پائیدار ماہی گیری کے طریقوں کے بارے میں جاننے اور اِن سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک امریکی کمپنی کی کوششوں کی بدولت انڈونیشیا میں چھوٹے پیمانے کے ماہی گیر مناسب معاوضہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی کمیونٹیوں پر سرمایہ کاری بھی کر رہے ہیں۔
‘انووا ٹیکنیکل سروسز” (اے ٹی ایس) سان ڈی ایگو میں واقع انووا فوڈ نامی کمپنی کا حصہ ہے۔ اے ٹی ایس مچھلیوں اور دیگر سمندری خوراک کے پکڑے جانے سے لے کر اِن کی ترسیل تک کے ہر مرحلے پر نظر رکھنے کے لیے ڈیجیٹل بلاک چین ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے۔ اس دوران دیکھا جاتا ہے کہ مچھلی کو کیسے اور کہاں سے پکڑا گیا، کس جگہ پراسیس کیا گیا، کھانے کے لیے محفوظ قرار دینے کے لیے اس کا کہاں معائنہ ہوا اور یہ کہاں سپلائی کی گئی۔
شفاف ترسیلی سلسلوں سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملتی ہے کہ وہ اعلیٰ معیار کی اور دیرپا طریقے سے پکڑی جانے والی مچھلی خرید رہے ہیں۔ اس سے ماہی گیر برادریوں کو اپنی پکڑی ہوئی مچھلیوں کی مناسب قیمت وصول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
رابرٹ جوانڈا انڈونیشیا کے شہر امبون میں مچھلیوں کے ایک پروسیسنگ پلانٹ کے مالک ہیں۔ اُن کا پلانٹ انووا کو مچھلیاں سپلائی کرتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ “میں اِس پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ آپ ثابت کر سکتے ہیں کہ آپ کی مچھلی صحیح ذریعے سے آئی ہے۔”

بالی میں قائم اے ٹی ایس نے ذمہ دار کاروباری سرگرمیوں کے زمرے میں امریکی وزیر خارجہ کا 2022 کا ‘کارپوریٹ ایکسیلنس’ نامی ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ ایوارڈ اُن امریکی کمپنیوں کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے اعلیٰ معیار کو فروغ دیتی ہیں۔
اے ٹی ایس کے منیجنگ ڈائریکٹر بلین اولسن کہتے ہیں کہ شفاف رسدی سلسلوں اور شراکت داریوں میں طویل عرصے سے کی جانے والی انووا کی سرمایہ کاری کے ذریعے کوشش کی جاتی ہے کہ ماہی گیروں اور پروسیسروں کے لیے معقول اجرت کو یقینی بنایا جائے اور صنفی مساوات اور سماجی طور پر دیگر ذمہ دارانہ طریقوں کو فروغ دییا جائے۔
2013 میں انووا نے انڈونیشیا کی ماہی گیری کی صنعت اور ماہی گیروں کی چھوٹی کمیونٹیوں کی مدد کے لیے “مشارکات دان پرکانان انڈونیشیا” [ایم ڈی پی آئی] کے نام سے ایک فاؤنڈیشن بنائی۔

انووا نے ‘فیئر ٹریڈ یو ایس اے’ نامی ایک غیرمنفعتی تنظیم کے ساتھ بھی کام کیا تاکہ صارفین کو آگاہی دینے اور دیرپا ماہی گیری اور اخلاقی تجارت کی ترغیب دینے کے لیے سمندری غذا کے شعبے کے منصفانہ تجارت سے متعلق سرٹیفیکیشن پروگرام کو تیار کرنے میں مدد کی جا سکے۔
منصفانہ تجارتی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے والے مشرقی انڈونیشیا کے ماہی گیروں نے اضافی منافعے کی شکل میں 1.5 ملین ڈالر سے زیادہ کی رقم وصول کی۔ انہوں نے یہ رقم تعلیم، حفاظتی سامان، سکولوں اور کمیونٹی سینٹروں کی دیکھ بھال اور مرمت، اور صاف پانی کے بنیادی ڈھانچے میں لگائی اور ہنگامی بچتوں میں سرمایہ کاری کی۔
اولسن نے کہا کہ انڈونیشیا کی [ہزاروں] چھوٹے پیمانے کی ماہی گیر کمیونٹیوں کے ساتھ “انووا کے بے لوث کام کی بنیاد جامع شمولیت، اختراع، اور شراکت کاری پر ہے۔ ہم پروسیسنگ میں جدت طرازی، معیاری تربیت، مسلسل نگرانی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے رسدی سلسلے اور مچھلی کی قیمت میں اضافہ کرتے ہیں۔”
وزیر خارجہ کا 2022 کا ‘کارپوریٹ ایکسیلنس’ ایوارڈ ذمہ دارانہ کاروباری سرگرمیوں پر ایک کثیرالملکی کمپنی کو بھی دیا گیا۔ اس کے علاوہ یہ ایوارڈ اُن کمپنیوں کو بھی دیئے گئے جنہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے مقابلے میں لچک اور مشمولہ اقتصادی ترقی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔