امریکی عوام سُپر باؤل کے اتنے دیوانے کیوں ہیں؟

توقع ہے کہ امریکہ بھر میں دس کروڑ لوگ 4 فروری کو انتہائی مقبول فٹ بال کی سُپرباؤل چمپین شپ میں نیوانگلینڈ پیٹریاٹس اور فلاڈیلفیا ایگلز کی ٹیموں کو مقابلہ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

امریکی فٹ بال، امریکہ کا مقبول ترین کھیل ہے۔ مگر اتنے سارے امریکیوں میں “سُپر باؤل سنڈے” [سُپر باؤل اتوار] کے دن کی مقبولیت کی یہی ایک وجہ نہیں ہے۔

ذیل میں اس مقبولیت کی مزید تین وجوہات دی جا رہی ہیں:

پارٹیوں اور کھانے پینے کا دن

Snack foods decorated as American footballs (Shutterstock)
(Shutterstock)

کھیل کا آغاز، امریکہ کے مشرقی معیاری وقت کے مطابق شام 6:30 پر اور یو ٹی سی یعنی عالمی معیاری وقت کے مطابق 23:30 پر ہوگا۔ مگر بہت سے امریکیوں کی سُپر باؤل پارٹیاں سارا دن اور ساری رات چلتی رہیں گی۔

بہت سے کھانوں میں ناچوز، ہاٹ ونگز، چپس اور چٹنیاں اور اوپر دکھائے گئے اُبلے ہوئے انڈوں سمیت کوئی بھی ایسا کھانا شامل ہوتا ہے جسے امریکی فٹ بال کی شکل میں بنایا جا سکے۔

میچ کے درمیانی وقفے کا شو اور بڑے بڑے فنکار

Justin Timberlake standing with microphone in front of red smoke and yellow concert lights (© AP Images)
(© AP Images)

گذشتہ بیس سال کے دوران سُپر باؤل کے میچ کے درمیانی وقفے کے شو میں شعبہِ موسیقی کے بڑے بڑے فنکار شرکت کر چکے ہیں۔ اس سال جب دونوں ٹیمیں کھیل کے وقت کے عین درمیان میں وقفہ لیں گی تو اس دوران اوپر تصویر میں دکھائے گئے جسٹن ٹمبرلین ناظرین کی تفریح کے لیے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ (امریکی فٹ بال میچ چار حصوں پر مشتمل ہوتا ہے اور ہر حصے کا دورانیہ 15 منٹ ہوتا ہے)۔

گذشتہ برسوں کے کھیل کے درمیانی وقفوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں میں بیاؤنسے، پرنس، دی رولنگ سٹونز، بروس سپرنگسٹین، میڈونا، مائیکل جیکسن اور برونو مارز شامل تھے۔

جب 2005ء میں کھیل کے درمیانی وقفے میں پال میکارٹنی کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی دعوت دی گئی تو ان کا کہنا تھا، “سُپر باؤل کے دوران فن کا مظاہرہ کرنے کی دعوت سے بڑا اور کوئی اعزاز  نہیں ہو سکتا۔”

شاندار اشتہارات

Small crowd jumping and cheering (© AP Images)
(© AP Images)

سُپر باؤل کے کھیل کے درمیان دکھائے جانے والے اشتہارات لگ بھگ اتنے ہی مقبول ہوتے ہیں جتنا کہ بذات خود کھیل مقبول ہے۔ تقریباً بیس فیصد بالغ افراد کا کہنا ہے کہ یہ اشتہارات اس کھیل کا اہم ترین حصہ ہیں۔

ذہانت اور مزاح، بالعموم ان اشتہارات کا خاصا ہوتے ہیں۔ تاہم ان کی نشریات پر بہت زیادہ خرچہ آتا ہے۔ رواں سال کے کھیل کے دوران دکھائے جانے والے تیس سیکنڈ کے ایک اشتہار کا خرچہ پچاس لاکھ ڈالر ہوگا۔ 1967ء کے پہلے سُپر باؤل میں دکھائے جانے والے اشتہارات کا خرچہ بیالیس ہزار ڈالر تھا۔