امریکہ کے شہروں میں جونٹینتھ کیسے منایا جاتا ہے [تصویری جھلکیاں]

دو عورتوں نے گہرے نیلے رنگ کے لباس اور سروں پر ہیٹ پہنے ہوئے ہیں (© Eduardo Munoz Alvarez/AP Images)
19 جون 2021 کو نیویارک میں عورتیں "براڈوے لیگ فار جونٹینتھ" کی طرف سے منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہو رہی ہیں۔ (© Eduardo Munoz Alvarez/AP Images)

افریقی نژاد امریکیوں نے 1866 میں جونٹینتھ یا جون 19 منانا شروع کیا۔ اِس دن معاشرے کے لیے سیاہ فام امریکیوں کی خدمات، اُن کی غلامی کی تاریخ پر قابو پانے میں اِن کی طرف سے لچک کا مظاہرہ، اور نظاماتی نسل پرستی کے خلاف ان کی جہد مسلسل کی یاد منائی جاتی ہے۔

بعض اوقات اسے غلامی سے آزادی کا دن بھی کہا جاتا ہے۔ جونٹینتھ ہمیں 1865 میں گیلویسٹن، ٹیکساس میں غلامی کے خاتمے کے اعلان کی یاد دلاتا ہے۔ صدر ابراہم لنکن نے امریکی خانہ جنگی کے دوران باغی ریاستوں میں غلاموں کو آزاد کرنے کے اعلان کے جاری کرنے کے تقریباً تین سال بعد یہ [ٹیکساس سے متعلق] اعلان  کیا تھا۔ (ٹیکساس میں غلاموں کے مالکان نے پہلے اعلان کو نظر انداز کر دیا تھا۔)

اس سال کا جون 19 دوسرا ایسا جونٹینتھ ہے جب یہ دن منانے کے لیے امریکہ بھر میں وفاقی تعطیل ہوگی۔ صدر بائیڈن نے 2021 میں “جونٹینتھ کے قومی یوم آزادی قانون” پر دستخط کیے تھے۔ اس دن پریڈیں، تقاریر، خطبات، موسیقی کے کنسرٹ اور کھانے پینے کے میلے منعقد کیے جائیں گے۔ حالیہ برسوں کے جونٹینتھ کی چند ایک تقریبات کا ذیل میں ذکر کیا جا رہا ہے:-

ڈینور

 پریڈ میں شامل ایک عورت کتبہ اٹھائے چل رہی ہے جس پر لکھا ہے: "میں جونٹینتھ ہوں۔" (© David Zalubowski/AP Images)
(© David Zalubowski/AP Images)

19 جون 2021 کو ڈینور کی اس پریڈ میں شامل ایک عورت نے جو کتبہ اٹھا رکھا ہے اُس پر لکھا ہے “میں جونٹینتھ ہوں۔” اس عبارت کا تعلق 1968 کی میمفس کی صفائی کا کام کرنے والوں کی ہڑتال کے دوران لائے گئے کتبوں سے ہے۔ اس ہڑتال میں شہری حقوق کے رہنما ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونیئر بھی شامل تھے۔ صفائی کا کام کرنے والوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: “میں بھی ایک آدمی ہوں۔” یہ عبارت در حقیقت مساوات، وقار اور احترام کا مطالبہ تھا۔  میمفس میں واقع شہری حقوق کے قومی میوزیم کے مطابق، “میں ایک آدمی ہوں” کی ابتدا افریقی نژاد امریکیوں اور سفید فام امریکیوں کے درمیان کام کی جگہ پر پائے جانے والے  معاشی اونچ نیچ سے ہوئی۔ یہ مطالبہ غلامی کے خاتمے کے بعد سیاہ فام برادریوں کی جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔


لاس اینجلیس

 کاروں کی پریڈ کے دوران سیاہ فام نوجوان تصویر کھچوانے کے لیے کھڑے ہیں (© Ringo H.W. Chiu/AP Images)
(© Ringo H.W. Chiu/AP Images)

لاس اینجلیس کے نواحی علاقے انگل ووڈ میں 19 جون 2021 کو کار پریڈ کے موقع پر ہلہ گلہ کرنے والے نوجوان تصویریں بنا رہے ہیں۔ کیلی فورنیا نے 2003 میں جون ٹینتھ کی سالانہ تعطیل کا اعلان کیا۔ اس دن اس کے شہروں کی مختلف بستیوں میں کئی ایک تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔  جونٹینتھ 2022 کے سلسلے میں انگل ووڈ میں افریقی نژاد امریکی فنکاروں کا اپنے فن کے برائے راست مظاہرے، افریقی ڈھولوں کے پروگرام، افریقی نژاد امریکی مصنفین کی کتابیں، افریقی ثقافت کی نمائندگی کرنے والے بازار اور بچوں کے آرٹ سے متعلق تقریبات منعقد کی جائیں گیں۔ لاس اینجلیس کے علاقے میں اس سال جونٹینتھ کی کچھ تقریبات کی میزبانی ویلز فارگو اور میکڈونلڈز جیسی بڑی کمپنیاں اور دی آرکیٹیکٹس کلیکٹو جیسی چھوٹی کمپنیاں کریں گیں۔


اٹلانٹا

 خاص قسم کا لباس پہنے ایک سیاہ فام بزرگ خاتون نوجوان ڈانسروں کے ساتھ ڈانس کر رہی ہیں (© Ben Gray/AP Images)
(© Ben Gray/AP Images)

جونی آلسٹن 19 جون 2021 کو پریڈ کے دوران اٹلانٹا میں اوبرن ایونیو پر بالٹی مور آل اسٹارز مارچنگ یونٹ کی قیادت کر رہی ہیں۔ اس سال اٹلانٹا “بلیک ہسٹری پریڈ” کی میزبانی کرے گا اور اِس موقع پر مفت کنسرٹ اور آتش بازی کا بندوبست کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اٹلانٹا کا تاریخی اوک لینڈ قبرستان جہاں اِس شہر کے بہت سے مشہور شہری دفن ہیں، افریقی نژاد امریکی قبرستانوں کے پیدل دوروں کی میزبانی بھی کرے گا تاکہ ان لوگوں کی زندگیوں کو اجاگر کیا جا سکے جنہوں نے غلامی اور امتیازی سلوک کے برے اثرات پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کی۔


واشنگٹن

 بہت سے لوگ ناچ رہے ہیں (© Amanda Voisard/The Washington Post/Getty Images)
(© Amanda Voisard/The Washington Post/Getty Images)

شہر کی سالانہ جونٹینتھ سرگرمیوں کے سلسلے میں گروپوں کی شکل میں لوگ 19 جون 2021 کو واشنگٹن کے “بلیک لائیوز میٹر” پلازہ میں “ملین مو مارچ” کے لیے جمع ہو رہے ہیں (مقامی بول چول میں “مو” “دوست” کو کہتے ہیں۔)۔ مارچ کرنے والے شہر کے مرکز سے یو سٹریٹ کوریڈور کی طرف جا رہے ہیں اور بہت سے لوگ مساوات اور انصاف کی حمایت میں گو گو میوزک کی تال پر ڈانس کر رہے ہیں۔ گوگو میوزک فنک میوزک کا واشنگٹن کا برانڈ ہے۔


ریاست مین کا شہر پورٹ لینڈ

سیاہ فام آدمی مگ اٹھائے، چٹکی بجا رہا ہے اور مسکرا رہا ہے (© Robert F. Bukaty/AP Images)
(© Robert F. Bukaty/AP Images)

ریاست مین میں لیوسٹن کے بیٹس کالج کے ہیڈ فٹ بال کوچ، مالک ہال جنوبی پورٹ لینڈ میں 19 جون 2021 کو ایک جشن میں ڈانس کر رہے ہیں۔ اس برس بھی پوری ریاست میں جون ٹینتھ کے موقع پر میلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ مثال کے طور پر ریاست مین میں ایلس ورتھ کے نولٹن پارک میں” سیاہ فاموں کی مسلسل کامیابیوں کو اجاگر کرنے” کی ایک تقریب میں برائے راست موسیقی پیش کرنے کے علاوہ مقامی کاریگروں، اور شعرا اور دیگر مصنفین بھی اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔


بوسٹن

لوگ ویڈیو کے قریب ڈانس کر رہے ہیں (© Elise Amendola/AP Images)
(© Elise Amendola/AP Images)

18 جون 2021 کو بوسٹن کے نُوبین سکوائر میں جون ٹینتھ کی یاد میں لوگ رقص کر رہے ہیں۔ اس سال جونٹینتھ کے تہواروں میں نُوبین سکوائر میں ایک بلاک پارٹی کا انتظام بھی کیا جائے گا جس میں ڈی جے اور سیاہ فام فوڈ ٹرکوں کی طرف سے فراہم کردہ اُن کے مشہور کھانے شامل ہوں گے۔ بوسٹن کا فین وے پارک کا بیس بال سٹیڈیم “ریڈ سوکس” نامی میجر لیگ بیس بال ٹیم کا کھیل کا میدان ہے، ٹکٹ خریدنے والوں کو جونٹینتھ کے جھنڈے والی یادگار جرسیاں پیش کرے گا تاکہ امریکی پرچم کے رنگوں کا استعمال کر کے یہ ظاہر کیا جا سکے کہ سابقہ غلام اور ان کی اولادیں آج آزاد امریکی ہیں۔


گیلویسٹن، ٹکساس

 ایک گرجا گھر کے باہر لوگ دعا کے لیے ہاتھ اٹھا اور سر جھکا رہے ہیں (© Go Nakamura/Getty Images)
(© Go Nakamura/Getty Images)

گیلویسٹن میں 19 جون 2021 کو لوگ “ریڈی چیپل میتھوڈسٹ ایپسکوپل افریقی چرچ” کے باہر دعا مانگ رہے ہیں۔ امریکہ بھر میں بہت سے افریقی نژاد امریکی گرجا گھر 2022 میں جون ٹینتھ کو خصوصی دعائیہ عبادات کا اہتمام کریں گے۔ مثال کے طور پر، گیلویسٹن کا ایونیو ایل بیپٹسٹ چرچ مقررین اور چرچ کے مغنیوں کی میزبانی کرے گا۔ گیلویسٹن کے گرینڈ اوپیرا ہاؤس میں، “نی آ ثقافتی مرکز” کتاب مقدس کی موسیقی پیش کرنے کے ساتھ ساتھ افریقی نژاد امریکیوں کے لیے آزادی، مساوات اور انصاف کے لیے لڑنے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کرے گا۔ شہر میں غلامی سے آزادی کے مارچ اورایک  میلے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔