امریکہ کی کووڈ-19 ویکسینوں کی خوراکوں کے عطیات کی تعداد 500 ملین سے بڑھ گئی [ویڈیو]

بار بردار طیارے کے قریب پڑے ڈبوں کے درمیان کھڑا ایک آدمی (© Brian Inganga/AP Images)
امریکی حکومت کی طرف سے کوویکس پروگرام کے ذریعے عطیہ کردہ ماڈرنا کی کووڈ-19 ویکسین کی خوراکوں کے ڈبے 23 اگست 2021 کو نیروبی، کینیا پہنچائے گئے۔ (© Brian Inganga/AP Images)

کوویکس اور دیگر شراکت داریوں کے ذریعے امریکہ اب تک پوری دنیا میں زندگیاں بچانے کے لیے کووڈ-19 کی ویکسینوں کی نصف ارب سے زائد محفوظ اور موثر خوراکیں دوسرے ممالک کو عطیے کے طور پر فراہم کر چکا ہے۔

ویکسین کی 500 ملین خوراکیں دنیا کے مختلف خطوں میں واقع 110 سے زائد ممالک میں مفت پہنچائی جا چکی ہیں۔ یہ ویکسینیں صدر بائیڈن کے اس وعدے کا حصہ ہیں جس میں انہوں نے امریکہ کی طرف سے  1.2 ارب خوراکوں کا عطیہ  دے کرامریکہ کو دنیا کا “ویکسینوں کا اسلحہ خانہ” بنانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ کوویکس، کووڈ-19 کی ویکسینوں کی مساویانہ تقسیم کا ایک عالمگیر پروگرام ہے۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے 17 مارچ کو کہا کہ امریکہ کے  ویکسینوں کے عطیات اُن وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ  مل کرانسانی  زندگیاں بچانا اور اِس وباء کا خاتمہ کرنا ہے۔

بلنکن نے کووڈ-19 ویکسینوں کی 500 ملین خوراکیں بھیجنے کا سنگ میل عبور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا، “ہم حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں، ویکسین تیار کرنے والوں، این جی اوز، نجی شعبے اور دیگر کے ساتھ مل کر  ویکسین فراہم کرنے کے لیے انتھک طور پر کام کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔”

امریکہ ویکسین کی تیاری اور تقسیم کو عالمی سطح پر پھیلانے کا بھی کام کررہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ویکسین کی خوراکیں وہاں پہنچ پائیں جہاں ان کی ضرورت ہے۔ ویکسین کی رسائی کو بہتر بنانے کی خاطر امریکہ نے وباء کے آغاز کے بعد سے 120 سے زائد  ممالک کو صحت، انسانی، اقتصادی اور ترقیاتی امداد میں تقریباً 20 ارب ڈالر کے عطیات دیئے ہیں۔

ذیل میں اُن چند ایک طریقوں کا ذکر کیا گیا ہے جن کے تحت امریکہ کووڈ-19 کی ویکسی نیشن میں اضافہ کرنے میں مدد کر رہا ہے:-

  • پیراگوئے کی حکومت نے فائزر بائیو این ٹیک ویکسین کی دو ملین خوراکوں کا امریکی عطیہ وصول کرنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر کووڈ-19 کے پانچ لاکھ ٹیکے لگائے۔
  • زیمبیا نے امریکی صدر کے ایڈز کے خاتمے کے ہنگامی منصوبے (پیپ فار) کے تعاون سے 500 سے زیادہ صحت کے سہولیاتی مقامات کے ذریعے کووڈ-19 کی ویکسین کے تقریباً دو ملین ٹیکے لگائے۔
  • امریکہ نے افریقی یونین، فرانس اور جرمنی کی شراکت سے افریقہ میں کووڈ-19 ویکسین تیار کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کی سب سے بڑی دوا ساز کمپنی، ایسپن فارما کیئر ہولڈنگز لمیٹڈ میں 600 ملین یورو کی سرمایہ کاری میں تعاون کیا۔
  • آسٹریلیا، بھارت، جاپان اور امریکہ اپنی کواڈ شراکت داری کے ذریعے بحرہند و بحرالکاہل کے خطے سمیت کووڈ-19 کی ویکسین لگانے میں مدد کرنے کی خاطر بھارت میں کووڈ-19 کی ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں مالی اعانت فراہم کر رہے ہیں۔
  • امریکہ کے ریسکیو منصوبے کے قانون کے تحت امریکہ نے کووڈ-19 ویکسینوں کی فراہمی، صحت عامہ کے پروگراموں اور اس وباء کے بعد معاشی بحالی سمیت، اقوام متحدہ کی تنظیموں کو 580 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے تاکہ کووڈ-19 کے خاتمے کی کوششوں میں اِن تنظیموں کی مدد کی جا سکے۔

بلنکن نے 17 مارچ کو کہا کہ اومیکرون اور کورونا کی ممکنہ نئی قسموں سے پوری دنیا کے لوگوں کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا، “یہ کام انتہائی اہم ہے کیونکہ یہ وباء ابھی ختم نہیں ہوئی۔ امریکہ زندگیاں بچانے اور مستقبل کی وبائی امراض کے لیے بہتر تیاری کی خاطر شراکت داروں اور کمیونٹیوں کے ساتھ مل کر ہر سطح پر کام  کرنا جاری رکھے گا۔”