امریکہ میں اگر آپ نے کالج کی تعلیم مکمل کر لی ہے تو جتنا ممکن ہو زیادہ سے زیادہ انٹرن شپس کریں اور اپنے افسروں اور رفقائے کار پر اچھا تاثر چھوڑنے کو یقینی بنائیں۔
ایکواڈور کے شہر گوایا کیل میں ”ایجوکیشن یوایس اے” کے لیے تعلیمی مشیر بیلن روبلز کا کہنا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کے ذریعے آپ کو مستقبل میں نوکری کی مل سکتی ہیں۔
26 سالہ روبلز کو بخوبی احساس ہے کہ وہ کیا بات کر رہی ہیں۔
9 مئی 2015 کو انہوں نے امریکی ریاست انڈیانا میں یونیورسٹی آف ایونزول سے بزنس اور معاشیات میں گریجوایشن مکمل کی۔ ان کا دوسرا مضمون سیاسیات تھا۔ دو روز بعد وہ گوایا کیل میں ”ایجوکیشن یو ایس اے” مرکز میں تعلیمی مشیر بن گئیں جہاں وہ طلبہ کی امریکہ میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے میں رہنمائی کرتی ہیں۔
روبلز کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس لیے امریکی یونیورسٹی کا انتخاب کیا کہ وہ ایسی اچھی تعلیم کی خواہاں تھیں جس سے انہیں ایکواڈور میں اپنے لوگوں کے لیے کام کرنے میں مدد مل سکے ۔
ان کا کہنا ہے، ”اس وقت میں ایکواڈور کی صدر بننا چاہتی تھی۔ چنانچہ میری خواہش تھی کہ مجھے اس مقصد کے لیے پوری طرح تیار ہونا چاہیے کیونکہ میں سمجھتی تھی کہ سیاست ہی تبدیلی کا راستہ ہے۔” اب کیرونڈیلیٹ محل تک پہنچنا ان کا مقصد نہیں رہا مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ دوسروں کی مدد کرنے کا عزم بھی کھو بیٹھی ہیں۔

روبلز نے یونیورسٹی آف ایونزویل میں بہت اچھا اور پرلطف وقت گزارا۔ وہاں ان کی ملاقات افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی امریکہ کے دیگر حصوں سے آئے طلبہ سے ہوئی۔ وہ کہتی ہیں یہ سکول چھوڑے بغیر دنیا کے سفر جیسا تجربہ تھا۔
یونیورسٹی آف ایونزویل میں داخلے سے پہلے روبلز امریکہ میں ایک سرکاری ہائی سکول اور ایک یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا۔ یوں انہیں وہاں کے تعلیمی نظام سے کسی حد تک شناسائی تھی۔ اب ان کے پاس مزید تجربہ اور مہارت ہے اور وہ اب یہ مشورے امریکہ میں تعلیم کے متلاشی طلبہ کو دیتی ہیں۔
1۔ اس حقیقت سے فائدہ اٹھائیں کہ امریکی یونیورسٹیاں آپ کو اپنے بنیادی مضمون کے علاوہ دیگر کورسز لینے کا اختیار دیتی ہیں۔ اس طرح آپ کا تعلیمی پس منظر وسیع ہو جاتا ہے جس سے آپ کو اپنے بنیادی مضمون کے مطابق شعبہ اختیار کرنے سے پہلے بہت سے تعلیمی شعبہ جات میں قسمت آزمانے کا موقع ملتا ہے۔ ”آپ مختلف شعبہ جات میں کام کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ واقعتاً اپنے شوق کی تکمیل کر سکتے ہیں۔”
2۔ اپنے اساتذہ سے میل جول پیدا کریں۔ اگر آپ کے خراب گریڈ آ رہے ہیں یا اگر آپ کلاس میں اچھی کارکردگی نہ دکھا پائیں تو استاد غالباً آپ کو بتا سکتا ہے کہ آپ کسی نجی مسئلے میں پھنسے ہیں مثال کے طور پر، یہ گھر سے دوری پر طاری ہونے والی افسردگی بھی ہو سکتی ہے۔ اس طرح وہ آپ کو سزا دیے بغیرضرورت کے مطابق مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ ”وہ جانتے ہیں کہ آپ ایک اچھے طالبعلم ہیں اور اس وقت آپ ایک مخصوص کیفیت سے گزر رہے ہیں۔”
3۔ صحت مند رہیے۔ جسمانی کھیلوں میں حصہ لیں، ورزش گاہ میں جائیں یا جسمانی صحت کی کلاس میں شرکت کریں۔ خاص بات یہ کہ کھانے کے کمرے میں دکھائی دینے والی ہر شے کھانے کی اپنی خواہش پر قابو پائیں۔ روبلز کہتی ہیں کہ ”اگر آپ اچھا نہیں کھائیں گے تو اس سے آپ کی صحت پر منفی اثر پڑے گا اور آپ خاطرخواہ حاضر دماغی سے تعلیم حاصل نہیں کر پائیں گے۔”
امریکہ میں تعلیم کے خواہش مند طلبہ ”ایجوکیشن یوایس اے” سہولتوں کے بارے میں مواد حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ مضمون فری لانس لکھاری لینور ٹی ایڈکنز نے تحریر کیا۔