امریکی حکومت کا 2050 تک خالص صفر اخراجوں کے اہداف کا حصول

امریکی حکومت ملکی معیشت کا ایک بہت بڑا حصہ ہے۔ حکومت گاڑیاں خریدتی ہے اور تین لاکھ سے زائد عمارتوں میں حکومتی دفاتر ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت اپنی خریداریوں کے ذریعے ہر قسم کے سامان اور خدمات کے معیارات کا تعین کرتی ہے۔

حکومت اب مارکیٹ کی اپنی اس طاقت سے  صاف توانائی کی پیداوار اور کاربن سے پاک اخراجوں کی مثال قائم کرنے جا رہی ہے جسے وہ رہنمائی کے لیے استعمال کرے گی۔

صدر بائیڈن نے 8 دسمبر کو ٹویٹ کیا، “آج، میں نے ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس میں وفاقی حکومت کو 2050 تک خالص صفر اخراج حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔”

آب و ہوا کی قیادت، اچھی تنخواہوں اور مساوی مواقعوں والی ملازمتوں کی تخلیق، اور اقتصادی ترقی کو بڑے اہداف کے حامل اس نئے انتظامی حکم نامے میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اس کے نتائج  ایک ایسے سبز اور زیادہ پائیدار کرہ ارض کی صورت میں سامنے آئیں گے جو امریکی عوام اور پوری دنیا کے شہریوں کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔

اس انتظامی حکم نامے کے تحت پانچ اہم اقدامات اٹھانا ضروری قرار دیئے گئے ہیں۔ اِن میں سے ہر ایک امریکہ میں فضا میں چھوڑی جانے والی کاربن کی مقدار اور عالمی ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت وفاقی حکومت کی حد تک خالص صفر اخراجوں کا ہدف حاصل کرنے سے ملک میں کاربن کی مقدار اور عالمی ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ ضروری اقدامات مندرجہ ذیل ہیں:-

  • 2030 تک وفاقی حکومت  کے ہاں استعمال کی جانے والی بجلی کاربن سے  100%  پاک ہوگی جس میں کم از کم نصف بجلی مقامی طور پر فراہم کی جانے والی صاف توانائی سے پیدا کی گئی ہوگی۔
  •  حکومتی استعمال کے لیے حاصل کردہ تمام گاڑیوں کو2035 تک اخراجوں سے بہرصورت پاک ہونا ہوگا۔ عام استعمال کے لیے ہلکی گاڑیوں کے لیے یہ مدت اس سے بھی پہلے یعنی 2027 کی ہے۔ یہ ہلکی گاڑیاں امریکی حکومت کی جانب سے اس وقت استعمال کی جانے والی چھ لاکھ گاڑیوں کی جگہ لیں گیں۔
  • وفاقی حکومت کی طرف سے خریدی جانے والی تمام اشیاء کو 2050 تک خالص صفر اخراجوں کا حامل ہونا چاہیے۔ اس میں ماحول دوست تعمیراتی سامان کے لیے “صاف خریدیں” کی پالیسی بھی شامل ہے۔
  • امریکی حکومت کی موجودہ تین لاکھ عمارتوں میں توانائی کے حوالے سے بنیادی تبدیلیاں لانے کے لیے، 2045 تک خالص صفر اخراجوں کے حامل عمارتوں کے نظام اور 2032 تک اخراجوں میں 50% کمی لانے کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
  •  2050 تک تمام کاموں سے خالص صفر اخراجوں میں کامیابی حاصل کرنا جس میں 2030 تک اخراجوں میں 65 فیصد کمی بھی شامل ہے۔

وائٹ ہاؤس نے صدر کے حکم کا اعلان کرتے ہوئے کہا، “اس حکم نامے کے [نتیجے میں] وفاقی سرگرمیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے اخراجوں میں کمی آئے گی،  امریکہ کی صاف توانائی کی صنعتوں اور مصنوعات سازی میں سرمایہ کاری کی جائے گی، اور صاف، صحت مند اور لچکدار کمیونٹیاں وجود میں آئیں گیں۔”