
واشنگٹن آنے والے مہمان اپنے حلقے کے کانگریس کے رکن یا اپنے سفارت خانے کی مدد سے وائٹ ہاؤس کی سیر کرسکتے ہیں۔
لیکن اگر آپ واشنگٹن نہیں آسکتے تب بھی آپ انٹرنیٹ پر ویسٹ ونگ کی ورچُوئل سیرکر سکتے ہیں۔ مشہورو معروف اووَل آفس کی سیر کے لیے یہ وڈیو دیکھیے اور صدر کے ’’45 سیکنڈ کے سفر‘‘ اور دوسرے دلچسپ حقائق کے متعلق جانیے۔
آپ کی سیر کی رہنمائی امریکہ کی سرکاری ریسیپشنسٹ لیآ کاٹزہرنینڈیز کرتی ہیں۔ وہ وائٹ ہاؤس کے مہمانوں کی کتاب اور ویسٹ ونگ میں اجلاسوں کے اصل مقام، روزویلٹ روم کی نگران بھی ہیں۔
کاٹزہرنینڈیز چونکہ بہری ہیں اس لیے وہ یہ سیر اشاروں کی زبان میں کراتی ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ سیر کا احوال مترجم کی زبانی پیش کیا جاتا ہے۔ ان کی رہنمائی میں کرائی جانے والی سیرمیں یہ حقیقت اجاگر کی جاتی ہے کہ صدر فرینکلن روز ویلٹ نے بھی، جن کا دورِ صدارت طویل ترین تھا، اپنی زندگی ایک معذوری کے ساتھ گزاری۔ انہوں نے تاریخی کساد بازاری پر قابو پانے اور دوسری عالمی جنگ کے بیشتر عرصے کے دوران ملک کی قیادت کی۔