Painting of Martin Luther King Jr. on wall (© Camilo Vergara)
لاس اینجلیس میں دیوار پر بنائی گئی ایک تصویر میں مارٹن لوتھر کنگ جونیئر گاڑیوں کی پارکنگ کے اس پار دیکھ رہے ہیں۔ (© Camilo Vergara)

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی شخصیت کے عکاس، کمیلو ورگارا کا شہری دیواروں پر بنائی گئی اپنی تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہنا تھا، “مجھے سب سے زیادہ بے ساختہ تصاویر کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ تصاویر جو دلی جذبات سے بنائی گئی ہوں۔”

چلی النسل امریکی، ورگارا ماہر سماجیات اور فوٹوگرافر ہیں جنہوں نے 1970 کی دہائی سے لے کر اب تک امریکی شہری علاقوں کی ثقافت کی تصویری دستاویز بندی کی ہے۔ ان کے ذخیرے میں مارٹن لوتھر کنگ کی ہاتھ  سے دیواروں پر بنائی گئی تصاویر بھی شامل ہیں۔ وہ کوشش کرتے ہیں کہ ان تصاویر سے اجتناب کیا جائے “جن کی تیاری میں بہت سارے افراد کا کام شامل ہو۔”

واشنگٹن کے نیشنل مال میں ایک یادگار سمیت مقامی حکومتوں کی طرف سے نامور مجسمہ سازوں سے تیار کروائے گئے، مارٹن لوتھر کنگ کے مجسمے امریکہ بھر کے شہروں کو عظمت بخشتے ہیں۔ مگر ورگارا مارٹن لوتھر کنگ کی خدمات کو ایک مختلف قسم کاخراج تحسین پیش کرنے کا ریکارڈ اکٹھا کر رہے ہیں۔ اس میں چھوٹی چھوٹی دوکانوں، گرجا گھروں اور اجڑی ہوئے عمارتوں کی اینٹوں سے بنی ہوئی دیواروں پر شوقیہ مصوروں کی بنائی ہوئی تصاویر شامل ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ کئی دہائیوں سے مقامی اور قومی لیڈر شہری دیواروں کی تصاویر کے موضوعات بنتے  رہے ہیں اور بھلائے جاتے رہے ہیں۔ امریکہ میں انسانی حقوق کے مقبول ترین لیڈر کے بارے میں ایک بات منفرد ہے۔ “مارٹن لوتھر کنگ [کی شخصیت] ایک دائمی کشش کی حامل ہے۔”

Mural with Martin Luther King Jr. and other African-American historical figures (© Camilo Vergara)
شکاگو کے پہلے سیاہ فام میئر، ہیرلڈ واشنگٹن اس دیواری تصویر میں مارٹن لوتھر کنگ کی جگہ لیے ہوئے ہیں، جو بقول ورگارا “تاریخی سیاہ فام شخصیات میں ایک دیوتا کی حیثیت رکھتے ہیں۔” ورگارا کہتے ہیں کہ، “میں مائیکل جیکسن، رے چارلس اور پرنس کو بھی دیکھ سکتا ہوں۔” (© Camilo Vergara)

ورگارا کا کہنا ہے کہ مصور، مارٹن لوتھر کنگ کی مقبول ترین تصاویر سامنے رکھ کر ان کی  دیواری تصاویر بناتے ہیں۔ “مگر وہ ان تصاویر میں اپنے طور پر ردوبدل کرتے رہتے ہیں،” اور اس طرح وہ اُس پس منظر کو تبدیل کر دیتے ہیں جس میں مارٹن لوتھر کنگ  متنوع بستیوں میں جچتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

ورگارا کہتے ہیں، ” غریب بستیوں کی دیواروں پر لوگ ایک قسم کے اساسی امریکی تجربے کو تصویری شکل میں دیکھتے ہیں۔ اور یہ سچ ہے۔  مگر اس کا ایک رخ اور بھی ہے۔ اور یہ ہے عملی رخ۔ ان میں سے بہت سی تصاویر اس لئے بنائی گئی ہیں کیونکہ یہاں کے [رہائشی] دیواروں پر بنائی گئی گریفیٹیوں کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔”

گریفیٹیاں بنانے والے مصور بھی مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی تصویر کو بگاڑنے سے گریز کرتے ہیں۔

Mural on wall with Martin Luther King Jr.; woman walking past in foreground (© Camilo Vergara)
لاس اینجلیس کی ایک دیواری تصویر، جس میں مارٹن لوتھر کنگ، امریکہ کی قومی علامات (عقاب اور پرچم) اور میکسیکوکی قومی علامات ( پاکدامن گوواڈالوپ اور پاکدامن گوواڈالوپ کی عبادت گاہ) کے درمیان کھڑے ہیں۔(© Camilo Vergara)