اپنی شاہی تاریخ اور روایات پر نازاں انگلستان میں، برطانوی شہزادے ہیری کی امریکی اداکارہ میگن مارکل کے ساتھ شادی واضح طور پر نئی چیزوں کا پیش خیمہ ثابت ہو رہی ہے: اور وہ ہیں کئی ایک امریکی رنگ۔
19 مئی کو ونڈسر کے قلعے کے سینٹ جارجز گرجا گھر میں عروسی تقریبات اور ان کے بعد 600 مہمانوں کے لیے پرتکلف ضیافت، دونوں موقعوں پر یہ امریکی رنگ بلاشک و شبہ واضح طور پر نمایاں نظر آئیں گے۔
ایپسکوپل گرجا گھر کے پہلےافریقی نژاد امریکی بشپ، مائیکل کری شادی کا خطبہ دیں گے۔ (ایپی سکوپل گرجا گھر دنیا بھر کے اینگلیکن گرجا گھروں کا حصہ ہے۔) انگلش کلیسائی طائفے کا کلاسیکی اور کلیسائی موسیقی کا ملا جلا مظاہرہ ہلے گلے سے بھرپور ہو گا۔
کلیسائی موسیقی افریقی امریکی روحانیات اور حمدیہ گیتوں کا ایک خوبصور امتزاج ہوتا ہے اور اس کی جڑیں دورِ غلامی سے جا ملتی ہیں۔ میگن مارکل کی والدہ بھی غلاموں کی اولاد ہیں۔ میگن کے والد سفید فام ہیں۔
یہ طے ہو چکا کہ مارکل اور ان کے شہزادے کی شادی کا کیک جدید طرز کا ہو گا۔
روایتی انگلش فروٹ کیک سے اجتناب کرتے ہوئے نو بیاہتا جوڑے نے نامیاتی لیموں اور گل قدیمی کیک کا انتخاب کیا ہے۔ اس کیک پر شکر ملی بالائی لگائی جائے گی۔ کیک کو بہار کے پھولوں سے سجایا جائے گا۔ کیک لندن میں مقیم کیلی فورینا کی پیدائشی، کلیئر پٹیک تیار کریں گی۔
شاہی جوڑے کے بحر اوقیانوس کے آرپار کے ذوق کا ایک اشارہ تو پہلے ہی سے سامنے آ چکا ہے: شاہی شادی کے دعوت نامے انگلستان کے بنے کاغذ پر امریکی سیاہی سے لکھے گئے ہیں۔
36 برس کی مارکل کو حال ہی میں چرچ آف انگلینڈ میں بپتسمہ دیا گیا ہے اور انہوں نے برطانوی شہریت کے لیے درخواست دی ہوئی ہے۔ اگر مارکل اپنی امریکی شہریت بھی برقرار رکھنا چاہیں گی تو مستقبل میں پیدا ہونے والے بچے بھی دوہری شہریت رکھ سکیں گے – اگر ایسا ہوا تو یہ پہلا شاہی خاندان ہو گا جس کے بچے دوہری شہریت کے حامل ہوں گے۔

شہریت کے علاوہ بھی مارکل پہلے سے ہی بین الاقوامی پس منظر رکھتی ہیں۔ تھیٹر اور بین الاقوامی سٹڈیز میں دو ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 2003 میں ریاست ایلا نائے کے شہر ایونسٹن کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی سے گریجوایشن کی۔ ایک سمسٹر کی تعلیم انہوں نے میڈرڈ میں حاصل کی اور بیونس آئرس میں امریکی سفارت خانے میں انٹرن شپ [تربیتی کام] کی۔ ٹیلیویژن اور فلم سے پیشہ وارانہ وابستگی کی بناپر وہ پوری دنیا میں جانی جاتی ہیں۔
شہزادی، مہارانی (ڈچس) یا دونوں؟
جیسا کہ مارکل ان دنوں کل وقتی شاہی فرائض ادا کرنے کی تیاری کر رہی ہیں تو اس بات پر کافی چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کہ وہ کون سا خطاب استعمال کریں گی۔
اگر روایات کو مد نظر رکھا جائے تو یہ بات یقینی ہے کہ ملکہ برطانیہ اپنے نو بیاہتا پوتے کو ایک نئے علاقے کی نوابی عطا کریں گی۔ شاہی خاندان پر نظر رکھنے والوں کو امید ہے کہ 33 سالہ ہیری کو ‘ڈیوک آف سسکس’ کے خطاب سے نوازا جائے گا۔ اسی نسبت سے مارکل شہزادی بننے کے ساتھ ساتھ ‘ڈچز آف سسکس’ (سسکس کی مہارانی) بھی بن جائیں گی۔ پروٹوکول کی وجہ سے شائد وہ یہی خطاب استعمال کریں گی۔
ایک بات تو یقنی ہے: جب وہ سینٹ جارجز کے گرجا گھر سے باہر نکلیں گے تو شہزادہ ہیری اور ان کی دلہن برطانوی شاہی خاندان کی جدیدیت کی صورت گری کر رہے ہوں گے۔ ایک طلاق شدہ امریکی اداکارہ کی ایک برطانوی شہزادے کے ساتھ شادی شاید ایک غیرمتوقع بات ہے۔ لیکن اکیسویں صدی میں یہ محبت کی ایک ایسی کہانی ہے جس کا جشن ہر کوئی منا سکتا ہے۔