امریکہ میں کینسر سے ہونے والی اموات کی شرح میں ریکارڈ توڑ کمی کی وجہ: کینسر کے علاج میں پیشرفتیں

وِگ پکڑے، مسکراتی ہوئی خواتین (© Joseph Prezioso/AFP/Getty Images)
بوسٹن فیشن میں ماڈل خواتین کا جذباتی سلام۔ اس شو کی میزبانی، ورما فاؤنڈیشن نامی ایک غیرمنفعتی تنظیم نے کی جو بیماری کی وجہ سے بالوں سے محروم ہو جانے والے کینسرکے مریضوں کے لیے اُن کے ناپ کے مطابق سر پر لگانے والی وِگیں تیار کرتی ہے۔ (© Joseph Prezioso/AFP/Getty Images)

امریکن کینسر سوسائٹی کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق ایک حالیہ برس میں امریکہ میں کینسر سے ہونے والی اموات کی شرح میں 2.4 فیصد کمی آئی ہے جو کہ اب تک ریکارڈ کی جانے والی کمی کی سب سے زیادہ شرح ہے۔ اس کی جزوی وجہ نئے علاج ہیں۔

 پھیپھڑوں کے کینسر سے صحت یابی کی شرح میں اضافہ دکھانے والا گراف۔ ماخذ: امریکن کینسر سوسائٹی (State Dept./Frank Carter)
(State Dept./Frank Carter)

امریکہ میں حالیہ ترین سال (2017–2018) کے لیے دستیاب کینسر کی کم ہوتی ہوئی شرح اموات، 25 سال پہلے شروع ہونے والے ایک رجحان کا حصہ ہے۔ کینسر کے علاج کے ماہر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اموات میں کمی کے پیچھے کارفرما وجوہات میں بڑے پیمانے پر تمباکو نوشی میں کمی اور پھیپھڑوں کے کینسر اور جلد کے کینسر (میلانوما) کی تشخیص اور ان کے علاج میں ہونے والی پیشرفتیں ہیں۔

میلانوما کے علاج کے بارے میں نئی رپورٹ میں جن عوامل کا حوالہ دیا گیا ہے اُن میں گلٹیوں کے سالموں کی جڑوں پر حملہ کرنے والی دواؤں کی تیاری کے ساتھ ساتھ ایسے علاج بھی شامل ہیں جو مریضوں کے  مدافعاتی نظاموں کو مضبوط بناتے ہیں۔ مدافعاتی نظام کے علاج کے ساتھ وہ اہدافی علاج بھی اموات کی کم ہوتی شرحوں میں کردار ادا کرتے ہیں جو مخصوص قسم کے جینیاتی تغیرات یا پروٹینوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

اور اب جدید علاجوں کی تیاری میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ پوری دنیا کی 123 ارب ڈالر کینسر کی دواؤں کی مارکیٹ کا شمار دوا سازی کے سب سے بڑے اور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے شعبوں میں ہوتا ہے۔ یہ مارکیٹ کمپنیوں کو کینسر کا علاج کرنے والی نئی دواؤں کی تیاری میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

 زندگیاں بچانا

امریکن کینسر سوسائٹی کے مطابق دنیا بھر میں کینسر اب بھی صحت عامہ کا ایک بڑا مسئلہ ہے اور (دل کی بیماری کے بعد) امریکہ میں اموات کی دوسری سب سے بڑی وجہ ہے۔

 ڈاکٹر کے پاس ایک مریض بیٹھا ہوا ہے اور ڈاکٹر اپنی انگلی سے سی ٹی سکین میں گلٹیاں دکھا رہا ہے (© Saul Loeb/AFP/Getty Images)
ریاست میری لینڈ میں صحت کے قومی ادارے میں ڈاکٹر کرسچیئن ہینرکس، مریض، فریڈ جینک کو علاج سے پہلے (دائیں) اور صحتیابی کے بعد (بائیں) کی کینسر کی گلٹیوں کا سی ٹی سکین دکھا رہے ہیں۔ (© Saul Loeb/AFP/Getty Images)

مشکلات تو اب بھی درپیش ہیں مگر پیشرفت بھی اچھی خاصی ہوئی ہے۔ بیسویں صدی کے بیشتر حصے میں اضافے کے بعد، کینسر کی اموات کی شرح 1991 اور 2018 کے دوران اپنے نقطہ عروج کے مقابلے میں 31 فیصد کم ہوئی ہیں۔ تعداد کے لحاظ سے مذکورہ مدت میں 32 لاکھ اموات کم ہوئیں۔

پھیپھڑوں کے کینسر کی بیمارے کے تمام مرحلوں میں صحت یابی کی شرحوں میں بہتری آئی ہے۔ اور حالیہ برسوں میں خواتین کی چھاتی کے کینسر، مثانے کے غدود کے کینسر اور بڑی آنت کے کینسر سے ہونے والی اموات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

 کینسر سے ہونے والی مجموعی اموات اور مخصوص قسم کے کینسروں سے ہونے والی اموات میں کمی دکھانے والا گراف۔ ماخذ: امریکن کینسر سوسائٹی (State Dept./Frank Carter)
(State Dept./Frank Carter)