ایمیزون، فیس بک، گوگل، مائیکروسافٹ اور ٹیکنا لوجی کی دیگر کمپنیوں کے سربراہوں نے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم کے لیے 30 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
ایوانکا ٹرمپ نے جب حال ہی میں ڈیٹرائٹ میں اس رقم کا اعلان کیا تو اس صنعت کے لیڈر بھی اُن کے ساتھ شامل تھے۔ وائٹ ہاؤس کی اعلٰی مشیر ٹرمپ، ٹیکنالوجی کی بہت بڑی حامی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں نیویارک پوسٹ میں اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ مخففاً سٹیم کہلانے والے سائنس، ٹکنالوجی، انجنیئرنگ اور ریاضی کے مضامین میں تعلیم، کسی بھی طالب علم کی ابتدائی تعلیم میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔”
وہ لکھتی ہیں، “اس کا تعلق محض کمپیوٹر کا استعمال سیکھنے سے نہیں ہوتا بلکہ اس کا تعلق مسائل حل کرنے کی صلاحیت سے ہوتا ہے جو اس کا لازمی حصہ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ 2017ء میں، کم و بیش ہر ایک صنعت ‘ ٹکنالوجی کی صنعت بن چکی ہے۔'”
30کروڑ ڈالر کی رقم، ڈیٹرائٹ میں 15,000 طلبا کی نئی کلاسوں جیسے کمپویٹر سائنس کے پروگراموں پر خرچ کی جائے گی۔ 26 ستمبر کی اس تقریب میں لاک ہیڈ مارٹِن کی چیف ایگزیکٹو، میرلِن ہیوسن نے کہا کہ انسانوں کا مریخ پر پہنچنے کا واحد راستہ کمپیوٹر سائنسدانوں کی ذہانتوں سے ہوکر گزرتا ہے۔
ٹرمپ اور دیگر بہت سے ٹکنالوجی کے لیڈروں نے اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ تنوع پر زور دیا۔
بیشتر ممالک کی یونیورسٹیوں میں لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکے زیادہ تعداد میں سٹیم میں اعلٰی تعلیمی ڈگریاں حاصل کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا 1990ء کے بعد امریکہ میں ٹکنالوجی کی تعلیم میں لڑکیوں کی تعداد 35 فیصد سے کم ہو کر 22 فیصد پر آ گئی ہے۔
How This Woman Is Changing the Tech Talent Pipeline By Empowering Girls of Color https://t.co/SVO16Hi7dF via @hireonlinkedin
— BlackGirlsCode.Com (@BlackGirlsCode) October 9, 2017
اس مسئلے کی ایک جزوی وجہ کا تعلق استعداد سے ہے۔ ٹرمپ نے کہا، “آدھے سے کم امریکی سکولوں میں کمپیوٹر سائنس کا صرف ایک کورس پڑھایا جاتا ہے۔ ہمیں مل کر بیٹھنے اور اس [مسئلے کو] حل کرنے کی ضرورت ہے۔”
حکومتیں اور ماہرینِ تعلیم ہر جگہ پر اس صنفی فرق کو مٹانے پر کام کر رہے ہیں۔ امریکہ میں ‘بلیک گرلز کوڈ’ جیسی تنظیموں نے ہزاروں سیاہ فام، لاطینی اور آبائی امریکی عورتوں کو تربیت دی ہے اور اُن کی مدد کی ہے جس سے اِن عورتوں کو ٹکنالوجی کی صنعت میں پاؤں جمانے کا موقع ملا ہے۔

نجی ٹکنالوجی کمپنیوں کی طرف سے 30 کروڑ ڈالر دینے کا وعدہ حکومت کی طرف سے حال ہی میں کوڈنگ کی تعلیم پھیلانے کے پروگرام کی تکمیل میں مدد دے گا۔ 25 ستمبر کو ایک صدارتی حکمنامے کے ذریعے نوجوان عورتوں اور اقلیتی طالبعلموں کی سٹیم کی تعلیم تک رسائی بڑھانے کی خاطر، 20 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں اور ایسا ہر سال کیا جائے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ کے اراکین ہر جگہ پر نوجوان لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ سٹیم مضامین کی تعلیم حاصل کریں جو کہ ترقی اور اقتصادی نمو کا ایک ذریعہ ہے۔