Deb Haaland smiling. (Robert F. Bukaty/AP Images)
Interior Secretary Deb Haaland visits Acadia National Park, Friday, June 18, 2021, in Winter Harbor, Maine. (AP Photo/Robert F. Bukaty)

امریکہ کی وزیر داخلہ، ڈیب ہالینڈ عوامی خدمت کی خاندانی روایت کو لے کر آگے چل رہی ہیں۔ اُن کی والدہ اور والد دونوں نے امریکی فوج میں خدمات انجام دیں اور اُن کے بھائی نے آبائی امریکیوں کے امور کے بیورو میں کام کیا۔

ہالینڈ کسی بھی امریکی صدر کی کابینہ کی رکن بننے والی پہلی آبائی امریکی ہیں۔ اُن کا تعلق لیگونا کے پیبلو سے ہے اور وہ نیو میکسیکو میں رہنے والی اپنے قبیلے کی پینتیسویں نسل ہیں۔

تنوع اور شمولیت کی حامل ایک ایسی حکومت  کا فروغ بائیڈن-ہیرس انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جو امریکی تاریخ کی متنوع ترین حکومت دکھائی دے۔

ہالینڈ نے حال ہی میں لکھا، “جب صدر جو بائیڈن نے مجھے امریکی وزیر داخلہ کے طور نامزد کیا تو میں نے اِس لمحے کی وہ انتہائی زیادہ اہمیت محسوس کی جو اسے ہمارے ملک کی آبائی قبائل کے حوالے سے حاصل ہے۔”

ہالینڈ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی نامزدگی “امریکیوں کے لیے ایک قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنے اور ہم سب کے لیے مواقع پیدا کرنے کی ایک حوصلہ افزا پیش رفت ثابت ہوگی۔”

 ساتھ ساتھ میں بیٹھی ہوئی دو عورتیں مسکرا رہی ہیں۔ (© J. Scott Applewhite/AP Images)
کانگریس کی ممبر کی حیثیت سے ڈیب ہالینڈ، دائیں طرف، ونڈو راک، ایریزونا سے ناوا ہو نیشن کونسل کی مندوب، ایمبر کروٹی کے ہمراہ 2018 میں آبائی امریکیوں کے امور کی سینیٹ کمیٹی کی سماعت کے دوران۔ (© J. Scott Applewhite/AP Images)

ہالینڈ قومی پارکوں سمیت امریکہ کے وسیع قدرتی اور ثقافتی وسائل کے انتظام کی ذمہ دار وزارت چلاتی ہیں۔ دیگر مسائل کے علاوہ یہ وزارت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹتی ہے اور تحفظ کو فروغ دیتی ہے۔

کابینہ کی سطح پر تاریخ رقم کرنے سے قبل، 2018 میں ڈیب ہالینڈ کانگریس کے لیے منتخب ہونے والی اولین دو آبائی امریکی خواتین میں سے ایک خاتون تھیں۔ کانگریس میں اپنی رکنیت کی مدت کے دوران ہالینڈ نے قانون سازی کے وہ بل پیش کیے جو لاپتہ آبائی خواتین، کاروباری ترقی اور قبائلی خود مختاری جیسے آبائی امریکیوں کے نزدیک اہمیت کے حامل مسائل سے متعلق قانون بنے۔

2015 سے انہوں نے ریاست نیو میکسیکو کی ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ کے طور پر دو مدتوں تک خدمات انجام دیں۔ اس طرح انہیں کسی ریاست پارٹی کی قیادت کرنے والی پہلی آبائی امریکی فرد ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

عوامی خدمت کے شعبے میں آنے سے قبل ہالینڈ نے قانون کی ڈگری حاصل کی اور ایک چھوٹا کاروبار چلایا۔

سینیٹ میں اپنی نامزدگی کی توثیق کی سماعت کے دوران انہوں نے کہا، “اگر کسی عام سی آبائی [امریکی] خاتون کی وزیر داخلہ کے طور پر نامزدگی کی توثیق کی جا سکتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارا ملک سب کے لیے امیدوں بھرا مستقبل لیے ہوئے ہے۔”