امریکی محکمہ خارجہ کے دنیا کے لیے مفید ایپس

امریکی اختراع پسندی دنیا کو تقویت پہنچاتی ہے اور امریکی اعانت مقامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تخلیقی حل نکالنے کے قابل بناتی ہے۔

امریکہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (سٹیم) پر کی جانے والی تحقیق اور ترقی کے شعبوں کا عالمی لیڈر ہے۔ یہ خصوصایت معیاری تعلیم اور کاروبار کے بے مثال مواقع فراہم کرتی ہیں۔ ڈیٹا کی شفافیت اور قانون کی حکمرانی اہم امریکی اقدار ہیں اور یہ تخلیقی اور اختراعی کام کرنے کے لیے گنجائش کے ساتھ ساتھ کھلے ماحول کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

 لیپ ٹاپ کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے لوگ (American Institute in Taiwan)
تائیوان میں 2022 کے گلوبل انیشی یٹوز سمپوزیم کے مندوبین “ہارمنی سکوائر” نامی کھیل کا تجربہ کر رہے ہیں۔ یہ ایک آن لائن گیم ہے جو گمراہ کن معلومات کی طاقت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ (American Institute in Taiwan)

امریکی خارجہ پالیسی بھی جدت کے اس جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ پروگراموں اور موبائل ایپلیکیشنوں کے ذریعے، امریکی محکمہ خارجہ تنوع کو تسلیم کرنے، ماحولیات کی نگرانی کرنے، ثقافتی ورثے کی حفاظت بلکہ گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے کے نئے طریقے پیش کرتا ہے۔

ہوا کے معیار کا ایپ، “زیف ایئر”

زیف ایئر دنیا بھر کے شہروں میں ہوا کے معیار پر قابل اعتماد اور لمحہ بہ لمحہ براہ راست ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین دنیا بھر میں موت کی سب سے بڑی وجوہات میں  سے ایک یعنی فضائی آلودگی میں سانس لینے کے خطرات کو کم کرنے کے لیے ہر جگہ کے متعلق خصوصی سفارشات وصول کرتے ہیں۔ زیف ایئر 70 سے زیادہ امریکی سفارت خانوں، قونصل خانوں اور شراکت کار تنظیموں کی نگرانی کے مقامات سے ڈیٹا جمع کرتا ہے۔ بیجنگ میں امریکی سفارت خانے نے 2008 میں شہر کی ہوا کے معیار کی نگرانی اور رپورٹنگ شروع کی تھی جس کے نتیجے میں چین کی حکومت کو آخرکار ہوا کے معیار کی نگرانی کے معیار کو مضبوط کرنے پر توجہ دینا پڑی۔

 سکرین کی تصویر جس پر ہوا کی علامت اور دور فاصلے پر پہاڑ نظر آ رہے ہیں (State Dept.)
زیف ایئر نامی محکمہ خارجہ کا نیا ایپ دنیا بھر میں ہوا کے معیار کے بارے میں تازہ ترین ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔ (State Dept.)

شمولیت کے لیے سمارٹ آلات

اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک تنوع، مساوات اور شمولیت، امریکی پالیسی کے اہم اجزاء ہیں۔ ایپ کی دنیا میں رسائی کو ذہن میں رکھتے ہوئے سمارٹ آلات  ڈیزائن کرنے سے حقیقی معنوں میں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

آرمینیا میں، محکمہ خارجہ  Let’s Talk [آئیے بات کریں] کے نام سے ایک ایپ بنانے کی سرپرستی کر رہا ہے۔ یہ ایک نیا ایپ ہے جو بولنے سے معذور افراد کی آزادانہ طور پر بات چیت کرنے میں مدد کرے گا۔ آرمینیائی زبان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا ایپ ہوگا۔ اس کے ذریعے صارفین اپنے ڈیوائس پر متن اور تصاویر کے امتزاج کا استعمال کرتے ہوئے آسانی سے جملے بنا سکیں گے۔ آپ ایک بٹن دبائیں اور ایپ  بولے گئے تمام الفاظ کو آڈیو میں تبدیل کر دے گا۔

ایک آرمینیائی سپیچ تھیراپسٹ اس ایپ کو ایک امریکی پروفیسر کی شراکت میں ڈیزائن کر رہی ہیں۔ وہ اِس پروفیسر سے امریکہ میں تبادلے کے فلبرائٹ پروگرام میں شرکت کے دوران ملی تھیں۔ ان دونوں نے 2021 کے فنڈنگ کے ایک عالمگیر مقابلے میں اپنا پراجیکٹ پیش کیا اور ائس کے نتیجے میں اس ایپ کو تیار کرنے کے لیے انہیں محکمہ خارجہ کی طرف سے امداد ملی تھی۔

ٹومب گیمرز نہ کہ ریڈرز

ہو سکتا ہے کہ آپ ویڈیو گیمز اور ایڈونچر فلموں کے اُن افسانوی کرداروں یعنی لارا کرافٹ اور انڈیانا جونز کو جانتے ہوں جو ایک ایسے خزانے کی تلاش کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جسے ہو سکتا ہے ولِن چرا لیں یا تباہ کردیں۔

حقیقی زندگی میں بھی، چوری شدہ یا نقلی آرٹ اور ثقافتی املاک کی سمگلنگ ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس سے بین الاقوامی مجرمانہ تنظیموں اور دہشت گرد گروہ فائدہ اٹھاتے ہیں، قانونی آرٹ مارکیٹ خراب ہوتی ہے، اور بین الاقوامی تعلقات کو نقصان پہنچتا ہے۔ مقامی سطح پر سمگلنگ اور اس کے نتیجے میں ثقافتی ورثے کا نقصان، سیاحت کے شعبے سے جڑے روزگار کے معاشی سلسلے کو خطرات سے دوچارکر دیتا ہے۔

دو طرفہ ثقافتی املاک کے معاہدوں (پی ڈی ایف، 480 کے بی) کے ذریعے، محکمہ خارجہ اہم ثقافتی اشیاء کی حفاظت اور سمگلنگ کو روکنے کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ شراکت کاری کرتا ہے۔

ثقافتی ورثے کو جدید طریقوں سے محفوظ کرنے کی ضرورت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے محکمہ خارجہ اور گلوبل گیم جیم انکارپوریشن نامی کمپنی نے 2021 میں “گیم جام” کے نام سے ویڈیو گیم بنانے کے ایک مقابلے کی ابتدا کی۔  گیم جام مسائل کو حل کرنے کے عمل کو جمہوری بناتا ہے اور نوجوانوں کو کسی مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے متحرک کرتا ہے۔

 موسمیات سے متعلق ایک گیم کی تصویر کشی، عبارت اور نسلی علامات کی ساکت تصویر (© Purunmachu)
پورونماچو نامی گیم کی ساکت تصویر (© Purunmachu)

ورلڈ ایکسپو 2020 دبئی میں امریکی پیویلین میں 2021 کی  ایوارڈز کی تقریب میں 116 بین الاقوامی ٹیموں کو ویڈیو گیموں کے ایسے بنیادی نمونے جمع کرانے کا موقع دیا گیا جن میں ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق کہانیاں سنانے کو شامل کیا گیا ہو۔ ایران، پیرو اور سویڈن کے اراکین پر مشتمل فاتح ٹیم  نے پورونماچو گیم ڈیزائن کی۔ یہ کھیل پیرو کے اینڈیز پہاڑوں میں چاچاپویاس لوگوں کی قدیم ثقافت کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ کھلاڑی بارانی جنگل کی سیر کرتے ہیں اور اس دوران انہیں مقدس اشیاء ملتی ہیں جس پر وہ دوہری مشکل کا شکار ہو جاتے ہیں اور انہیں فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ آیا وہ یہ چیزیں اپنے ساتھ لے جائیں یا انہیں مستقبل کے لیے محفوظ بنائیں۔

گیم بنانے والوں کی اس ٹیم کو انعام میں سان فرانسسکو میں ہونے والی سال 2022 کی کانفرنس میں شرکت کرنے اور اپنا کھیل پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ (آپ ان کی گیم اور ثقافتی ورثے کی گیم جام کی تمام گیمز مفت میں کھیل سکتے ہیں!)

غلط معلومات کا خاتمہ کرنا

گیم تیار کرنے والے کھلاڑیوں کو ایک اور عالمی خطرے کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے بھی ویڈیو گیمز بنائی جا رہی ہیں اور وہ خطرہ ہیں: غلط معلومات۔ آن لائن گیم ہارمنی سکوائر کھلاڑیوں کو غلط معلومات پھیلانے والے ایسے عام حربوں کو پہچاننے اور ان کی مزاحمت کرنے میں مدد کرتی ہے جو بدنیت لوگ جمہوری اداروں اور سماجی اعتماد کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

 احتجاج کرنے والی ایک عورت اور ایک مرد نے کتبے اٹھا رکھے ہیں (© Harmony Square)
ہارمنی سکوائر گیم کی ایک ساکت تصویر (© Harmony Square)

ڈچ کمپنی “ڈروگ” اور یونیورسٹی آف کیمبرج نے محکمہ خارجہ اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے  محکمے کی فنڈنگ سے ہارمنی سکوائر کے نام سے ایک گیم تیار کی ہے۔ اس گیم کو 2021 گیمز فار چینج فیسٹیول میں دو ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ اسے سب سے زیادہ موثر اور بہترین لرننگ گیم قرار دیا گیا ہے۔ (آپ ہارمنی سکوائر کو انگریزی میں یا 10 دوسری زبانوں میں مفت کھیل سکتے ہیں۔)