امریکیوں سمیت دنیا بھر کے لوگ نیا قمری سال منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر وہ میلوں اور پریڈوں میں شریک ہوں گے اور عبادت خانوں میں جا کر برکات کے لیے دعائیں مانگیں گے۔
زیادہ تر لوگ خرگوش کے سال کا خیرمقدم کریں گے جبکہ ویت نام بلی کا سال منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ خرگوش طویل عمری، امن اور خوشحالی کی علامت جبکہ بلی طاقت، لچک اور عزم کی علامت ہے۔ اس روائتی چینی قمری شمسی کیلنڈر کے نئے سال کی تقریبات کا آغاز 22 جنوری کو اور اختتام 5 فروری کو ہوگا۔
ذیل میں وہ طریقے بیان کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے لوگ عام طور پر یہ سال مناتے ہیں۔ 2023 میں توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سال امید کا سال ثابت ہوگا۔
جوابات تلاش کرنا

لاس اینجلیس کے چائنا ٹاؤن کے علاقے میں واقع تھیئن ہاؤ عبادت خانے میں قمری نئے سال کی تقریبات کے دوران ایک عبادت گزار نے جیاؤبی یا چاند کی شکل کے ٹکڑے اٹھائے ہوئے ہیں۔ اِن ٹکڑوں کو جوڑوں کی شکل میں استعمال کیا جاتا ہے اور سوالوں کے ہاں یا نہ کی شکل میں جواب حاصل کرنے کی خاطر انہیں کسی ہموار سطح پر پھینکا جاتا ہے تاکہ الہامی رہنمائی حاصل کی جا سکے۔
بڑوں کا احترام کرنا

لیسا کِم سان فرانسسکو کے کلیئر للینتھل سکول میں سیولل یعنی نئے کوریائی قمری سال کی ایک تقریب میں طلباء کو بزرگوں کے سامنے جھک کر آداب بجا لانے کا صحیح طریقہ سکھا رہی ہیں۔ کوریائی زبان سکھانے کے پروگرام میں طلباء کوریا کا روائتی لباس ‘ ہان بو’ پہنتے ہیں اور قمری سال کا جشن منانے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔
سموسہ نما ڈمپلنگ بنانے

نیویارک میں طالب علم سموسہ نما ڈمپلنگ بنا رہے ہیں۔ کالج کے تقریباً 200 چینی، امریکی اور دیگر بین الاقوامی طلباء نئے قمری سال کی خوشی میں اکٹھے ہوئے ہیں۔ ڈمپلنگ کی شکل قدیم چینی کرنسی سے ملتی جلتی ہے اس لیے انہیں خوشحالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ انہیں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ پرانے سال کو رخصت کرنے کی ایک علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
کھانا کھلانا

نیو جرسی کی کوریائی نژاد امریکیوں کی ایسوسی ایشن کے رضاکاروں کے ہمراہ یُون کِم [درمیان میں] نیو جرسی کے پیلیسیڈس پارک میں نئے قمری سال کی ایک تقریب میں تقسیم کرنے کے لیے تھیلوں میں چیزیں ڈال رہی ہیں۔ اِن تھیلوں میں ڈک گوک کے اجزاء بھی ڈالے جاتے ہیں۔ ڈک گوک چاولوں کے کیک کا سوپ ہوتا ہے جو کوریائی لوگ روائتی طور پر نیا قمری سال منانے کے لیے پیتے ہیں۔
ہلہ گلہ کرنا

لوگ نیو یارک سٹی کے چائنا ٹاؤن کے علاقے میں نئے قمری سال کے پہلے دن کے موقع پر آتش بازی کی تقریب میں شریک ہونے اور ثقافتی میلہ دیکھنے آتے ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ پٹاخے بدروحوں کو بھگانے اور نئے سال کے آغاز کی نوید سناتے ہیں۔ اس موقع پر خوش قسمتی کی علامت سمجھا جانے والا سرخ رنگ کثرت سے پہنا جاتا ہے۔
پریڈ سے پیار!

سان فرانسسکو میں نئے چینی سال کی پریڈ کے دوران ایک بچی شیر کا روپ دھارنے والے ڈانسروں کو دیکھ کر خوش ہو رہی ہے۔ شیر کے رقص خوش قسمتی لانے اور بدروحوں کو بھگانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔