
24 فروری کو روس کے یوکرین پر بھرپور حملے کے بعد امریکی حکومت انسانی بنیادوں پر یوکرین کے عوام کی مدد کرنے کے لیے 1.28 ارب ڈالر [پی ڈی ایف، 351 کے بی] سے زائد کی امداد فراہم کر چکی ہے۔
یہ امداد ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب روس کی جنگی جارحیت کی وجہ سے یوکرین کے اندر 6.3 ملین افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور 5.8 ملین افراد پڑوسی ممالک میں بھاگ کر پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
انسانی بنیادوں پر دی جانے والی یہ امداد امریکہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے [یو ایس ایڈ] کے ذریعے دی جا رہی ہے۔ اس کے تحت دیگر اشیاء کے علاوہ خوراک، پینے کا صاف پانی، عارضی رہائش گاہیں، صحت کی ایمرجنسی سہولتیں اور طبی سازو سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
یو ایس ایڈ کے اہلکار اِن علاقوں میں موقع پر موجود ہیں اور اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر مندرجہ ذیل کام کر رہے ہیں:-
- صحت کی لازمی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔
- زرعی شعبے کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
- چھوٹے کاروباروں کی مدد کر رہے ہیں۔
- توانائی کے بنیادی ڈہانچے کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
- انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انسانیت سے متعلق بین الاقوامی قانون کی ممکنہ خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل میں محفوظ رکھ رہے ہیں۔
محکمہ خارجہ کے انسانی ہمدردی کے پروگراموں کے تحت یوکرین اور پڑوسی ممالک میں کام کرنے والے اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر اداروں کی بھی مدد کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے اِن اداروں میں یونیسیف، اقوام متحدہ کا ہائی کمشنر برائے مہاجرین، بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت اور عالمی ادارہ صحت جیسے اقوام متحدہ کے ادارے شامل ہیں۔
روس کی بمباری اور گولہ باری سے لوگوں تک امداد پہنچانے کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اِن گولہ باریوں سے سڑکیں، پل اور ریلوے لائنیں تباہ ہو رہی ہیں اور امدادی کارکنوں کے لیے جنگ زدہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں تک پہنچنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔