اولمپکس میں جانے والی امریکی اولمپک ٹیم میں مسلسل دوسری بار، خواتین اتھلیٹس کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے: یعنی 292 عورتیں ہیں اور 262 مرد۔
بلکہ حقیقت یہ ہے کہ 2016 کے اولمپک کھیلوں کے لیے امریکی ٹیم میں خواتین کھلاڑیوں کی تعداد، ان کھیلوں میں شرکت کرنے والے ہر ملک کی ٹیم میں شامل خواتین کھلاڑیوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔
چوٹی کی امریکی خواتین ایتھلیٹوں کی روایت کی جڑیں امریکہ میں شہری حقوق کی اس تاریخی قانون سازی میں پیوست ہیں، جس نے خواتین کو کھیلوں کے میدان میں یکساں مواقع فراہم کیے۔ 1972 میں کانگریس نے ٹائٹل IX کے نام سے ایک قانون منظور کیا۔ اس قانون کے تحت وفاقی حکومت سے فنڈ حاصل کرنے والے تمام سکولوں کے لیے ضروری قرار پایا کہ وہ لڑکوں اور لڑکیوں، دونوں کو کھیلوں میں شرکت کے لیے برابر کے مواقع، کوچ، سہولتیں اور دیگر وسائل فراہم کریں۔
اس قانون نے کھیلوں کے میدان میں عورتوں کے لیے ایک انقلاب برپا کردیا ہے۔ ٹائٹل IX کی منظوری کے وقت، امریکہ کے ثانوی سکولوں میں 27 میں سے ایک لڑکی کھیلوں میں شرکت کرتی تھی۔ آج، ہر تین میں سے ایک لڑکی کھیلوں کی کسی نہ کسی ٹیم میں شامل ہوتی ہے۔
Introducing your 2016 #TeamUSA athletes! 🇺🇸https://t.co/truS05E1oA pic.twitter.com/EcV3fiBdrt
— Team USA (@TeamUSA) August 5, 2016
کھیلوں میں عورتوں کی شرکت کی حمایت کا ایک اور نتیجہ نکلا ہے۔ امریکی عورتیں کھیلوں کے میدان میں مردوں پر سبقت لیتی جا رہی ہیں۔ 2012 کے لندن اولمپکس میں، مردوں کے 17 طلائی تمغوں کے مقابلے میں، امریکی خواتین ایتھلیٹوں نے 29 طلائی تمغے جیتے۔ اسی طرح عورتوں کے مجموعی تمغوں کی تعداد 58 اور مردوں کی 45 تھی۔
امریکہ کی خواتین کی فٹبال ٹیم میں کامیابی کی ایک لہر اٹھی ہوئی ہے۔ یہ ٹیم مسلسل تین بار اولمپکس میں طلائی تمغے جیت چکی ہے اور اب ریو میں بھی اپنے اس کارنامے کو دہرانے پر تلی بیٹھی ہے۔ مِڈ فیلڈر کارلی لائڈ نے، جو دو بار طلائی تمغے جیت چکی ہیں اور جنھوں نے 2016 کے کھیلوں میں امریکی ٹیم کا پہلا گول کیا، بتایا کہ ان کے اولمپک کیریئر کا آغاز سکول کے زمانے میں ہوا۔
ان کا کہنا ہے، “اگر ٹائٹل IX نہ ہوتا تو میں یہاں نہ کھیل رہی ہوتی۔”
ریو میں جو دوسری امریکی عورتیں کھیل رہی ہیں ان میں سے چند ایک یہ ہیں:
- تیراک کیٹی لیڈیکی: یہ اولمپک میں طلائی تمغہ جیت چکی ہیں، اور نو بار عالمی چیمپیئن رہ چکی ہیں۔
- جمناسٹک کی کھلاڑی سائمون بائلز: ان کے بارے میں امید ہے کہ وہ اپنے پہلے اولمپکس میں امریکہ کی عورتوں کی جمناسٹک ٹیم کے ساتھ تمغہ وصول کرنے کے لیے وکٹری سٹینڈ پرکھڑی ہوں گی۔ جیت کے حوالے سے امریکی ٹیم ایک پسندیدہ ٹیم ہے۔
- باسکٹ بال فارورڈ ٹامیکا کیچنگز: یہ اپنے آخری اولمپکس میں حصہ لے رہی ہیں اور چوتھے طلائی تمغے کے لیے کوشاں ہیں۔
دنیا بھر میں، ایسی عورتوں کی تعداد روز افزوں ہے جو کھیلوں میں اور کھیلوں سے متعلق شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔ کیا آپ جہاں رہتے ہیں وہاں آپ نے کھیلوں تک رسائی میں تبدیلیاں دیکھی ہیں؟
5 سے 21 اگست تک امریکی ٹیم کی سرگرمیاں دیکھنے کے لیے #USinRio ملاحظہ فرمائیے۔