کانٹے دار تاروں کے پیچھے قیدی (Shutterstock)
(Shutterstock)

انسانی حقوق کے بارے میں  مفصل اور معتبر معلومات حاصل کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟

مختلف ممالک میں انسانی حقوق کی عملی صورت حال پر  ر پورٹیں  “امریکی حکومت کی  بیرونِ ملک سب سے زیادہ  پڑھی جانے والی دستاویزات ہیں۔ “یہ الفاظ  محکمہ خارجہ میں قائم جمہوریت، انسانی حقوق اور محنت (مخففاً ڈی آر ایل) بیورو کے  ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری، مائیکل کوزاک کے ہیں جن کا دفتر یہ رپورٹیں سالانہ  بنیادوں پر مرتب کرتا ہے۔

امریکی قانون ان رپورٹوں کا تقاضہ کرتا ہے تا کہ کانگریس اور انتظامیہ دوسرے ملکوں کو سلامتی اور ترقیاتی کاموں کے لیے امداد فراہم کرنے، تجارتی سمجھوتے اور دیگر  دوطرفہ تعلقات کے معاملات طے کرتے وقت متعلقہ ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال سے پوری طرح با خبر ہوں۔ امریکی سفارت خانوں میں انسانی حقوق سے متعلق افسر، اعداد وشمار مرتب کرنے میں مدد کے لیے سِول سوسائٹی کی مقامی تنظیموں کے ساتھ رابطہ رکھتے ہیں۔

کوزاک بتاتے ہیں کہ دوسرے ملکوں کے عہدیدار بھی ان رپورٹوں سے استفادہ کرتے ہیں۔ مثلا اگر کوئی شخص پناہ گزین ہونے کے دعوے کے ساتھ  کسی ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرتا ہے تو اس ملک کے “امیگریشن عہدیدار، ہمارے عہدیداروں کی طرح، [یہ جاننے کے لیے] ان رپورٹوں کو دیکھتے ہیں کہ آیا اس ملک کے حالات جیسا کہ اس شخص نے بیان کیے ہیں رپورٹ میں بتائے گئے حالات سے مطابقت رکھتے ہیں۔”

ڈی آر ایل میں افریقی ممالک کی نگرانی کرنے والے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری، سٹیون فیلڈ سٹین کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹیں ایسے افراد کے لیے بھی کار آمد ہوتی ہیں جو کسی خاص ملک کی صورت حال کے بارے میں یا مختلف مقامات پر آزادیِ تقریر، جیل خانوں کے حالات، یا ایل جی بی ٹی آئی لوگوں کے حقوق جیسے مخصوص مسائل سے متعلق معلومات  حاصل کرنا چاہتے ہوں۔ ہزاروں صفحات پر مشتمل  پوری رپورٹ کو پڑھنےکی بجائے، “Build a Report” [رپورٹ تیار کرنے] کے فنکشن کو استعمال کرتے ہوئے، لوگ وہ مخصوص اعدادوشمار بھی حاصل کرسکتے ہیں جن کی انہیں ضرورت درپیش ہوتی ہے۔

یہ رپورٹیں چونکہ امریکی حکومت کے اتفاق رائے کی عکاسی کرتی ہیں، لہذا یہ اعلٰی درجے کے اعتبار کی حامل ہوتی ہیں اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن یا انسانی حقوق کے معاملات پر چھان بین کرنے والے صحافی ان سے مدد لے سکتے ہیں۔

فیلڈ سٹین کا کہنا ہے، “اس طرح یہ نہ صرف اس صحافی کے کاندھوں سے ذمے داری کا بوجھ ہٹا دیتی ہیں بلکہ حکومتوں کو اُن مسائل پر گفتگو کرنے پر بھی مجبور کردیتی ہیں جن سے جان چھڑانا ان کے لیے انتہائی دشوار ہوتا ہے۔”

آپ کو سب سے زیادہ کون سے مسائل کے بارے میں تشویش ہے؟ کیا آپ کے ملک میں انسانی حقوق کے معاملات میں بہتری آرہی ہے یا ابتری؟ رجحانات کے مطالعے کے لیے آن لائین رپورٹوں کو ریسرچ کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیجیے۔