
کوسٹا ریکا کے طلباء بین الاقوامی کمپنیوں میں اعلٰی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے درکار سائنس، ٹیکنالوجی اور انگریزی زبان کی مہارتیں سیکھ رہے ہیں۔
2021 میں ٹیکنالوجی کی امریکی کمپنی “انٹیل” کے Skills 4 Life [سکلز فار لائف] نامی پروگرام کے ساتھ تعاون سے کوسٹا ریکا کے لیمان صوبے میں 160 سے زائد طالبعلموں کی مدد کی گئی۔ سان ہوزے سے تقریباً 170 کلومیٹر مشرق میں کوسٹا ریکا کے کیریبین ساحل پر واقع لیمان صوبے میں آبائی اور افریقی نژاد لوگ رہتے ہیں جن کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں نمائندگی کم ہے۔
سکلز فار لائف پروگرام کے شرکاء کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی میں تربیت دی جاتی ہے اور طلباء کو بین الاقوامی کمپنیوں میں انٹرن شپ کے لیے اِن کمپنیوں کے ساتھ ملایا جاتا ہے۔

کام کی جگہ کے تنوع کو فروغ دینے کے لیے “انٹیل” کی کاوشوں کیوجہ سے کیلی فورنیا میں قائم اس کمپنی کو 2022 کا جامع ترقی کے زمرے میں وزیر خارجہ کا ‘کارپوریٹ ایکسیلنس ایوارڈ’ (اے سی ای) دیا گیا۔ محکمہ خارجہ کا اے سی ای ایوارڈ اُن امریکی کمپنیوں کو دیا جاتا ہے جو دنیا میں اعلیٰ معیار کو فروغ دینے کا کام کرتی ہیں۔
سان ہوزے میں امریکی سفارت خانے نے اگست میں انٹیل کو اے سی ای ایورڈ کے وقت نامزد کرتے ہوئے کہا کہ “انٹیل” اپنی بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں میں امریکی اقدار کو شامل کر رہی ہے۔
انٹیل کی سکلز 4 لائف شراکت داری کوسٹا ریکا میں مائکرو چِپ بنانے والی اس ملٹی نیشنل کمپنی کی کوسٹا ریکا میں 25 برس پر پھیلی سرمایہ کاری کو فروغ دیتی ہے۔ 2020 میں انٹیل نے اس ملک میں کمپیوٹر کی چِپ بنانے کے اپنے کام کو وسعت دینے کی خاطر 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔ اس کے نتیجے میں کوسٹا ریکا کے ٹیکنالوجی کے شعبے کو تقویت ملی اور ملازمتوں کی 3,800 سے زائد براہ راست اور 6,000 سے زائد کنٹریکٹروں کی اسامیاں پیدا ہوئیں۔ انٹیل نے کوسٹا ریکا میں ملازمتیں دینے میں تنوع اور مشمولیت کو بھی ترجیح دی ہے۔
انٹیل کوسٹا ریکا کے حکومتی امور کے مینیجر ٹموتھی سکاٹ ہال نے دسمبر 2021 کی ایک ویڈیو میں کہا کہ سکلز 4 لائف نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیشہ ورانہ زندگی شروع کرنے کے لیے ہنر سیکھنے کی خاطر کوسٹا ریکا کے دارالحکومت سے باہر رہنے والے بے شمار طالبعلموں کی مدد کی ہے۔
ہال نے ہسپانوی زبان میں کہا کہ “یہ دیکھ کر حیرانگی ہوتی ہے کہ ہم نے درجنوں طالبعلموں پر مثبت اثر ڈال کر کیا کچھ حاصل کیا ہے۔ اِن میں سے زیادہ تر کا تعلق [دارالحکومت] سے باہر کے علاقوں سے ہے۔”
وزیر خارجہ کا 2022 کا ‘کارپوریٹ ایکسیلنس ایوارڈ’ ذمہ دار کاروباری سرگرمیوں کے اعتراف کے طور پر ایک چھوٹی اور ایک ملٹی نیشنل کمپنی کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ یہ ایوارڈ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں لچک پیدا کرنے والی ایک کمپنی کو بھی دیا گیا۔