امریکہ کے کاروباروں کی مجموعی تعداد کی 40 فیصد کی مالکان عورتیں ہیں اور ان سے انہیں ہر سال 1.8 کھرب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔
خواتین کاروباروں کی مالکان عورتوں کی ایسوسی ایشن کے مطابق 12.3 ملین کاروبار ایسے ہیں جن کی مالکان عورتیں ہیں۔
پورے امریکہ میں کم و بیش ہر ایک صنعت میں عورتیں کاروبار شروع کرتی ہیں، اُن کی مالکان ہیں اور اور انہیں چلاتی ہیں۔ یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے شیئر امیریکا نے چھ کاروباری نظامت کار عورتوں کو اُن کاروباری فلسفوں کو بیان کرنے کی دعوت دی جو اُن کے کاروباروں کے پھلنے پھولنے میں مددگار ثابت ہوئے۔
سارہ پیجی یو نیویارک سٹی میں قائم ‘بلیو لینڈ’ کمپنی کی شریک بانی ہیں۔ اُن کی کمپنی غیرضروری پیکینگ کے بغیر گھریلو صفائی کی مصنوعات اور ہاتھ دھونے والا صابن بناتی ہے۔ کوڑے کرکٹ پھینکنے کی جگہوں یا سمندروں میں بہہ کر چلی جانی والی پلاسٹک کی بوتلوں کی بجائے، بلیو لینڈ کی مصنوعات پانی میں حل ہونے والی گولیوں کی شکل میں آتی ہیں۔ اِن کے ساتھ سلیکون کی ایک بوتل آتی ہے جسے پانی میں حل ہونے والی گولیوں کو ڈال کر لمبے عرصے تک بار بار استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پیجی یو کا کہنا ہے، “ہمارا مقصد …ایک مرتبہ استعمال کی جانے والی پلاسٹک کی بوتلوں کو ختم کرکے ماحول کو [بہتر بنانے] میں مدد کرنا ہے، کیونکہ کسی کو صاف گھر کے بدلے میں صاف کرہ ارض کی قربانی نہیں دینا چاہیے۔” انہوں نے کہا کہ اس مشن سے اُن جدت طرازیوں کو تحریک ملتی ہے جو گاہکوں کو ایسی مصنوعات فراہم کرتی ہیں جو قابل استطاعت، موثر، اور آرام دہ ہوتی ہیں۔

ایمان ابوزید ڈاکٹر ہیں اور انہیں صحت سے متعلق ٹیکنالوجی کی نئی کمپنیوں کا تجربہ حاصل ہے۔ امریکی ہسپتالوں کو نرسوں سے رابطہ کروانے اور بھرتی کے عمل میں تیزی لانے میں مدد کرنے کے لیے انہوں نے ‘انکریڈیبل ہیلتھ’ کے نام سے سان فرانسسکو میں اپنی کمپنی قائم کی۔ ہسپتالوں کو اُن نرسوں سے ملوانے کے لیے جن کی انہیں ضرورت ہوتی ہے، ابوزید کی کمپنی کا انحصار جدید ترین خودکار نظام، ڈیٹا اور بھرتی کی ٹیکنالوجی پر ہوتا ہے۔
ابوزید کہتی ہیں، “صحت کے شعبے کے آجروں کو، انکریڈیبل ہیلتھ 20 یا اس سے بھی کم دنوں میں مستقل بنیادوں پر نرسوں کو بھرتی کرنے کے قابل بنا کر، امریکہ میں نرسوں کی قلت سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ آجروں کے (بھرتی پر آنے والے) اخراجات کو بھی کم کیا گیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت کے تحت لازمی عملے کی بھی مدد کی جاتی ہے جس کے نتیجے میں مریضوں کے حوالے سے بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔
کیلی ولسن نے ‘ویئو گوٹچا کورڈ’ کے نام سے ریاست مزوری کے شہر کنسس سٹی میں ایک کاروبار شروع کیا۔ اس میں پورے ملک کے لیے آرڈر پر کھڑکیوں کا آرائشی سامان اور اندرون خانہ آرائش کے منصوبوں کے لیے صوفہ سازی کا سامان تیار کیا جاتا ہے۔ اکیلی ماں کی حیثیت سے ولسن کی اپنی جدوجہد کی وجہ سے اُن کی کمپنی سہولتوں سے محروم عورتوں کو تربیت دیتی ہے، انہیں ملازمتیں دیتی ہے اور اُن کی سرپرستی کرتی ہے۔ اس سلسلے میں اُن کی کمپنی کنسس سٹی کے “100 ماؤں کے لیے 100 ملازمتیں” نامی پروگرام کے ساتھ شراکت کاری بھی کرتی ہے۔

ولسن کہتی ہیں، “اگر دروازہ کھلا ہے تو اس سے گزر جائیں۔ اُن مواقع کے لیے آنکھیں کھلی رکھیں جنہیں آپ نے پہلے نہیں دیکھا۔”

شیرل گلی ہین ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ کی ایک خیراتی کارپوریشن، “کے یوئل لیبز” کی چیف ایگزیکٹو ہیں۔ یہ کارپوریشن سہولتوں سے محروم کمیونٹیوں کے لیے ویب اور موبائل ٹیکنالجیاں تیار کرنے کی خاطر سماجی بھلائی کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ کے یوئل لیب کا نعرہ “ہمارا مشن آپ کے (مشن) کو تیزی سے آگے بڑہانا” ہے۔ یہ کارپوریشن ڈیجیٹل حکمت عملی، ورکشاپوں اور سافٹ ویئر انجنیئرنگ میں کمپنیوں کو معلومات فراہم کرتی ہے۔ ان سب کاموں کا مقصد غربت میں کمی لانا اور دیگر مسائل حل کرنا ہے۔
گیلی ہین کہتی ہیں کہ کسی کاروبار کے حجم یا شعبے سے قطع نظر، ہر ایک کاروبار کا مقامی اقتصادی ترقی پر بہت زیادہ اثر پڑتا ہے۔ اُن کا مزید کہنا ہے کہ کاروباری لیڈروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسا کام کریں جو درست ہو۔ “اس نتیجے کے لیے کوشش کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔”
جینیفر ہائیمن (جینیفر فلائیش کے ہمراہ) نیویارک سٹی کی “رینٹ دا رن وے” نامی کمپنی کی شریک بانی ہیں۔ چندے کی بنیاد پر رکنیت دینے والی یہ ایک فیشن سروس ہے جو ڈیزائنر ملبوسات اور اِن سے متعلقہ اشیا کرائے پر دیتی ہے۔ اس کمپنی کی رکنیت سے گاہک زیادہ پیسے خرچ کیے بغیر ڈیزائنر ملبوسات کی بڑی تعداد میں سے انتخابات کرسکتے ہیں۔

ہائیمن کہتی ہیں، “جب آپ کا کاروبار پھیلتا ہے تو جن مسائل کو آپ کو حل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے وہ بڑے اور پیچیدہ ہوتے ہیں۔ مگر مشکلات کو اپنے خوابوں کی تلاش کو روک دینے کی وجہ نہیں بننے دینا چاہیے۔ بلکہ یہ آگے بڑھتے رہنے کی ایک وجہ ہونی چاہیے۔”
فلپائن سے تعلق رکھنے والی، روبی گوتھیئر ریاست وسکونسن کے نارتھ وڈ کے علاقے میں اپنے شوہر کے ہمراہ، ویب کی تیاری کا “سائٹ کاسٹ” نامی ایک پلیٹ فارم چلاتی ہیں۔ سائٹ کاسٹ کاروباروں کی ویب پر موجودگی میں بنیادی تبدیلیاں لاتا ہے۔

گوتھیئر کہتی ہیں کہ جدید ترین طریقوں سے مقامی تنظیموں کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد کرکے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ وہ کیا مشورہ دیتی ہیں؟ دیکھیے: “ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں اور سیکھنا کبھی بند نہ کریں۔”