امریکہ میں یوم تشکر کا مطلب اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ انعامات کا شکر ادا کرتے ہوئے کھانے کی میز پر بیٹھ کر ٹرکی [فیل مرغ] کی ضیافت اڑانا ہوتا ہے۔ مگر 13 لاکھ امریکی فوجی اہلکاروں کے لیے اس تہوار کے اضافی معانی بھی ہیں: یعنی کمیونٹی اور ملک۔
مسلح افواج کے بحری، بری، فضائی، میرین کور، اور کوسٹ گارڈ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے فوجی یہ تہوار ملک میں اپنے اڈوں پر یا بیرون ملک منا سکتے ہیں۔ ذیل میں کچھ جھلکیاں پیش کی جا رہی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ فوجی جوان اپنے ہموطنوں کے ساتھ یوم تشکر کی روٹی (یا پائی) توڑنے کی روایات میں کس طرح شریک ہوتے ہیں۔

حتٰی کے جب اُن کا ٹھکانہ بحر اوقیانوس میں کسی طیارہ بردار جہاز پر بھی ہوتا ہے تو میرین فوجی اور بحریہ کے جوان ٹرکی کھانے کے لیے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ میرین اپنے ساتھیوں کو کھانا پیش کرنے کے لیے سروں پر باورچیوں والی ٹوپیاں پہن لیتے ہیں اور اپنے دامن پر کپڑا باندھ لیتے ہیں اور میس کے ہال کو گھر کے ہلکے پھلکے ماحول میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

میرین کور کے ریاست ہوائی کے بیس کی طرح اس تہوار کی ایک سالانہ روائت 10 کلومیٹر ٹرکی طرز کی دُلکی دوڑ بھی ہے۔ دنیا بھر میں اڈوں پر فوج کے لوگ اس دوڑ میں شریک ہوتے ہیں۔ تشکر کے مرکزی خیال سے عبارت یہ دوڑ فوج کے اراکین کو آپس میں جوڑنے کے علاوہ اُن کے دوستوں اور گھر والوں کو بھی (جن کی اس دوڑ میں شامل ہونے کی ہمت افزائی کی جاتی ہے) اس موقع پر آپس میں جوڑتی ہے۔

جب آپ کے اہل خانہ ہزاروں میل دور بیٹھے ہوں تو فون پر رابطے فوجیوں اور اُن کے پیاروں کے درمیان طبعی خلیج پاٹ دیتے ہیں۔ چاہے وہ کتنے دور ہی کیوں نہ ہوں مگر فوجی جوان بحر اوقیانوس میں چلتے بحری جہازوں سے لے کر بغداد، عراق میں اپنے ٹھکانوں تک، ہر جگہ پر اپنے پیاروں کی آواز سنتے ہیں۔

امریکہ میں کھیل — بالخصوص فٹ بال — یوم تشکر کے اختتام ہفتہ پر منائی جانے والی تقریبات کا اہم جزو ہیں۔ مگر جب کھیل کا میدان اور (امریکی) فٹ بال دستیاب نہ ہوں تو والی بال اور نیٹ فوجیوں کو روایت کے عین مطابق ایک دوسرے سے جوڑ دیتے ہیں۔

کیلی فورنیا میں کیمپ پینڈلٹن میں میرین فوجیوں کی 14 کلو میٹر چڑھائی کی جسمانی ورزش کی تربیت کو دوسروں کو دینے کے جذبے سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ اس مشق کے دوران میرین ضرورت مند لوگوں کے لیے ڈبوں میں بند کھانے اٹھا کر لے جاتے ہیں۔ 2018ء میں انہوں نے 3,900 کلو گرام خراب نہ ہونے والی اشیائے خوردونوش کا عطیہ دیا۔

امریکہ کے طول و عرض سے سکول کے بچے اور خیراتی گروپ بیرون ملک تعینات فوجی جوانوں کے لیے تحفوں کے ڈبے تیار کرتے ہیں۔ اِن ڈبوں میں چاکلیٹوں جیسی پسندیدہ امریکی اشیا شامل ہوتی ہیں جنہیں یوم تشکر کے تہوار پر اڈوں پر فوجیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ یہ مٹھائی اُن کو وطن کی میٹھی یاد دلاتی ہیں۔

آخری بات یہ ہے کہ کمیونٹی کا ایک مضبوط احساس اجاگر کرنے سے فوجی کسی بھی جگہ گھر جیسا ماحول محسوس کر سکتے ہیں۔ یہاں پر، ریاست ٹیکساس کے شہروں ڈونا اور ویلسکو میں فوجی یوم تشکر کی ضیافت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اس ضیافت میں کھانے پکانے والے ماہرین نے 34 ٹرکیاں پکائیں۔