبان کی 2022 کی بالی ووڈ فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی کے گانے “ڈھولیڈا” پر لوک رقص پیش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندی، پنجابی، تامل اور تیلگو سمیت مختلف ہندوستانی زبانوں میں مشہورگانوں پر طائفے کی شکل میں کیے جانے والے رقص کے ایک پروگرام کی بھی قیادت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہولی کے تہوار پر رقص کرنا خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ گزشتہ دو برس سب کے لیے مشکل رہے۔ میں لوگوں کو، دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ رقص کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں، وہ اپنے آپ کو اوپر اٹھتا ہوا اور مثبت محسوس کریں، اور رقص سے متاثر ہوں۔”