امریکہ میں پاس اوور

امریکہ بھر میں یہودی گھرانے اور یہودی عبادت خانے پاس اوور [یہودی عید] کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس تہوار کا شمار یہودیوں کے مقدس ترین اور بڑی تعداد میں منائے جانے والے تہواروں میں ہوتا ہے۔

پاس اوور کا نام اُس روایتی کہانی سے ماخوذ ہے جس کے مطابق خدا نے مصر میں غلام یہودیوں کو “آزادی بخشی” اور انہیں طاعون سے بچایا۔ نتیجتاً وہ سب آزادی سے ہمکنار ہوئے۔

ہر سال موسم بہار میں باعمل یہودی “سیڈر” کے نام سے مشہور پاس اوور کا روایتی کھانا تیار کرتے ہیں اور یہ کہانی دہراتے ہیں کہ خدا نے کیسے اُن کے نبی موسٰی علیہ سلام کو یہودیوں کے مصر سے نکلنے کی قیادت کرنے کا حکم فرمایا۔ روایت کے مطابق وہ صحرائے سینا میں 40 سال تک بھٹکنے کے بعد آخرکار ارض موعودہ میں پہنچے۔

پاس اوور کی کہانی دہرانے میں بچوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ پاس اوور کے سیڈر نامی کھانے کے دوران سب سے چھوٹے بچے کا اس رات کی خصوصیت کی وجہ بتانے کے لیے چار سوال پوچھنا ایک روایتی فعل ہے۔ بچے انعام حاصل کرنے کے لیے مٹسو نامی روٹی سے “آفی کومن” کہلانے والے توڑے گئے ٹکڑے کو ڈھونڈ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

Two boys wearing yarmulkes sitting at table, one raising his hand (© Dina Rudick/The Boston Globe/Getty Images)
(© Dina Rudick/The Boston Globe/Getty Images)

سیڈر نامی روایتی یہودی کھانے کی پلیٹ میں مٹسو کہلانے والی غیرخمیری روٹی شامل ہوتی ہے۔ اس سے یہودی رات کے وقت جلدی میں اپنے اُس فرار کی یاد مناتے ہیں جب اُن کے پاس اس روٹی کے آٹے کے خمیرہ ہونے تک انتظار کرنے کا وقت نہیں تھا۔ نمک ملے پانی کا پیالہ یہودیوں کے اُن آنسوؤں کی علامت ہے جو وہ مصر میں غلاموں کی حیثیت سے بہایا کرتے تھے اور کڑوی جڑی بوٹیاں کھانا غلامی کے اداس سالوں کی یاد دلاتا ہے۔ پھلوں، بادام وغیرہ کی گریوں اور شراب سے تیار کیا گیا “چارسیٹ” کہلانے والا شیرہ اُس گارے کی نمائندگی کرتا ہے جو غلاموں کی حیثیت سے یہودی اینٹیں لگانے کے لیے تیار کیا کرتے تھے۔ ایک ہڈی اُس دنبے کی بصری یاد دہانی کراتی ہے جس کی اولین پاس اوور کے کھانے سے پہلے قربانی کی گئی تھی۔

پاس اوور کی تاریخ کا یہودی کیلنڈر کے حساب سے تعین کیا جاتا ہے۔ اس کیلنڈر کی بنیاد قمری مہینوں پر ہے جن کا آغاز ہر ماہ نیا چاند نکلنے پر ہوتا ہے۔ پاس اوور “نسان” کے مہینے کی 14 تاریخ کو شروع ہوتا ہے جو موسم خزاں کا پہلا مہینہ ہوتا ہے۔ اس سال پاس اوور 30 مارچ کی شام کو شروع ہوکر 7 اپریل کی شام کو ختم ہو جائے گا۔

گزشتہ سال صدر ٹرمپ نے پاس اوور کے تہوار کو ایک ایسی “ناقابل یقین قوم کی ‘ آزادی کی کہانی’ قرار دیا تھا جس کو جبر و استبداد سے آزادی ملی تھی۔”