ایوانکا ٹرمپ کا وارسا میں واقع ہولوکاسٹ یادگار کا دورہ

وارسا میں گیٹو ہیروز کی یادگار۔ (© Maciej Gillert/Gallo Images Poland/Getty)

صدر کے ہمراہ پولینڈ کے اپنے دورے کے دوران، وائٹ ہاؤس کی مشیرِ اعلٰی، ایوانکا ٹرمپ نے ہولوکاسٹ کا شکار ہونے والوں اور پولینڈ کی یہودی کمیونٹی کی یادوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پولینڈ کے چیف ربی، مائیکل شوڈرچ کے ہمراہ، ایوانکا ٹرمپ نے 6 جولائی کو گیٹو کے ہیروز کی یادگار پر چادر چڑھائی۔ یہ یادگار 1943 کی اُس وارسا گیٹو بغاوت کی یاد میں بنائی گئی ہے جس میں وارسا کی باقیماندہ یہودی آبادی نے نازیوں کے خلاف جدوجہد کی۔ گو کہ یہ بغاوت ناکام ہوئی مگر آج بھی اسے ظلم کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کی ایک علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

ایوانکا ٹرمپ نے کہا، ” تمام مشکلات کے خلاف استقامت سے لڑنے والوں کو شکرگزاری کے ساتھ، ذاتی طور پر خراج تحسین پیش کرنا اور یاد کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات تھی۔ وارسا گیٹو کے ملبے پر تعمیر کی جانے والی یادگار، آزادی کی خاطر جنگ کی ایک علامت ہے۔ میں اُن کی تہہ دِل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے جنگ لڑی اور اُن سب کی جو آج بھی یہ جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔”

ایوانکا نے پولِن [POLIN] میوزیم کا دورہ بھی کیا۔ اس میوزیم میں پولش یہودیوں کی 1,000 سالہ تاریخ کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ اِس میوزیم کا مشن “پولش یہودیوں کی یاد کو تازہ اور تاریخ کو محفوظ کرنا ہے تا کہ پولش عوام اور یہودیوں کے ساتھ ساتھ  یورپ اور دنیا کے معاشروں کے مابین باہمی مفاہمت اور احترام کو فروغ دیا جا سکے۔”

ایوانکا ٹرمپ، صدر کے دوسرے بین الاقوامی دورے پر، اُن کے ہمراہ گئی ہیں۔ صدر نے 7 اور 8 جولائی کو ہمبرگ، جرمنی میں دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کے اجلاس سے قبل، پولینڈ کا دورہ کیا۔

پولش عوام سے اپنے 6 جولائی کے خطاب کے دوران صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے “یورپ کی سب سے بڑی متحرک یہودی آبادی کو خراج تحسین پیش کیا [جسے] نازیوں نے اپنے ہولناک قبضے کے دوران، بے شمار دیگر لوگوں سمیت، پولینڈ کے لاکھوں یہودی شہریوں کو ایک نظام کے تحت قتل کر کے تقریباً ختم کر ڈالا تھا۔”

صدر ٹرمپ نے کہا، “ہم آپ کی شاندار کامیابیوں کو سلام کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہم پولینڈ کے لیے اور آزادی کے لیے آپ کی جنگ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔”