امریکیوں کو صحت مند رہنے میں مدد کرنے والے بلیو زونز

امریکہ میں کچھ علاقوں کے رہائشی دوسرے علاقوں کے باسیوں کی نسبت زیادہ صحت مند ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ 56 شہر بلیو زونز پراجیکٹ کو استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے آپ کو زیادہ مضبوط اور زیادہ صحت مند بستیوں میں تبدیل کر سکیں۔

ڈیٹا کے استعمال اور ان علاقوں سے سبق حاصل کرنے سے جہاں لمبی عمریں پانے والے زیادہ لوگ رہتے ہیں، بلیو زونز نامی تنظیم سرکاری اور نجی شعبوں کے رہنماؤں کے ساتھ شراکت کرتی ہے تاکہ مقامی شہریوں کی صحت اور مقامی معیشتوں کی طاقت و توانائی کو بہتر بنایا جا سکے۔ اس کا نتیجہ صحت مند لوگوں اور زیادہ لچکدار شہروں کی صورت میں نکلتا ہے۔ اس تنظیم اور شہر کے عہدیدار مل کر مقامی پالیسیوں، سکولوں، کریانے کی دکانوں، ریستورانوں اور انسانی تعمیرات پر توجہ دیتے ہیں۔

 دریا کے کنارے آباد شہر جس کے پس منظر میں پہاڑ دکھائی دے رہے ہیں۔ (© Dukas Presseagentur GmbH/Alamy)
کلیمتھ فالز، اوریگن بلیو زونز پراجیکٹ کا حصہ ہے۔ (© Dukas Presseagentur GmbH/Alamy)

ریاست آئیووا میں 15 ایسے شہر ہیں جو “بلیو زونز” ہیں۔ کیلی فورنیا میں 10 ہیں۔ فلوریڈا اور ہوائی میں آٹھ آٹھ ہیں۔ جبکہ دیگر 15 بلیو زون نو دوسری ریاستوں میں واقع ہیں۔

 ساحل پر موجود لوگ اور اس کے ساتھ عمارتیں۔ (© Greg Balfour Evans/Alamy)
اپنے خوبصورت ساحلوں کی وجہ سے مشہور ریاست ہوائی میں آٹھ بلیو زون بستیاں ہیں۔ (© Greg Balfour Evans/Alamy)

مثال کے طور پر انسانی تعمیرات کے ماحول کو دیکھتے ہوئے، بلیو زونز تنظیم چلنے اور سائیکلیں چلانے کے قابل راستوں، سرسبز قطعات اور عوامی ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے کمیونیٹیوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ یہ وہ عوامل ہیں جن سے  ہوا میں آلودگی کم ہوتی ہے اور ان کا نتیجہ موسمیاتی لچک کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

کھانے پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے، بلیو زونز تنظیم پھلیوں اور سبزیوں پر مبنی خوراکوں جیسی صحت بخش اور ماحول دوست خوراک تک رسائی بڑہانے میں  شہروں کی مدد کرتی ہے۔ شراکت دار شہری زراعت اور خوراک کی بہتر انداز سے تقسیم کرنے کے طریقے وضح کرتے ہیں۔ ان کے منصوبوں کا صحت اور ماحول پر براہ راست  مثبت اثر پڑتا ہے۔

 دریا کے کنارے واقع شہر کا ایک فضائی منظر۔ (© Zoonar GmbH/Alamy)
سیڈدر ریپڈز، آئیووا بلیو زون پراجیکٹ میں شامل ہے۔ (© Zoonar GmbH/Alamy)

بلیو زونز کی ترجمان نیومی اماٹوم- ین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر امریکی اپنی زندگی کا 90 فیصد حصہ گھر سے 32 کلومیٹر کے دائرے کے اندر بسر کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے بلیو زون تنظیم بستیوں کو بہتر بنانے پر توجہ دیتی ہے۔

بستیوں کے پوسٹل کوڈوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، “اس ملک میں آپ کے لمبی عمر پانے کا انحصار اس پوسٹل کوڈ پر مبنی ہے جس میں آپ پیدا ہوئے ہیں۔”

 درختوں اور ہلکی دھند نے پہاڑوں کو ڈھانپ رکھا ہے۔ (© Bill Bachmann/Alamy)
بریوارڈ، شمالی کیرولائنا بلیو زون پراجیکٹ میں شامل ہے۔ (© Bill Bachmann/Alamy)

جب شہر ایسی پالیسیاں نافذ کرتے ہیں جو صحت مند رہنے کو آسان سے آسان تر بناتی ہوں تو ان سے حاصل ہونے فوائد دہائیوں تک چلتے رہتے ہیں۔ اس کی ایک مثال کوئی ایسا آرڈیننس ہو سکتا ہے جو تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کرتا ہو یا جسمانی سرگرمی کی حوصلہ افزائی کرتا ہو- اماٹوم-ین نے کہا کہ عوامی قبولیت سے سب کام ہو جاتے ہیں۔