آپ سیکرٹری آف سٹیٹ یعنی ریاستوں کے سکریٹریوں کے بارے میں کتنا کچھ جانتے ہیں؟
پہلے ایک بات کی وضاحت ہو جائے: ہم سکریٹری آف سٹیٹ یا وزیرِ خارجہ جان کیری کی بات نہیں کر رہے ہیں جو امریکہ کے سفارتی فرائض کی انجام دہی میں ساری دنیا کا سفر کرتے رہتے ہیں۔ عہدے کا نام تو ایک جیسا ہی ہے، مگر کام بالکل مختلف ہے۔
ہم جن سکریٹریوں کی بات کر رہے ہیں، وہ ریاستی سطح کے عہدے دار ہیں۔ اُن کے فرائض تو ریاستیں متعین کرتی ہیں مگر ان کی اکثریت کے فرائض میں ایک انتہائی اہم فرض شامل ہوتا ہے: یعنی وہ انتخاب کے اعلیٰ ترین عہدے دار ہوتے ہیں جو اپنی ریاستوں میں، امیدواروں کی انتخاب لڑنے کی اہلیت طے کرنے سے لے کر، انتخابات کے نتائج کی تصدیق کرنے سمیت، تمام انتخابی انتظامات کے ذمے دار ہوتے ہیں۔

اب جب کہ امریکی 8 نومبر کو ووٹ ڈالنے کی تیاری کر رہے ہیں، سکریٹریز آف سٹیٹ آگے بڑھ کر ووٹروں کو یہ یقین دلا رہے ہیں کہ ہر ایک ووٹ کو درست طریقے سے شمار کیا جائے گا۔
ملک بھر میں ہونے والے پروگراموں میں اور سوشل میڈیا کے ذریعے، (دیکھیے #ReadyToVote) ریاستوں کے سکریٹری اس بات کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ ووٹروں کو اس بات پر اعتماد ہو کہ انتخابی نظام پوری طرح محفوظ اور قابل رسا ہے اور ان سے منصفانہ نتائج برآمد ہوں گے۔
ریاست ایریزونا کی سکریٹری مشیل ریگن نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا “آپ جس طرح ووٹ ڈالتے ہیں، مشینیں انتخابات کے اختتام پر بالکل اسی طرح ان کی گنتی کے جدول بناتی ہیں۔”
لوئیزیانا کے ٹام شیڈلر نے سکریٹری کے فرائض کو زیادہ مختصر اور جامع الفاظ میں یوں بیان کیا: “میرا کام یہ ہے کہ ووٹنگ کوآسان اور دھاندلی کو مشکل بنایا جائے۔”
ریاستوں کے سکریٹری اس بات کو بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ ووٹروں کو یہ بات معلوم ہو کہ انہیں رجسٹریشن کی آخری تاریخوں، ووٹ ڈالنے کے اوقات اور انتخاب کے دن کے لیے وسائل کے بارے میں معلومات کہاں سے مِل سکتی ہیں۔
Ever wonder what happens to your ballot once it's cast? Watch this video to find out: https://t.co/GXRu1jAzV3 #OHDecides2016
— Ohio SOS Jon Husted (@OhioSOSHusted) October 27, 2016
ریاستوں کے سکریٹری شہریوں کی ووٹ ڈالنے میں حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔
ریاست کیلی فورنیا کے سیکریٹری آف سٹیٹ الیکس پاڈیّا نے رجسٹریشن کے آخری دن، ریاست کی کیپیٹل بلڈنگ کے باہر ووٹروں کی رجسٹریشن کی مہم شروع کی۔ سیکرامینٹو سٹیٹ یونیورسٹی میں پاڈدیّا نے حاضرین میں موجود ایک طالب علم سے پوچھا، “کیا آپ سمجھتے ہیں کہ اگر دس لاکھ مزید نوجوان ووٹر کی حیثیت سے اپنی رجسٹریشن کروا لیں اور ووٹ ڈالیں، تو سیاست کا نقشہ بدل جائے گا؟”
We asked. You listened. A record 297,370 online voter reg. transactions Oct. 24 – most ever. Total over 48 hrs before deadline 501,206. pic.twitter.com/rsoPu48QbR
— CA SOS Vote (@CASOSvote) October 25, 2016
ریاست ٹینیسی اور رہوڈ آئیلینڈ میں ریاست کے سکریٹریوں کی توجہ نوجواںوں پر مرکوز ہے۔ وہ اپنی اپنی ریاستوں کے ثانوی سکولوں میں ہونے والے فرضی انتخابات میں شرکت کریں گے۔ ان فرضی انتخابات سے طالب علموں کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کا پیشگی تجربہ حاصل ہوگا۔ ٹینیسی کے سکریٹری آف سٹیٹ ٹرے ہارگیٹ کا کہنا ہے، “ہمیں امید ہے کہ جیسے جیسے یہ طالب علم بڑے ہوں گے، ووٹنگ میں ان کی دلسچسپی بڑھتی جائے گی۔”
کیا آپ امریکی انتخابات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ یہ وہ جگہ ہے جہاں سے آپ انتخابی عمل کے بارے میں اول تا آخر مکمل معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس میں اگلے صدر کو پُر امن انتقالِ اقتدار کے بارے میں معلومات بھی شامل ہیں۔