امریکہ کا وفاقی نظامِ حکومت ہر ایک امریکی ریاست کو اہم اختیارات تفویض کرتا ہے۔ اِن میں سڑکوں کی تعمیر، سکولوں کو فنڈز کی فراہمی، اور پولیس فورس قائم کرنے جیسے اختیارات شامل ہیں۔

امریکی آئین کی دسویں ترمیم میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ جو اختیارات وفاقی حکومت کو خصوصی طور پر تفویض نہیں کیے گئے وہ اختیارات “بالترتیب ریاستوں یا عوام کے لیے مخصوص کردیئے گئے ہیں۔”

وفاقیت” کہلانے والے اس نظام حکومت کے تحت، ریاستیں ہرسال  مختلف موضوعات پر قانون سازی کرتی ہیں۔  ایک ہی جیسے مسئلے پر کسی ایک ریاست کا قانون دوسری ریاست میں منظور کیے جانے والے سے اکثر مختلف ہوتا ہے۔

مختلف آراء کی وجہ سے ریاستیں “جمہوریت کی تجربہ گاہیں” ہوتی ہیں۔ جو قوانین کسی ایک ریاست میں کامیاب ہوتے ہیں انہیں بعد میں دوسری ریاستیں یا وفاقی حکومتیں اپنا لیتی ہیں۔

یکم جولائی کو نافذالعمل ہونے والے بہت سے قوانین میں سے چند ایک ذیل میں دیئے جا رہے ہیں:

  • کیلی فورنیا کی ریاست نے “مریضوں کا جاننے کے حق کا قانون” منظور کیا۔ اس قانون کے تحت ڈاکٹروں اور مخصوص قسم کی صحت کی سہولتیں فراہم کرنے والے افراد کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ مریضوں کو بتائیں کہ اُن کا نام مریض کو نقصان پہنچانے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔ اس قانون کا اطلاق صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے صرف اُن افراد پر ہوتا ہے جو عدالت کی طرف سے اچھے پیشہ وارانہ رویے کی شرط پر ضمانت پر ہوتے ہیں۔
  • ریاست ورجینیا نے الیکٹرانک سگریٹ اور تمباکو کی دیگر مصنوعات خریدنے کے لیے عمر کی کم از کم حد 18 سے بڑہا کر 21 سال کر دی ہے۔ یہ قانون جس سے مسلح افواج کے اراکین کو استثنا حاصل ہے کئی ایک دیگر ریاستوں میں اسی طرح کی عائد شدہ پابندیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
  • ریاست انڈیانا نے بجلی سے چلنے والے سکوٹروں کو بین الریاستی شاہراہوں پر چلانے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس قانون کے تحت مقامی حکومتوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ سکوٹروں پر اس کے علاوہ اضافی پابندیاں بھی عائد کر سکتی ہیں۔
  • ریاست جارجیا کے ایک قانون کے تحت مکانات کے مالکان کو، کرایہ داروں کی جانب سے رہائشی سہولتوں سے متعلق شکایت کرنے پر انتقامی کاروائی کے طور پر مکانات سے نکالنے یا کسی اور قسم کی کاروائی کی ممانعت کر دی گئی ہے۔
  • ریاست آئیوا نے ایک قانون منظور کیا ہے جس کے تحت ایسی کمپنیوں کو مراعات دینے کی خاطر سرکاری امداد دینے کا ایک پروگرام تیار کیا گیا ہے جو دہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کریں گی۔